شارجہ سے آیا پاکستان کا نجی کارگو طیارہ کراچی کے قریب لاپتا، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کے ٹو بوئنگ 737 اورماڑا کے قریب سمندر پر پرواز کے دوران لاپتا ہوا ،نجی کارگو طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔
طیارے کا رابطہ رات 9 بج کر 32 منٹ پر منقطع ہونےکی اطلاعات ہیں، طیارے کی تلاش اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
پاک فضائیہ کا ساب طیارہ اور پاک بحریہ کا اے ٹی آر طیارہ بھی سرچ آپریشن میں شریک ہے، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار متاثرہ علاقے کی جانب روانہ ہوگیا۔
پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے تجارتی جہاز لاہور کو بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاپتہ طیارہ فنی خرابی کے بعد مرمت کیلئے شارجہ گیا تھا، طیارہ پانچ دن شارجہ میں رہا اور یہ فیری فلائٹ ( خالی طیارہ ) کرتے ہوئے کراچی واپس آ رہا تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ شارجہ میں طیارے کی مرمت Northern techniques نامی کمپنی نے کی اور یہ کمپنی پاکستان کے ایک سابق مشیر ہوابازی کی بتائی جاتی ہے۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو طیارے سے دورانِ پرواز رابطہ منقطع ہوا، کارگو طیارے نے پرواز کے دوران نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی۔
پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی اے سی سی نے طیارے کو فوری رہنمائی فراہم کی، طیارہ اچانک تیزی سے نیچے آیا اور سمت بھی تبدیل کی۔
ترجمان پی اے اے نے بتایا کہ کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوا، طیارے سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ بیک وقت منقطع ہوا، واقعے کے بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر فوری طور پر فعال کردیا گیا۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق لاپتا کارگو طیارے کی تلاش کے لیے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے، مختلف ادارے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، نجی کارگو طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔