شادی کی تقریبات سے پہلے تیزی سے وزن کم کرنے کے لیے وزن گھٹانے والے انجیکشنز کا استعمال دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے تاہم ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ یہ ادویات صرف طبی ضرورت رکھنے والے افراد کے لیے ہیں خوبصورتی یا عارضی مقصد کے استعمال کے لیے نہیں۔
طبی رپورٹس کے مطابق دلہن اور دلہے بننے والے افراد بڑی تعداد میں سیماگلوٹائڈ اور ٹیرزیپاٹائڈ جیسے انجیکشنز کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں، یہ ادویات عام طور پر ٹائپ 2 ذیابیطس اور موٹاپے کے علاج کے لیے تجویز کی جاتی ہیں۔
مارکیٹ میں سیماگلوٹائڈ کو اوزیمپک اور ویگووی جبکہ ٹیرزیپاٹائڈ کو مونجارو اور زیپ باؤنڈ کے نام سے فروخت کیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ادویات جسم میں موجود ہارمون جی ایل پی 1 کی نقل کرتی ہیں جو بلڈ شوگر، بھوک اور نظامِ ہاضمہ کو کنٹرول کرتا ہے۔
اس عمل سے انسولین کی مقدار بڑھتی ہے، بھوک کم ہوتی ہے اور معدہ آہستہ خالی ہوتا ہے جس سے وزن میں کمی آتی ہے۔
ڈاکٹروں کی تشویش
ڈاکٹروں کے مطابق حالیہ مہینوں میں موٹاپے کے انجیکشنز سے متعلق تقریباً 20 فیصد سوالات شادی کرنے والی خواتین کی جانب سے آئے جو جلد وزن کم کرنے کی خواہش رکھتی ہیں، معالجین نے واضح کیا ہے کہ دوا صرف طبی طور پر اہل مریضوں کو ہی دی جاتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ادویات مؤثر ضرور ہیں مگر صرف خوبصورتی یا شادی کے لیے استعمال کرنا مناسب نہیں۔
ادویات کے قلیل مدتی نقصانات
ماہرین کے مطابق مونجارو اور اوزیمپک کے استعمال سے ابتدائی ہفتوں میں متلی، قے، اسہال، قبض، تھکن اور بھوک میں شدید کمی عام علامات ہیں۔
کاسمیٹک اثرات میں چہرے کی جِلد کا لٹک جانا، جسے عام طور پر ’اوزیمپک فیس‘ کہا جاتا ہے، اور عارضی بالوں کا جھڑنا بھی شامل ہے۔
بعض کیسز میں لبلبے کی سوزش، پتھری اور شدید معدے کے مسائل جیسے خطرات بھی سامنے آسکتے ہیں۔
طویل مدتی اثرات
ماہرین کا کہنا ہے کہ دوا چھوڑنے کے بعد وزن دوبارہ بڑھنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، اس لیے اسے عارضی حل نہیں سمجھا جا سکتا، تیزی سے وزن کم ہونے سے پٹھوں اور ہڈیوں کی مضبوطی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
چونکہ یہ ادویات معدے کی حرکت کو سست کرتی ہیں، اس لیے بعض افراد میں دیرپا ہاضمے کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ان ادویات کے طویل مدتی اثرات پر ابھی مزید تحقیق جاری ہے۔
طبی ماہرین کی جانب سے مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے متوازن غذا، ورزش، مناسب نیند اور طبی نگرانی میں بنائی گئی منصوبہ بندی زیادہ محفوظ اور دیرپا طریقہ ہے، خاص طور پر شادی جیسے مواقع کے لیے فوری حل تلاش کرنا صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔