کراچی کے علاقے گلشنِ معمار عمر بروہی گوٹھ میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ڈاکو اپنے فرار ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے گرفتار ڈاکوؤں کی نشاندہی پر ان کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے مطابق چھاپے کے دوران تینوں گرفتار ڈاکو بھی ساتھ تھے، گرفتار ڈاکوؤں کے ساتھیوں نے ایس آئی یو پولیس پر فائرنگ کر دی جس سے پولیس اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ گرفتار تینوں ڈاکو سریش، رام چند اور انیل بھی شدید زخمی ہو گئے، فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان فرار ہو گئے جبکہ گرفتار زخمی ڈاکو اسپتال منتقلی کے دوران ہلاک ہو گئے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر آکاش سے 13جولائی کو ہلاک ڈاکوؤں نے کلفٹن میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بینک کے باہر لوٹ مار کی تھی اور 25 لاکھ روپے کی رقم لوٹنے کے بعد فائرنگ کر کے انہیں قتل کر دیا تھا۔
ہلاک تینوں ملزمان کو ساؤتھ زون پولیس اور ایس آئی یو پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا جبکہ ملزمان کے 3 ساتھی جس میں 1 خاتون بھی شامل ہے فرار ہیں۔
مقابلے کے دوران فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس چھاپے مار رہی ہے۔