حکیم شجاع احمد طاہر
’’انگور ‘‘ کو عام طور پر چھوٹے اور بڑے انگور کے نام سے پہچانا جاتا ہے، لیکن دنیا بھر میں انگور کی تقریباً آٹھ ہزار اقسام دریافت ہو چکی ہیں۔ ماہرین کے مطابق انگور کے آبائی وطن آذربائیجان اور آرمینیا ہیں۔ پاکستان میں چھوٹے اور بڑے دونوں اقسام کے انگور وافر مقدار میں کاشت کیے جاتے ہیں، جب کہ کوئٹہ، چمن اور شمالی علاقہ جات میں بہترین رسیلا انگور ملتا ہے۔
انگور کی افادیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس پھل کا اپنی کتاب قرآن مجید، فرقان حمید میں عنب (اور جمع اعناب) کے ساتھ 11 مرتبہ مختلف آیات میں ذکر فرمایا ہے۔
طب ِنبوی ﷺاور تعلیماتِ نبویﷺ میں بھی انگور اور اس سے تیار کردہ حلال و حرام مصنوعات کا ذکر ملتا ہے۔ قرآن پاک میں انگور کا ذکر بہترین پھل اور پر ہیز گاروں کے لیے انعام کے طور پر کیا گیا ہے۔
حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے مروی ہے۔ ’’ مَیں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپ انگور انتہائی رغبت سے کھا رہے تھے۔ ‘‘ایک اور جگہ ذکر ہے کہ رسولِ پاک ﷺ نے فرمایا ۔’’انگور اور تربوز مجھے بہت پسند ہیں۔‘‘ سفرِ طائف کے دوران بھی آپ ﷺ نے انگور کے باغ میں آرام فرمایا اور عداسی نامی غلام نے آپ کو انگور کے گوشے پیش کیے، جو آپ نے تناول فرمائے، جب کہ آج بھی سعودی عرب میں طائف کے انگور بڑی رغبت سے کھائے جاتے ہیں۔
چھوٹا انگور گول اور بڑا گولائی اور لمبائی میں عام ملتا ہے۔ دورانِ موسم یہ کئی اقسام اور رنگوں میں دست یاب ہوتا ہے۔ یہ ذائقے دار شیریں اور ترش پھل ہے۔مسلم اطباء نے انگور سے سرکہ بنانے کا تجربہ کیا، جو ایک بہترین غذا اور بھر پور دوا ہے۔ دیکھا جائے تو انگور کا شمار قوت بخش پھلوں میں ہوتا ہے۔ نیز، یہ بے شمار امراض کا شافی علاج بھی ہے۔
یہ جن جان لیوا مراض کے لیے اکسیر کا کام کرتا ہے، اُن میں سر فہرست سرطان ہے۔ یہ جگر کو طاقت دے کر صاف خون، پیدا کرتا ہے، لیکن دیگر اعضائے رئیسہ دل، دماغ کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔
یاد رہے، انگور چھوٹا ہو یا بڑا، ہمیشہ مکمل پکا ہوا، ہلکا نرم استعمال کرنا چاہیے۔ویسے چھوٹا انگور قابض اور بڑا قبض کُشا تاثیر رکھتا ہے۔ قدرت نے اس میں ایسا مادّہ رکھا ہے، جو جلد ہضم ہو جاتا ہے۔
اطباء کے مطابق 100 گرام انگور کے استعمال کے بعد خالص عرق گلاب پینے سے دل کی گھبراہٹ، بے چینی دور ہوجاتی ہے۔ یہ خون صاف کر کے چہرہ دل کش بناتا ہے اور معدے اور جسم کو طاقت بخشتا ہے۔ نیز، شربت ِانگور کا استعمال گُردوں کی صفائی کر کے اُنہیں طاقت بخشتا اور پیشاب کے ذریعے جسم کے خراب مادّے خارج کرتا ہے۔
علاوہ ازیں، مِرگی، نکسیر، ہاضمے کی خرابیوں، بخار، منہ سے بدبو آنے کی شکایت اور اعصابی کم زوری کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ اس سے متعلق مستند اطباء کرام فرماتے ہیں ۔’’انگور بدن کی تمام ضرورتیں پوری کرنے والا پھل ہے۔‘‘ نیز، اس سے اچار، چٹنی، مشروبات، جام، جیلی کے علاوہ گلوکوز بھی تیار کیا جاتا ہے، جب کہ بڑے انگور کے بیج سے تیل(Grapes Seed Oil) بھی تیار ہوتا ہے، جو بالوں کے لیے بہت مفید ہے۔