فرانس میں تعینات سفیرِ پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی پُرخلوص کوشش نتیجہ خیز اور قیامِ امن میں سنگِ میل ثابت ہو گی۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے فرانسیسی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکا ایران جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کے مثبت کردار اور سفارتی کوششوں پر بات کی ہے۔
سفیرِ پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عسکری قیادت شروع سے سفارتی کوششیں کر رہے تھے جس کا نتیجہ جنگ بندی اور مذاکرات کے اعلان کے ساتھ ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ سفارت کاری اور مکالمے کی فتح ہے، پاکستان نے ہمیشہ مثبت سفارت کاری اور بات چیت کو اولین ترجیح دی ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ امریکا ایران جنگ روکنے میں سفارت کاری کو کامیاب بنانے کے اس عمل میں ترکیہ، مصر، چین، قطر اور سعودی عرب کے شکر گزار ہیں جن کی مشترکہ کاوشوں سے عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی اور دنیا نے سکھ کا سانس لیا۔
سفیرِ پاکستان نے اس توقع کا اظہار کیا کہ مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان سمیت دیگر ممالک بھر پور کرادار ادا کریں گے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی سے خطے میں امن اور استحکام قائم ہو گا اور دنیا بھر میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔