بین الاقوامی سطح پر مقبول ایک سافٹ ڈرنک کا اصل نسخہ آج بھی سخت سیکیورٹی والٹ میں محفوظ ہے اور کمپنی نے گزشتہ کئی دہائیوں سے اسے خفیہ رکھا ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے شہر اٹلانٹا میں اس مشہور مشروب کا ’خفیہ نسخہ‘ والٹ کے اندر نمائش کے لیے موجود ہے جہاں شائقین اس مشروب کی تاریخ اور اس کے خفیہ فارمولے سے جڑی دلچسپ معلومات جان سکتے ہیں تاہم اصل نسخہ اب بھی ظاہر نہیں کیا جاتا۔
یہ مشروب 1886ء میں ایک دوا ساز نے تیار کیا تھا، ابتداء میں اس کا فارمولا تحریری شکل میں موجود نہیں تھا اور صرف چند افراد ہی اس سے واقف تھے، بعد ازاں 1892ء میں اس مشروب کے حقوق خرید لیے گئے۔
1919ء میں نئے سرمایہ کاروں نے کمپنی خریدنے کے لیے خفیہ نسخے کو قرض کے لیے ضمانت کے طور پر استعمال کیا جس کے بعد اسے نیویارک کے ایک بینک کے والٹ میں محفوظ رکھا گیا۔
قرض کی ادائیگی کے بعد 1925ء میں نسخہ واپس اٹلانٹا منتقل کر دیا گیا جہاں یہ 86 سال تک ایک بینک کے والٹ میں محفوظ رہا۔
بعد ازاں اسے اٹلانٹا میں ایک مقام پر منتقل کر دیا گیا جہاں سیاح اس کی تاریخ سے آگاہی حاصل کرتے ہیں۔