کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ اور پولیس پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
بھینس کالونی میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کی۔
پولیس کے مطابق ویڈیو میں 1 شخص پستول سے ہوائی فائرنگ کرتا دکھائی دے رہا ہے، اطلاع ملنے پر 3 پولیس اہلکار ملزمان کی گرفتاری کے لیے موقع پر پہنچے اور فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول قبضے میں لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران 50 سے زائد افراد نے اہلکاروں کو گھیر کر تشدد کا نشانہ بنایا اور برآمد کیا گیا پستول واپس چھین لیا۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں پر حملے کی قیادت رانا ناصر نامی شخص نے کی جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
بعد ازاں پولیس نے بھینس کالونی میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے پولیس پر تشدد میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے، دولہا اور اس کا والد بھی فرار ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ اور اہلکاروں پر تشدد میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔