کراچی سے 155 میل مغرب میں اورماڑا کے قریب سمندر پر نجی کمپنی کا کارگو طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا ہے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے حادثے کی تصدیق کردی۔
لاپتہ طیارے نے شام 7 بج کر 12 منٹ پرپرواز کی تھی ، جس نے 9 بج کر 20 منٹ پر کراچی میں لینڈ کرنا تھا، ڈائریکٹر جنرل پی اے اے ایئریا کنٹرول سینٹر پہنچ گئے ہیں۔
طیارہ 34 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے لاپتہ ہوا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں 5 افراد سوار ہیں، جن میں پائلٹ، فرسٹ آفیسر، فلائٹ انجینئر اور 2 ایئر کرافٹ انجینئرز شامل ہیں۔
طیارے میں پائلٹ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود جتوئی، لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان، ایئرکرافٹ انجینیئر محمد حامد اور ایئرکرافٹ انجینیئر محمد عارف صدیقی سوار تھے۔
طیارہ ضروری مرمت کیلئے شارجہ گیا تھا، کارگو طیارہ KTA1732، بوئنگ 400-737، رجسٹریشن AP-BOI، شارجہ سے کراچی آرہا تھا۔
رات 9 بجکر 18 منٹ پر کراچی سے 150 میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن میں خرابی کی اطلاع دی اور رہنمائی کے لیے ہیڈنگ طلب کی، جس پر طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔
اسی دوران طیارہ دائیں جانب مڑتا اور تیزی سے بلندی کھوتا دیکھا گیا، طیارے کی گرنے کی شرح 15 ہزار فٹ تھی، طیارے سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔