تیونس میں لینڈنگ کے دوران ترک ایئر لائنز کی ایک پرواز موسم کی خرابی کی وجہ سے شدید ٹربولنس کا شکار ہو گئی جس کی وجہ سے مسافر خوفزدہ ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق استنبول سے تیونس جانے والی ترک ایئر لائنز کی پرواز ٹی کے661 تیونس قرطاج انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب پہنچی تو طوفانی موسم کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ پرواز کے دوران صورتِ حال معمول کے مطابق تھی، تاہم لینڈنگ سے قبل جہاز کو شدید ٹربولنس کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق جہاز کو تیونس قرطاج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 3 بار لینڈ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن شدید طوفان کے دوران لینڈنگ کی کوششیں ناکام رہیں اور مجبوراََ اسے متبادل ایئر پورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔
جہاز میں موجود ایک مسافر مارینا میسکایا نے اس واقعے کی ویڈیو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر موجود اپنے اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز میں موجود تمام مسافروں نے اپنی اپنی سیٹوں کو مضبوطی سے پکڑا ہوا ہے اور خوف کے عالم میں چیخ رہے ہیں۔
مارینا میسکایا نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ پائلٹ نے طوفان کے باوجود 3 بار جہاز کو ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے کی کوشش کی لیکن ہر کوشش کے دوران جہاز کو شدید ٹربولنس کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تیسری کوشش کے دوران تو جہاز اچانک نیچے کی جانب تیزی سے گرنے لگا اور صورتِ حال مزید خوفناک ہو گئی۔
مسافر نے مزید لکھا کہ صورتِ حال سے خوفزدہ ہو کر مسافر چیخنے لگے اور کسی دوسرے ملک یا متبادل ایئر پورٹ پر جہاز کو لینڈ کرنے کا مطالبہ کرنے لگے۔
مارینا میسکایا نے آخر میں محفوظ لینڈنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جہاز کے پائلٹس کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لینڈنگ میں ناکامی کے بعد جہاز کا رخ تبدیل کر کے تیونس قرطاج انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے بجائے تقریباً 60 میل جنوب میں واقع انفیدہ الحمامات انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی جانب موڑ دیا گیا اور وہاں پر جہاز نے بحفاظت لینڈنگ کی۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا ہے کہ اس واقعے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔