امریکی ٹی وی رپورٹر نے لائیو نشریات کے دوران پیش آنے والے غیر متوقع واقعے میں غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی رپورٹنگ بلا تعطل جاری رکھی، جس پر ناظرین نے انہیں بھرپور داد دی۔
منگل کی شب جب لاس اینجلس کے مقامی ٹی وی چینل KTLA کی رپورٹر ریچل مینیٹوف لائیو رپورٹنگ کر رہی تھیں کہ اسی دوران ایک بڑا اڑنے والا کاکروچ ان کی گردن پر آ بیٹھا اور رینگنے لگا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاکروچ ان کی گردن پر حرکت کرتا رہا، تاہم رپورٹر نے بغیر کسی ردِعمل کے اپنی رپورٹ مکمل کی اور ظاہر کیا کہ انہیں اس کی موجودگی کا علم نہیں۔
اس واقعے کی ویڈیو بعد میں کے ٹی ایل اے نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی، جہاں ادارے نے رپورٹر کے پیشہ ورانہ رویے اور تحمل کی تعریف کی اور کہا کہ لائیو نشریات کے دوران اس غیر معمولی صورتِ حال میں ان کا پُرسکون رہنا ان کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔
ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور صارفین نے رپورٹر کے پُرسکون انداز کو سراہا ہے۔
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہوں نے آخر تک کوئی ردِعمل نہیں دیا، اگر میں ان کی جگہ ہوتا تو گھبرا جاتا، اگلی بار براہِ راست نشریات کی فکر نہ کریں، ناظرین ضرور آپ کی کیفیت کو سمجھیں گے۔
ایک اور صارف نے کہا کہ یہ میرے لیے ممکن ہی نہیں تھا، میں تو فوراً شور مچا دیتا، چاہے ملازمت ختم کر دیتے، مذاق اڑاتے یا میم بنا دیتے، مجھے کوئی پرواہ نہیں ہوتی۔