اسلام آباد کے پمز اسپتال میں خراب ایئر کنڈیشنرز اور ٹوٹے تاروں کی ویڈیوز سامنے آگئیں، ویڈیوز میں خراب ایئرکنڈیشنر متاثرہ وارڈ کے سامنے پڑے نظر آرہے ہیں۔
وڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ ایئر کنڈیشنرز کی تاریں نکلی ہوئی ہیں۔
ذرائع پمز اسپتال عملے کا کہنا ہے کہ ایئر کنڈیشنرز مختلف اوقات میں اسپارک کرتے رہتے ہیں، ایئر کنڈیشنرز کی مرمت کا ٹھیکا نجی کمپنی کے پاس ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پمز اسپتال کے گائنی وارڈ میں جھلس کر جاں بحق 14 نومولود کے والدین غم سے نڈھال ہیں، والدین نے بچوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرنے اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
دوسری جانب سانحہ پمز پر وزیراعظم شہباز شریف کی تحقیقاتی کمیٹی نے چلڈرن اسپتال کی نرسری کے عملے سے تحریری بیانات طلب کر لیے۔
کمیٹی نے نرسری کی سی سی ٹی وی کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا، نرسری اسٹاف سے سوالات کیے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے سی سی ٹی وی کا جائزہ لیا، آگ کی وجوہات سے متعلق انتظامیہ کے بیان اور سی سی ٹی وی ویڈیو کا موازنہ کیا، پمز ہیلتھ مینجمنٹ کے عملے سے پوچھ گچھ کی۔
کمیٹی پمز انتظامیہ نے 26 اگست کو ڈیوٹی پر موجود عملے کا روسٹر جمع کروایا، جبکہ فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ نے اپنی رپورٹ پیش کی۔
کمیٹی کو جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز سمیت 4افسران نے تحریری بیانات جمع کروائے، کمیٹی 48گھنٹوں میں عبوری تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔