ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی اسپائیڈر مین سے دلچسپ ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
سونی پکچرز نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر فلم ’اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘ کی ایک پروموشنل ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس پروموشنل ویڈیو کا آغاز نیویارک کی ایک کافی شاپ سے ہوتا ہے جہاں اداکار ٹام ہالینڈ اپنے فون پر کسی سے بات کر رہے ہوتے ہیں کہ اچانک کافی شاپ میں لیونل میسی کو داخل ہوتے دیکھ کر دنگ رہ جاتے ہیں اور پھر جھٹ سے ان کے پاس جا کر حیرت سے پوچھتے ہیں کہ ’آپ میسی ہیں؟‘ اس سوال پر کیفے کا مالک جواب دیتا ہے کہ ’یہ میسی ہی ہیں اور آپ کو جانتے ہیں۔
کیفے کے مالک کا جواب سن کر ٹام ہالینڈ نے میسی سے ایک اور سوال پوچھا کہ آپ یہاں کیا کر رہے ہیں؟
لیونل میسی ٹام ہالینڈ کو اپنا فون دکھاتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں ٹریکنگ ایپ کے ذریعے اسپائیڈر مین کو تلاش کر رہا ہوں۔
یہ بات سن کر ٹام ہالینڈ نے میسی سے پُرجوش انداز میں کہا کہ’ آپ یہیں پر انتظار کریں، میں بس کچھ سیکنڈ میں آتا ہوں‘۔
اگلے ہی لمحے ٹام ہالینڈ اسپائیڈر مین کا روپ دھار کر آ جاتے ہیں اور لیونل میسی کو ساتھ لے کر نیویارک شہر کے اوپر فضاؤں میں اُڑنے لگتے ہیں۔
فلم کی یہ پروموشنل ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔