• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی کوریا کا جوہری حیثیت ختم کرنے کی عالمی قرارداد مسترد کرنے کا اعلان

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

شمالی کوریا نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی جوہری پروگرام کے خلاف قرارداد مسترد کرتے ہوئے اپنی جوہری طاقت کی حیثیت کو ناقابلِ واپسی قرار دے دیا۔

شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے مطابق ملک کا جوہری دفاعی نظام مضبوط ہے اور دشمن قوتوں کی کوششوں سے اسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔

کم جونگ اُن کی بہن کم یو جونگ نے عالمی ادارے پر دہرے معیار کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آئی اے ای اے امریکا اور جنوبی کوریا کی جوہری سرگرمیوں کو نظر انداز جبکہ شمالی کوریا کی دفاعی جوہری سرگرمیوں کے خلاف قرارداد منظور کر رہا ہے۔

شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ امریکا اور مغربی ممالک کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد ہماری جوہری طاقت کی حیثیت پر کوئی اثر نہیں ڈال سکتی۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کا دعویٰ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا سے مذاکرات چاہتے ہیں اور رواں سال کم جونگ اُن سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔

جنوبی کوریا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیانگ یانگ (شمالی کوریائی دارالحکومت) سے بات چیت چاہتے ہیں جبکہ صدر ٹرمپ نے بھی گزشتہ ماہ کہا تھا کہ میں رواں سال کِم جونگ اُن سے ملاقات کا ارادہ رکھتا ہوں۔

صدر ٹرمپ کے مطابق شمالی کوریا کے پاس اس وقت 57 طاقت ور جوہری ہتھیار ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کم جونگ اُن نے رواں ہفتے اہم اسلحہ ساز فیکٹریوں کا 3 روزہ دورہ بھی کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ بڑھتے دفاعی تعاون اور یوکرین جنگ میں شمالی کوریائی فوجیوں کی تعیناتی سے پیانگ یانگ کی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید