جماعت اسلامی کی خاتون رہنما ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی نے کہا ہے کہ بچوں کی تربیت صرف شخصیت سازی نہیں بلکہ کردار سازی کا نام ہے۔
عالمی یوم حجاب پر لاہور میں منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے سمیعہ راحیل قاضی کا کہنا تھا کہ بیٹوں کی ایسی تربیت کی جائے کہ خواتین خود کو ان کی موجودگی میں محفوظ سمجھیں۔
سمیعہ راحیل قاضی نے مزید کہا کہ آج ہم جس نسل کی تربیت کریں گے ویسا ہی پاکستان بنے گا۔ بچوں کو باکردار انسان بنانے کے ساتھ اُن کے مستقبل کی فکر بھی کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جس طرح لڑکی کے لیے پردہ ضروری ہے اسی طرح مردوں کو بھی خواتین کی عزت و احترام کا خیال رکھنا چاہیے۔
سمیعہ راحیل قاضی نے یہ بھی کہا کہ جماعتِ اسلامی کی خواتین نسل کی تربیت کو اپنی عملی جدوجہد کا حصہ سمجھتی ہیں۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ ہمیں خود سے سوال کرنا ہے کہ کیا ہمارے بچے اسکول میں محفوظ ہیں یا گھر میں؟ ہمیں ایسا ماحول بنانا ہے جہاں بچے بلاخوف اپنی شکایات بیان کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بچوں کو صحت، غذائیت اور تعلیم کے بھرپور مواقع فراہم کرے ۔