ایک نئی طبی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روزانہ تھوڑی مقدار میں کچا لہسن استعمال کرنے سے دل مضبوط، نظامِ ہاضمہ بہتر اور جسم مختلف بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ کچے لہسن میں موجود سلفر کا مرکب ایلیسن اس کے زیادہ تر طبی فوائد کا ذمے دار ہے جو پکانے سے ختم ہو جاتا ہے۔
کچا لہسن بلڈ پریشر کم کرنے، کولیسٹرول متوازن رکھنے اور شریانوں کو لچکدار بنانے میں مدد دیتا ہے، جس سے دل کے امراض اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
لہسن میں جراثیم کش (اینٹی بیکٹیریل) خصوصیات پائی جاتی ہیں جو بیکٹیریاز، وائرسز اور فنگس کے خلاف جسم کی قوتِ مدافعت کو بڑھاتی ہیں۔
یہ آنتوں کے مفید بیکٹیریاز کو بڑھاتا ہے جس سے بدہضمی، گیس اور قبض جیسے مسائل میں کمی آتی ہے۔
لہسن میں موجود قدرتی اجزاء خلیات کو مضرِ صحت مادوں سے پہنچنے والے نقصان سے بچاتے ہیں، سوزش کم کرتے ہیں اور بڑھاپے کے اثرات کو سست کرتے ہیں۔
لہسن جگر کو زہریلے مادوں کے اخراج میں مدد دیتا ہے اور خون کو صاف کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
لہسن انسولین کی کارکردگی بہتر بنا کر خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھتا ہے۔
لہسن خون کو پتلا کر کے اس کی روانی بہتر بناتا ہے اور لوتھڑے بننے کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق روزانہ ایک کچے لہسن کی کلی کا استعمال مجموعی صحت کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔