• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیوسٹن: 21 جولائی کو ’محمد سعید شیخ ڈے‘ قرار دیدیا گیا

— تصویر: رپورٹر
— تصویر: رپورٹر

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے ستارۂ خدمت سے نوازے جانے والے ممتاز پاکستانی امریکی سماجی رہنما اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ کے اعزاز میں پروقار ستائشی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا انعقاد پاکستانی قونصل خانے اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹیز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ہیوسٹن میں کیا گیا، جس میں امریکی اور پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ہیوسٹن کے میئر جان وِٹ مائر نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے محمد سعید شیخ کی 4 دہائیوں پر محیط انسانی اور فلاحی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارۂ خدمت سے نوازا۔

انہوں نے کہا کہ سعید شیخ گزشتہ 40 برس سے بلاامتیاز انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں اور ان کی خدمات پوری کمیونٹی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

میئر جان وِٹ مائر نے اعلان کیا کہ وہ بطور میئر اپنی دوسری مدتِ صدارت میں پاکستان کا لازمی دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، عوامی روابط اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

اس موقع پر میئر جان وِٹ مائر نے 21 جولائی 2026ء کو شہرِ ہیوسٹن میں ’محمد سعید شیخ ڈے‘ قرار دینے کا سرکاری شہری اعلامیہ بھی پیش کیا۔

اعلامیے میں محمد سعید شیخ کو دہائیوں پر محیط فلاحی خدمات، شہری قیادت اور پاکستان و امریکا کے درمیان دوستی اور عالمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور نے کہا کہ محمد سعید شیخ نے برسوں سے انسانیت کی بے لوث خدمت کی ہے اور وہ اس اعلیٰ سول اعزاز کے حقیقی مستحق ہیں۔

پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے کہا کہ امریکہ سے لے کر پاکستان تک سماجی خدمت کے میدان میں محمد سعید شیخ کی خدمات قابلِ تقلید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ستارۂ خدمت صرف محمد سعید شیخ ہی نہیں بلکہ پوری پاکستانی امریکی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔

اس موقع پر محمد سعید شیخ نے شاندار پذیرائی پر پاکستانی کمیونٹی، حکومتِ پاکستان، صدرِ پاکستان، پاکستانی قونصل خانے اور تقریب کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی انسانیت اور کمیونٹی کی خدمت کا سفر اسی جذبے سے جاری رکھیں گے۔

تقریب میں، سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت، معروف کاروباری شخصیات شوکت مریدیا، مسرور جاوید خان، امیر علی مکھانی، ریحان صدیقی، ڈاکٹر یاسمین، سمیت مختلف کمیونٹیز کے رہنماؤں، سماجی شخصیات اور پاکستانی عمائدین نے شرکت کی۔

محمد سعید شیخ نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر انتظامی کمیٹی کے ارکان تنویر احمد ، ذکی نیازی، غلام بمبے والا، ہارون شیخ، نعمان حسین، احمد یاسین، فیصل مومن، نصرو روپانی، ناصر خان، شاہد ہاشمی، جیمز پوسٹ، ڈاکٹر منصور زیدی، عمر خواجہ اور دیگر کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

قومی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید