لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللّٰہ میں جھڑپیں تیز ہوگئیں، مزاحمتی تنظیم کے حملے میں 1 اور اسرائیلی فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ کے اینٹی ٹینک میزائل حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت 21 سالہ سارجنٹ سے ہوئی ہے، جو 7ویں آرمرڈ بریگیڈ کی 77ویں بٹالین سے تعلق رکھتا تھا اور مقبوضہ بیت المقدس کا رہائشی تھا۔ یہ ایک ہی دن میں اسرائیلی فوج کا دوسرا جانی نقصان ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللّٰہ کے مزاحمت کاروں نے جنوبی لبنان میں دریائے لیطانی کے شمالی علاقے سے ایک اسرائیلی ٹینک کو نشانہ بنایا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دو میزائل فائر کیے گئے، جن میں سے ایک کو ٹینک کے جدید دفاعی نظام نے روک لیا، تاہم دوسرا میزائل ہدف پر لگا جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور دیگر زخمی ہو گئے۔
خیال رہے کہ جنوبی لبنان میں واقع دریائے لیطانی سے متعلق اسرائیل نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اس لبنانی سرحدی علاقے پر قبضہ کر کے اسے سیکیورٹی زون میں تبدیل کر دے گا۔ نیز اس علاقے سے جنگ کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور کیے گئے لبنانیوں کو واپس بھی نہیں آنے دیا جائے گا۔
دریائے لیطانی سے جڑی یہ30 کلو میٹر کی ایک پٹی ہے، ادھر اسرائیلی فوج اور حزب اللّٰہ میں شدید لڑائی جاری ہے۔