انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا نے ممکنہ احتجاج اور مظاہروں سے نمٹنے کےلیے ضلعی پولیس افسران کو گائیڈ لائنز جاری کردیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے صوبائی پولیس کو احتجاج اور مظاہروں سے نمٹنے کےلیے آپریشنل اور حفاظتی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
گائیڈ لائنز کے مطابق شر پسند اور سیاست مخالف عناصر املاک کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، ممکنہ مظاہروں کےلیے اقدامات مکمل رکھے جائیں۔
ہدایت نامے میں کہا گیا کہ ڈی پی اوز پولیس نفری کی موجودگی کو یقینی بنائیں، اینٹی رائٹ، اسپیشل اسکواڈ، سادہ کپڑوں میں اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔
گائیڈ لائنز کے مطابق املاک، تھانوں، پیٹرول پمپس، بینک وغیرہ کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، مظاہرے اور غیر قانونی اجتماع کا مسئلہ مذاکرات سے حل کیا جائے۔
ہدایت نامے میں مزید کہا گیا کہ مذاکرات سے مسئلہ حل نہ ہوں تو پہلے اینٹی رائٹ اسکواڈ، پھر ہوائی فائرنگ اور ربڑ بلٹس استعمال کی جائیں۔
گائیڈ لائنز میں یہ بھی کہا گیاکہ احتجاجی مظاہرین کی مکمل ویڈیو اور نگرانی کی جائے، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ بہتر بنایا جائے۔