• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مٹیاری میں مال گاڑی حادثہ، ٹرین سروس 24 گھنٹے تک معطل رہنے کا امکان ہے: ڈی سی او ریلویز

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مٹیاری میں وہاب شاہ اسٹیشن کے قریب یوسف والا کول ہاپر ٹرین حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت 24 گھنٹوں تک معطل رہنے کا امکان ہے۔ 

ڈی سی او ریلویز کراچی کا کہنا ہے کہ یوسف والا کول ہاپر ٹرین کی 17 بوگیاں پٹڑی حادثے کا شکار ہوگئیں جس کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک مکمل بند ہیں۔

ڈی سی او ریلویز کے مطابق حادثے کی وجہ سے ٹریک 24 گھنٹوں تک معطل رہنے کا امکان ہے۔ حادثے کی وجہ سے کل تک کی ٹرینیں معطل کی گئی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس کو حیدرآباد اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔ علامہ اقبال ایکسپریس کو کوٹری اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔ 

اسی طرح پاکستان ایکسپریس کو لانڈھی اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔ اسی طرح تیزگام ایکسپریس کو ڈرگ روڈ جبکہ ملت اور فرید ایکسپریس کو کینٹ اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔

ترجمان پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن کا کہنا ہے کہ کراچی ڈویژن اپنی حدود کے تمام متاثرہ مسافروں کو ریفنڈ کرے گا۔

ادھر ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی کا کہنا ہے کہ تمام ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روہڑی سے روانہ ہونے والی ریلیف ٹرین رات 10 بجے تک حادثے کے مقام پر پہنچے گی جبکہ کوٹری سے روانہ ریلیف ٹرین بھی جلد جائے حادثہ پر پہنچ جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جیکب آباد سے کراچی جانے والی سکھر ایکسپریس کو آج منسوخ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریک کا کافی حصہ متاثر ہوا ہے، ٹریک کی بحالی میں کافی وقت درکار ہوگا، کوشش ہے کہ دونوں ٹریک کو جلد کلیئر کر کے معطل آپریشن بحال کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید