مرزا احمد علی
مٹی کے برتن انسان کی قدیم تہذیب کا ایک اہم حصہ رہے ہیں۔ صدیوں پہلے جب جدید برتن یا دھاتیں عام نہیں تھیں تو لوگ مٹی کے برتنوں میں کھانا پکاتے اور پانی محفوظ کرتے تھے، پھر وقت نے کروٹ لی اور جدید دور میں مٹی کے برتنوں کی جگہ سلور، ایلومینیم اور پلاسٹک کے برتنوں نے لے لی اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کا استعمال بڑھتا چلا گیا، جن کی وجہ سے انسانوں میں متعدد بیماریاں بھی جنم لیتی رہیں اور لے رہی ہیں، مگر اس ضمن میں ایک خوش آئند امریہ ہے کہ مٹی کے برتن اپنی فطری خصوصیات اور صحت بخش فوائد کی وجہ سے ایک بار پھرمقبول ہو رہے ہیں۔
سچ تو یہ ہے کہ مٹی کے برتن دوا بھی ہیں اور شفا بھی۔ ان برتنوں میں سادگی ونفاست کے ساتھ ساتھ بہت سی خصوصیات ہیں۔ ان میں کھانا بہت ذائقے دار بنتا ہے اور یہ قدرتی طور پر جراثیم کُش بھی ہیں، خصوصاً مٹی کے برتن میں پکا کھانا اور مٹکے کا پانی امراض ِمعدہ اور جگر کے شکار مریضوں کے لیے خاصا مفید ثابت ہوتا ہے۔
ان برتنوں کاسب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ یہ قدرتی طور پر محفوظ ہوتے ہیں۔ ان میں کسی قسم کے کیمیائی مادّے شامل نہیں ہوتے، اس لیے ان میں پکایا گیا کھانا صحت کے لیے زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے، اس کے برعکس بعض دھاتی اور نان اسٹک برتن زیادہ درجۂ حرارت پر نقصان دہ کیمیکل خارج کر سکتے ہیں، جب کہ مٹی کے برتنوں کے معاملے میں ایسا کوئی خدشہ موجود نہیں ہوتا ۔پھرمٹی کے برتنوں میں کھانا چوں کہ آہستہ آہستہ پکتا ہے، تمام تر غذائی اجزاء بہتر طور پر محفوظ رہتے ہیں۔
سبزیوں، دالوں اور گوشت میں موجود وٹامنز اور منرلز ضائع ہونے کے بجائے برقرار رہتے ہیں، تو انسانی صحت کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ واضح رہے، یہ برتن قدرتی طور پر الکلائن خصوصیات رکھتے ہیں۔ جب ان میں کھانا پکایا جاتا ہے تو یہ کھانے کی تیزابیت متوازن کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اسی سبب ان میں پکا کھانا معدے کے لیے ہلکا اور ہاضمے کے لیے بہتر ہوتا ہے۔ خاص طور پر جب افراد کو تیزابیت اور بدہضمی کے مسائل لاحق ہوں ،اُن کے لیے ان برتنوں میں پکا کھانا بہت فائدہ مند رہتا ہے۔
اسی طرح پانی، مٹی کے گھڑے(مٹکے ) میں قدرتی طور پر ٹھنڈا رہتا ہے کہ مٹی کے مسام دار ہونے کی وجہ سے اس میں سے تھوڑی سی نمی بخارات بن کر خارج ہوتی رہتی ہے، جس سے پانی قدرتی طور پر ٹھنڈا ہو جاتا ہے اور پھر یہ پانی نہ صرف تازگی بخشتا ہے بلکہ صحت کے لیے بھی بہتر سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ یہ جسم کے درجۂ حرارت کے مطابق ہوتاہے۔
نیز، مٹی کے برتن ماحول دوست بھی ہیں کہ یہ قدرتی مٹی سے بنائے جاتے ہیں۔ سو، یہ برتن نہ صرف ہماری ثقافت اور روایت کا حصّہ ہیں بلکہ صحت اور ماحول کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہیں۔ اگر ہم اپنی روزمّرہ زندگی میں ان کا استعمال دوبارہ بڑھالیں تو بہتر صحت کے حصول کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفّظ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔