• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک کینیڈا تجارتی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے: چوہدری شافع حسین

— تصویر بشکریہ جیو نیوز
— تصویر بشکریہ جیو نیوز

پنجاب کے صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ کینیڈا اور پاکستان کے مابین تجارتی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے، یہاں کے وزراء اور حکام کے ساتھ حوصلہ افزاء مذاکرات ہوئے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے سلسلے میں معاہدے ہوئے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں کینیڈا گیٹ وے ایکسپو کے موقع پر جنگ/ جیو نیوز کو انٹرویو دیا ہے۔

کینیڈا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم، قونصل جنرل آف پاکستان خلیل باجوہ اور ایکسپو کے آرگنائزر رانا محمد تنویر نے صوبائی وزیر شافع حسین کا استقبال کیا۔

چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ کینیڈین حکام کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں اور کینیڈین وفود جلد پنجاب کا دورہ کریں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیکسٹائل، سویا بین، چمڑا اور مختلف پاکستانی مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے اجلاس ہوئے ہیں، ہم کینیڈا نمک بھی برآمد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے 90 فیصد سرجری کے آلات پہلے ہی امریکا اور کینیڈا برآمد ہوتے ہیں۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے مل کر بڑی خوشی ہوئی ہے، ہائی کمشنر محمد سلیم، قونصل جنرل خلیل باجوہ اور اُن کی ٹیم بڑا اچھا کام کر رہی ہے۔

قبل ازیں کینیڈا گیٹ وے ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں ملکی اور غیر ملکی صنعت کاروں کے لیے ٹیکس فری زون قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولت اور تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید