اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان قوم کا فخر ہیں، کسی کو ان کے وقار پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" پاکستان کے خلاف سرگرم عناصر کی معاونت کر رہی ہے۔
لاہور میں میر خلیل الرحمٰن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام دہشتگردی کا سدباب اور فوج کا کردار کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ فوج کے سیاسی کردار پر تنقید کی جا رہی ہے تاہم ماضی کے سیاسی فیصلوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن قابلِ احترام ہیں مگر شہدا کے بارے میں بیان پر انہیں معذرت کرنی چاہیے۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون کا کہنا تھا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت کی دہشت گردی سے پاکستان سمیت دیگر ممالک متاثر ہو رہے ہیں۔
پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی جیسے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پہلے ہمیں اپنا احتساب کرنا ہوگا۔
ڈی جی سول سروسز اکیڈمی خواجہ فرحان نے کہا کہ ترقی کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے تمام اداروں کا احترام کریں۔
سیمینار سے چیف کو آرڈی نیٹر ایکس سروس مین سوسائٹی عزیز احمد اعوان، ریئر ایڈمرل ریٹائرڈ نوید احمد رضوی، میجر جنرل ریٹائرڈ محمد نعیم، سینئر صحافی واصف ناگی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔