جنوبی وزیرستان میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں ایس آئی سمیت 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او ٹانک عبدالصمد خان کے مطابق جنوبی وزیرستان روڈ پر پولیس کی بکتر بند گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ ورانہ کے مقام پر دھماکا ہو گیا۔
دھماکے میں اے ایس آئی فرید اللّٰہ اور سپاہی اختر زمان موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ سپاہی عبدالمالک اور سپاہی قدرت اللّٰہ زخمی ہو گئے۔
شہداء کی میتیں اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ٹانک منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او کے مطابق واقعے کی تحقیقات اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔