مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بھارتی ریاست گجرات میں ایک غیر ملکی سیاح کو دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کی خاص بات یہ ہے کہ یہ غیر ملکی سیاح ناروے کے ایک میئر ہیں، جو ان دنوں بھارت کی مختلف ریاستوں کا سفر آٹو رکشہ میں کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک گجراتی شخص جس کی نارویجن میئر سے ملاقات غالباً چائے کے وقفے کے دوران ہوئی، اس نے بتایا ہے کہ میری ناروے کے اس شخص سے ملاقات ہوئی، یہ فن مارک کاؤنٹی میں واقع پورسانگر میونسپلٹی کے میئر ہیں۔
پوسٹ میں سیاست دان کا نام اور ان کی گوگل پروفائل بھی شیئر کی گئی ہے، جس کے مطابق ان کا نام جو اِنگے ہیشے وِک (Jo Inge Hesjevik) ہے۔
ویڈیو میں گجراتی شخص نے مزید کہا ہے کہ یہ بہت سادہ مزاج ہیں اور ٹک ٹک میں بھارت کا سفر کر رہے ہیں۔
اس دوران ناروے کے میئر مسکراتے ہوئے نظر آئے، انہیں ایک منفرد انداز کے آٹو رکشہ میں سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ناروے کے میئر اپنے ساتھی اوئیوِنڈ ہیشے وِک (Øyvind Hesjevik) کے ہمراہ رکشہ رن انڈیا (Rickshaw Run India) میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس مہم کے تحت شرکاء 26 ستمبر سے 9 اکتوبر تک آٹو رکشا کے ذریعے جیسلمیر سے فورٹ کوچی تک سفر کر رہے ہیں۔
جو اِنگے ہیشے وِک اور ان کے ساتھی اوئیوِنڈ ہیشے وِک اس سفر سے متعلق تمام اپ ڈیٹس اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس پر شیئر کر رہے ہیں، جس کے مطابق انہوں نے اپنے 14 دن کے سفر کا آغاز جیسلمیر سے کیا اور 6 اکتوبر کو گوا پہنچے ہیں۔
