لاہور کے علاقے اچھرہ میں تین بچوں کی قاتل ان کی سگی ماں نکلی، پولیس نے چند گھنٹوں میں ہی ہولناک واردات کا سراغ لگا لیا، ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے اعتراف جرم کر لیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ خاوند شک کرتا تھا، سسرال سے جان چھڑانے کے لئے اپنے بچوں کا قتل کیا۔
لاہور کے انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹر میں پولیس افسران نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے بتایا کہ جائے واردات اور میاں بیوی کے بیانات میں تضاد نے تہرے قتل کی گتھی سلجھا دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ خاوند اس کے کردار پر شبہ اور بچوں کو شک کی نگاہ سے دیکھ کر طعنے دیتا تھا، بازار سے چاقو خریدا اور تینوں بچوں کو قتل کر دیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق تینوں بچوں کے قتل کے بعد خاتون گھر کو تالا لگا کر باہر گئی، واپس آئی تو تالا اسی طرح لگا تھا، خاتون کی پُراعتمادی نے تفتیش آسان کر دی، اس کے علاوہ جائے واردات پر بہت سی چیزیں خود بتا رہی تھیں کہ یہاں کیا ہوا۔
جمعرات کی دوپہر اچھرہ میں ایک گھر سے تین بچوں کی گلا کٹی لاشیں ملی تھیں، پولیس افسران کا کہنا تھا کہ جھنگ کی رہائشی ملزمہ ردا سے ابھی مزید تفتیش جاری ہے۔