• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاؤں کی ہڈیوں میں درد دل کی خطرناک بیماری کی علامت ہو سکتا ہے، ماہرین

لاکھوں افراد رات کے وقت اچانک پٹھوں میں کھنچاؤ کی وجہ سے یا پھر عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں اور جوڑوں میں ہونے والے درد کا شکار ہوتے ہیں۔ لیکن بہت کم لوگ آرام کی حالت میں ہونے والے اس درد (ریسٹ پین) سے واقف ہیں۔ اگرچہ یہ نام بظاہر معمولی لگتا ہے، لیکن یہ ایک سنگین صحت کے مسئلے کی علامت ہو سکتا ہے۔

ماہر صحت کے مطابق آرام کی حالت میں ہونے والا درد، یعنی پاؤں یا انگلیوں میں ایسا درد جو چلنے پھرنے یا پاؤں پر وزن ڈالے بنا بھی محسوس ہو، درد کی ایک خاص قسم ہے۔

تقریباً ہر 100 میں سے ایک شخص اپنی زندگی میں کبھی نہ کبھی اس قسم کے درد کا شکار ہو سکتا ہے۔ اگرچہ آرام کی حالت میں ہونے والا درد بعض اوقات خود بھی ہو سکتا ہے یا پاؤں کی مختلف بیماریوں کے نتیجے میں پیدا ہو سکتا ہے، لیکن یہ کرونِک لِمب تھریٹننگ اِسکیمیا کی علامت بھی ہو سکتا ہے، جسے پہلے کریٹیکل لِمب اِسکیمیا کہا جاتا تھا۔

یہ تکلیف، پیریفیرل آرٹری ڈیزیز کی ایک انتہائی سنگین اور آخری مراحل میں پہنچنے والی حالت ہے۔ پیریفیرل آرٹری ڈیزیز اس وقت ہوتی ہے جب شریانوں میں چربی اور پلاک جمع ہونے لگتا ہے، جس سے خون کی نالیاں تنگ ہو جاتی ہیں اور ٹانگوں اور پاؤں تک خون کی روانی محدود ہو جاتی ہے۔

سی ایل ٹی آئی میں پلاک کا شدید اجتماع ٹانگوں، پاؤں یا انگلیوں تک خون کی فراہمی کو بہت زیادہ کم کر دیتا ہے۔ سی ایل ٹی آئی کی وجہ سے آرام کی حالت میں درد محسوس کرنے والے افراد اگر بروقت علاج نہ کروائیں تو ان میں ایسے زخم یا السر پیدا ہو سکتے ہیں جو ٹھیک نہیں ہوتے۔ اس کے علاوہ جسم کے ٹشوز کے مرنے اور سنگین صورتوں میں ٹانگ یا پاؤں کاٹنے کی نوبت بھی آسکتی ہے۔

چونکہ پیریفیرل آرٹری ڈیزیز، سی ایل ٹی آئی کی وجہ سے ہوتی ہے، اس لیے پی اے ڈی سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے فوری علاج ضروری ہے۔ ان پیچیدگیوں میں دل کا دورہ اور فالج جیسے جان لیوا قلبی واقعات بھی شامل ہیں۔

جرنل آف ویسکیولر سرجری کے مطابق آرام کی حالت میں درد کی شکایت کے ساتھ آنے والے تقریباً 80 فیصد مریض تشخیص کے 10 سال کے اندر موت کا شکار ہو سکتے ہیں۔

اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ٹانگوں کی شریانوں میں پلاک کا شدید جمع ہونا پورے جسم میں موجود قلبی شریانوں کی رکاوٹوں اور سی ایل ٹی آئی کی پیچیدگیوں سے مضبوطی سے منسلک ہے۔

آرام کی حالت میں ہونے والے درد کی علامات کو ابتدائی مرحلے میں پہچان لینا بہت اہم ہے، کیونکہ بروقت تشخیص اور علاج سے فوری اور مؤثر طبی یا جراحی مداخلت ممکن ہو سکتی ہے اور موت کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔

درج ذیل پانچ علامات اس حوالے سے بہت اہم ہیں۔ 

پاؤں میں شدید جلن یا جلنے جیسا درد، پاؤں پر بالوں کا جھڑنا یا کم ہونا، پاؤں کی جلد کا چمکدار اور غیر معمولی طور پر زرد یا سفید دکھائی دینا، چلتے وقت ٹانگوں میں شدید کھنچاؤ یا درد اور انگلیوں کا جامنی یا نیلا پڑ جانا۔ 

کچھ افراد میں طرز زندگی کی وجہ سے آرام کی حالت میں ہونے والے درد اور خون کی ناقص فراہمی کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے۔ تمباکو نوشی، الکحل کا زیادہ استعمال، جسمانی سرگرمی کی کمی اور ناقص غذا وہ عوامل ہیں جو ٹانگوں اور پاؤں تک خون کی شدید کمی میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ جبکہ بڑھتی عمر کے باوجود جسمانی طور پر متحرک رہنا صحت کے لیے بہت اہم ہے۔

صحت سے مزید