• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں جرائم کی شرح میں کمی، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ماہانہ 1 ہزار مشتبہ افراد گرفتار

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

میٹ پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی میں کی گئی سرمایہ کاری کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

میٹ پولیس کے مطابق ڈرونز اور طاقت ور ای بائکس کی مدد سے ہر ماہ تقریباً 1 ہزار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جبکہ لندن کے متعدد علاقوں میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

میٹ پولیس کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق جون میں ختم ہونے والے سال کے دوران مجموعی طور پر 35 ہزار سے زائد جرائم میں کمی واقع ہوئی، ان میں لوگوں سے اشیاء چوری کرنے کے 23,311، چھینا جھپٹی کے 2,943 اور گاڑیوں سے متعلق جرائم کے 8,737 کم واقعات شامل ہیں۔

ویسٹ منسٹر میں جرائم میں ایک تہائی سے بڑی کمی دیکھی گئی، جہاں رواں سال 14 ہزار کم جرائم رپورٹ ہوئے۔

اس دوران موبائل فون چوری کے خلاف خصوصی آپریشن کے نتیجے میں پورے لندن میں 13 ہزار کم موبائل فون چوری ہوئے، جبکہ ویسٹ اینڈ میں موبائل فون چوری کی شرح نصف رہ گئی ہے۔

میٹ پولیس کے کمشنر سر مارک رولی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے پولیس کو نمایاں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔

دوسری جانب لندن کے میئر سر صادق خان نے کہا ہے کہ ویسٹ اینڈ میں گشت کرنے والے پولیس افسران کی تعداد دگنی کرنے سے جرائم کی شرح نصف رہ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سٹی ہال کی مالی معاونت سے قائم کیا گیا نیا ویسٹ اینڈ کمانڈ سیل بھی جرائم کی روک تھام میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید