• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آوارہ کتوں نے ایک اور قیمتی جان لے لی، دندناتے کتوں سے شہریوں میں خوف و ہراس

کراچی (بابر علی اعوان) کراچی میں آوارہ کتوں نے ایک اور قیمتی جان لے لی، سائیٹ ٹاؤن کے علاقے ہارون آباد کے رہائشی 65سالہ بزرگ کتے کے کاٹنے کے باعث جناح اسپتال میں دم توڑ گئے، جس کے بعد صوبے بھر میں رواں سال ریبیز سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر نو ہو گئی ہے۔ شہر میں دندناتے آوارہ کتوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا رکھا ہے جبکہ حکومتی اقدامات نہ ہونے کے برابرہیں۔ جناح اسپتال کے شعبہ حادثات میں صبح کی شفٹ کے سربراہ ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق بزرگ شہری کو تقریباً چھ ماہ قبل آوارہ کتے نے کاٹا تھا، تاہم متاثرہ شخص کو اینٹی ریبیز ویکسین نہیں لگوائی گئی۔ گزشتہ ہفتے جب انہیں اسپتال لایا گیا تو اس وقت تک ریبیز کا مرض جسم میں پھیل چکا تھا اور ڈاکٹرز کی تمام تر کوششیں ناکام رہیں۔ واضح رہے کہ شہر سمیت صوبے بھر میں روزانہ درجنوں شہری کتوں کے کاٹنے کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد پہلے ہی متاثر ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔ اس کے باوجود آوارہ کتوں کے خاتمے اور ریبیز سے بچاؤ کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی تاحال سامنے نہیں آ سکی، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ میں ریبیز کے باعث آٹھ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں ملیر کے علاقے میمن گوٹھ کا 35 سالہ شخص، ضلع سانگھڑ کی 8 سالہ بچی، گلشنِ معمار کے 42 سالہ شہری، لیاری کے 75 سالہ بزرگ، میرپورخاص کے علاقے ڈگری کی 10 سالہ بچی اور گارڈن کے رہائشی 42 سالہ شخص شامل ہیں۔

اہم خبریں سے مزید