کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کے نئے اراکین کے لیے ہاکس بے پلاٹس کی قرعہ اندازی، 639 اراکین کو پلاٹ نمبر الاٹ کئے گئے ،تفصیلات کے مطابق کے پی سی کے نئے اراکین کے لیے ہاکس بے اسکیم میں پلاٹس کی قرعہ اندازی کی تقریب ہفتہ کوکراچی پریس کلب میں منعقد ہوئی، تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی، کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان، ڈی جی ایل ڈی اے اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خدمت اور سب کی بھلائی کے وژن کے تحت کام کر رہے ہیں۔ کراچی پریس کلب کے نئے اراکین کے لیے پلاٹس کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے اور آج ایک اہم وعدہ پورا ہونے جا رہا ہے۔