• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیٹ جی پی ٹی، جیمنائی، گروک اور کلاڈ نے دہشت گردی کے منصوبے تیار کر دیے

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

امریکا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے تیار کردہ مصنوعی ذہانت کے 4 معروف چیٹ بوٹس دہشت گردی سے متعلق حفاظتی آزمائش میں ناکام ہو گئے، جس کے بعد قومی سلامتی سے متعلق خدشات پیدا ہو گئے۔

امریکی حکومتی ادارے گورنمنٹ اکاؤنٹیبلٹی آفس (جی اے او) نے انکشاف کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی، جیمنائی، کلاڈ اور گروک نے خفیہ تفتیش کاروں کو قابلِ عمل دہشت گرد حملوں کے منصوبے بنا کر دے دیے۔

یہ خفیہ تفتیش رواں سال کے آغاز میں ڈیموکریٹ سینیٹر میگی ہیسن کی ہدایت پر کی گئی تھی۔

تحقیقات کے مطابق چاروں چیٹ بوٹس نے ابتداء میں اپنے حفاظتی نظام فعال کیے، تاہم تفتیش کار بالآخر ان حفاظتی رکاوٹوں کو عبور کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

2 چیٹ بوٹس نے بڑے پیمانے پر جانی نقصان پہنچانے والے ممکنہ حملوں سے متعلق معلومات فراہم کیں، جبکہ دیگر 2 نے امریکی بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے منصوبے تیار کیے۔

بعد ازاں ماہرین نے فراہم کردہ معلومات کے قابلِ عمل ہونے کی تصدیق بھی کی۔

چاروں پلیٹ فارمز کی مالک کمپنیوں کا مؤقف تھا کہ تحقیقات میں مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کے پرانے ورژن استعمال کیے گئے تھے اور اس کے بعد حفاظتی نظام میں نمایاں بہتری لائی جا چکی ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت نقصان پہنچانے کے خواہش مند افراد کے لیے درکار وقت میں نمایاں کمی لا سکتی ہے۔

سینیٹر میگی ہیسن نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت سے عوامی تحفظ کو لاحق خطرہ اب محض ایک نظریاتی خدشہ نہیں رہا۔

سینیٹر میگی ہیسن جنوری میں سینیٹ کی ہوم لینڈ سیکیورٹی اینڈ گورنمنٹل افیئرز کمیٹی کی سربراہ بننے والی ہیں، انہوں نے مصنوعی ذہانت سے متعلق سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے قانون سازی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مجوزہ اقدامات میں مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں کے لیے نئے ماڈلز عوام کے لیے جاری کرنے سے قبل سخت حفاظتی آزمائش لازمی قرار دینا بھی شامل ہے۔

دوسری جانب تفتیش کاروں نے رپورٹ سے حساس تفصیلات دانستہ طور پر حذف کر دی ہیں تاکہ ان معلومات کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔

خاص رپورٹ سے مزید
سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید