معرکۂ حق کی فتح کو 1 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے جہاں پاک فوج کی جرأت اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس موقع پر واجد سعید اور رپٹور کی آواز میں خصوصی نغمہ ’ہم چھائے طوفانوں بجلیوں کی طرح‘ جاری کر دیا۔
اس نغمے میں افواجِ پاکستان کی خدمات اور قوم کے عزم و حوصلے کو اجاگر کیا گیا ہے۔
لاہور میں مزارِ اقبال پر پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں طلباء و طالبات نے حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر عقیدت کا اظہار کیا۔
تقریب میں راحت فتح علی خان اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلبہ نے کلامِ اقبال پیش کیا جبکہ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔
اس موقع پر قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات نمایاں رہے۔
کراچی میں مزارِ قائد پر بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہندو، مسیحی سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
شرکاء نے قومی پرچم تھام کر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔
اسی سلسلے میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ریلی نکالی گئی جس میں طلبہ اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور قومی جذبے کا بھرپور اظہار کیا گیا۔
تقریبات میں مجموعی طور پر معرکۂ حق کی کامیابی، قومی اتحاد اور افواجِ پاکستان کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔