جاپان میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانے میں 15 اکتوبر 2026ء سے ای پاسپورٹ سروس شروع ہو گی۔
اس نئی سہولت کے تحت درخواستیں پیشگی اپائنٹمنٹ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی۔
کمیونٹی ویلفیئر اتاشی زہرا دستگیر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کی سہولت اور خدمات کی منظم فراہمی کے لیے اپائنٹمنٹ کا طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔
درخواست گزار مکمل فارم appointmentmrp@gmail.com پر ارسال کریں گے، فارم سفارت خانے کی ویب سائٹ کے ڈاؤن لوڈز سیکشن میں دستیاب ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہر درخواست گزار کے لیے علیحدہ فارم جمع کرانا ہو گا، جبکہ کم عمر بچوں کی درخواست والدین یا قانونی سرپرست ارسال کرسکیں گے۔
ای میل کے موضوع میں ای پاسپورٹ اپائنٹمنٹ کی درخواست کے ساتھ درخواست گزار کا مکمل نام لکھنا ضروری ہوگا۔
سفارت خانہ درخواست گزار کو ای میل کے ذریعے اپائنٹمنٹ کی تاریخ، وقت اور ریفرنس نمبر سے آگاہ کرے گا، محض فارم ارسال کرنے سے اپائنٹمنٹ کی تصدیق نہیں ہو گی اور دیگر رابطوں کے ذریعے اپائنٹمنٹ نہیں دی جائے گی۔
درخواست گزار مقررہ وقت پر تصدیقی ای میل اور مطلوبہ دستاویزات ساتھ لائیں گے، ذاتی ای میل نہ رکھنے والے افراد کسی دوسرے شخص کا ای میل استعمال کرسکیں گے۔