• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوبیٰ احسن ، لاہور

زاہد گھر میں داخل ہوا تو انیلا کھانا لگائے اُس کا انتظار کر رہی تھی۔ ”آج بہت دیر نہیں ہوگئی؟ آپ تو نو بجے تک آ جاتے ہیں، آج دس بج گئے۔“ اُس نے زاہد کے اندر قدم رکھتے ہی کہا۔ ”ہاں، وہ سمیر مل گیا تھا۔“ ”کیوں؟“ انیلا کے ماتھے پر شکنیں پڑ گئیں۔ ”اُس کا آپ سے کیا کام؟“ ”کام؟“ زاہد نے انیلا کی طرف دیکھا۔ ”کیا ہوگیا ہے تمھیں؟ ارے، اُس نے ہماری مدد کی ہے۔ بھول گئیں، کیسا خطرناک ایکسیڈنٹ ہوا تھا؟

اگر وہ مدد نہ کرتا تو نہ جانے آج مَیں کہاں ہوتا۔“ ”اچھا، بس! آگے ایک لفظ نہیں۔“ انیلا نے اُس کے منہ پر ہاتھ رکھ دیا۔ ”تمھیں پتا نہیں کیا ہوگیا ہے۔ جب بھی اس کا ذکر آتا ہے، تمھارا مزاج ہی برہم ہو جاتا ہے۔“ ”بس، پسند نہیں وہ مجھے۔ عجیب سا لگتا ہے۔“ ”ارے، اچھا بھلا شریف آدمی ہے۔ اُس نے ہم پر احسان کیا ہے۔“”تو ہم کیا کریں؟ کر دیا احسان تو کیا اب اُس کو سر پر بٹھا لیں؟“ انیلا نے چڑچڑے پن سے جواب دیا۔ ”اچھا بھئی، کھانا کھانے دو، بہت بھوک لگ رہی ہے۔‘‘ ’’مَیں نے سمیر کو اس اتوار کھانے پر بلایا ہے۔“ زاہد نے کھانا کھاتے کھاتے اچانک انیلا کوبتایا۔ ”کیا…؟“ انیلا کی آواز بلند ہوگئی۔ ”اس کی کیا ضرورت ہے؟“ ”بس، ہےضرورت۔“ زاہد نے قطعی لہجے میں کہا۔ ”میری خوشی ہے اس میں، اور اب مَیں اُس سے کہہ چُکا ہوں۔“اس کے حتمی لہجے پر انیلا خاموش ہوگئی۔

زاہد سوچُکا تھا، لیکن انیلا کی آنکھوں سے نیند کوسوں دُور تھی۔ حالاں کہ وہ حد سے زیادہ تھکی ہوئی تھی۔ اس کی تین سالہ بیٹی تانیہ کو آج پورا دن بخار رہا، اُس کی وجہ سے وہ سخت چڑچڑی ہو رہی تھی۔ اب وہ بھی سو رہی تھی، لیکن انیلا کو کسی طرح نیند آ کے نہیں دے رہی تھی۔ سمیر کا اس کے شوہر سے تعلقات بڑھانا اُس کے لیے خطرے کا الارم تھا۔ نہ جانے وہ کیا چاہتا ہے۔ جب زاہد کا ایکسیڈنٹ ہوا تھا اور انیلا کو اچانک اطلاع ملی تھی، تو وہ بہت گھبرا کر اسپتال کی طرف دوڑی تھی اور وہاں جا کے پتا چلا کہ زاہد کواسپتال پہنچانے والا سمیر تھا۔ سمیر اُسے دیکھ کر حیران تھا۔ وہ بھی سمیر کودیکھ کر گھبرا گئی تھی۔ اور پھر زاہد کو ہوش آ گیا۔

اس نے زاہد کے سامنے یہی ظاہر کیا کہ وہ سمیر کو نہیں جانتی۔ شکر ہے کہ سمیر نے بھی کوئی ایسی ویسی بات نہیں کی، جس سے زاہد کو کچھ پتا چلتا، بلکہ وہ جلد ہی اسپتال سے واپس چلا گیا تھا، مگر انیلا کی سانسیں اُس کے جانے کے بعد ہی بحال ہ ہوئی تھیں، ورنہ وہ مستقل ڈری بیٹھی تھی کہ کہیں سمیر کوئی بات نہ کردے۔ اور اب جب سے اُسے پتا چلا تھا کہ سمیر زاہد سے ملتا رہتا ہے، وہ مستقل پریشان تھی۔ زاہد کو منع کرتی رہتی کہ وہ سمیر سے نہ ملا کرے، لیکن آج تو حد ہی ہوگئی۔ اس نے سمیر کو گھر ہی پر بلالیا تھا۔ نہ جانے وہ کیا چاہتا ہے، کہیں میرا گھرتوبرباد نہیں کرنا چاہتا؟ اُس کی دل کی دھڑکن بہت تیز ہوگئی تھی۔ بہتر یہی ہے کہ مجھے زاہد کوسچ بتا دینا چاہیے، اُس نے سوچا۔

اُسے وہ دن اچھی طرح یاد تھے، جب وہ کالج کےفائنل ائیر میں تھی۔ کچھ روز سے وہ جیسے ہی گھر سے نکلتی، ایک لڑکا اُس کا پیچھا کرنے لگتا۔ ایک ہفتہ ہوگیا تھا، نہ وہ کوئی بات کرتا اور نہ ہی کوئی غلط حرکت، بس چُپ چاپ سر جُھکائے اُس کے پیچھے چلتا رہتا اور پھر بس اسٹاپ پر کھڑا ہو جاتا، یہاں تک کہ اُس کی بس آجاتی۔آخر ایک دن اُس نے ہمّت کی اوراچانک مُڑ کر اُس سے انتہائی سختی سےپوچھ ہی لیا۔”آپ کیوں روزانہ میرا پیچھا کررہے ہیں؟“ ”مَیں پسند کرتا ہوں آپ کو۔“ وہ گڑبڑا گیا۔ انیلا کے لیے یہ جملہ انتہائی خلافِ توقع تھا۔

مگر فوراً سنبھل کربولی۔ ”تو پھر سیدھا راستہ اختیار کریں، اِس طرح میرا پیچھا کرنے کی کیا ضرورت ہے۔“ اور وہ اِس جواب کو نہ جانے کیا سمجھا۔کچھ ہی روز بعد اُس کی امّی انیلا کے گھر آگئیں، مگر وہ بہت اُکھڑی اُکھڑی سی تھیں۔ صاف لگ رہا تھا، بادلِ نخواستہ آئی ہیں۔ تب ہی جیسےہی انیلا کی امّی نے کہا کہ ’’ہم تو صرف اپنی برادری میں شادی کرتے ہیں۔‘‘ وہ فوراً تنک کربولیں۔ ”سوچ لیجیے، یہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔“ اور بس… پھر تو غضب ہی ہوگیا۔ بات بڑھتی ہی چلی گئی اور جب ابّو تک پہنچی تو پھر کیا کیا نہیں ہوا۔ وہ ماضی کی اِن ہی سوچوں میں پیچاں و غلطاں تھی کہ تانیہ کے رونے کی آواز اُسے حال میں واپس لے آئی۔ دیکھا تو تانیہ کو دوبارہ بخار چڑھ رہا تھا۔ جلدی سے اُسے دوا پلائی اور دوبارہ سلانے کی کوشش کرنے لگی۔

صُبح زاہد کے آفس جانے کے بعد اُس نے آپی کو فون کیا۔ ”آپی! اگرآج فارغ ہیں، تو پلیز میری طرف چکر لگائیں، مجھے آپ سے بہت ضروری بات کرنی ہے۔“ اُس نے بلاتمہید ہی کہہ ڈالا۔ ”اچھا…“ آپی نے بھی زیادہ سوال جواب نہیں کیے۔ ”مجھے آج بازار جانا ہے، تو واپسی میں تم سے ملتی ہوئی جاؤں گی۔“ آپی کے وعدے پر انیلا نے اطمینان کا سانس لیا۔ یقیناً آپی سے مشورہ کرنا ٹھیک رہےگا، وہ کوئی بہتر ہی مشورہ دیں گی۔ ساری رات جاگنے کے سبب اُس کی طبیعت میں کچھ کسل مندی سی تھی۔ اُس نے سوچا۔ جلدی جلدی کھانا بنا کے اور گھر کے باقی کام سمیٹ کے کچھ دیرآرام کر لیتی ہوں۔

شام کو آپی آئیں تو اُسے دیکھ کر ہی فکرمند ہوگئیں۔ ” تمھیں کیا ہوا ہے انیلا! یہ کتنی عجیب سی حالت ہو رہی ہے تمھاری، کیا بیمار تھی تم؟ مجھے کیوں نہیں بتایا؟ ہوا کیا ہے آخر؟“ آپی نے چھوٹتے ہی سوال درسوال کا سلسلہ شروع کردیا۔ ”اصل میں آپی! بات یہ ہے کہ مَیں دو تین دن سے صحیح طرح سو نہیں پائی ہوں۔ دو دن سے تانیہ کو بخار تھا، اور وہ رات کو بار بار اُٹھ رہی تھی۔ کل وہ آرام سے سوبھی گئی تو مجھے نیند نہیں آئی۔“ ”کیوں… تمھیںکیوں نیند نہیں آئی؟“

آپی نے حیرانی سے پوچھا۔ ”آپی! وہ…آپ کو یاد ہےناں!!“ انیلا نے قدرے ہچکچاہٹ سے بات شروع کی۔ ”میرا ایک رشتہ آیا تھا، سمیر نام کے لڑکے کا…!!“ ”ہاں، ہاں، وہ جو بلاوجہ ہی تمھارے پیچھے پڑ گیا تھا؟“ آپی نے جھٹ کہا۔ ”ہاں۔“ انیلا نے اثبات میں سر ہلایا۔ ”ہاں، اچھی طرح یاد ہے مجھے۔ اُس کی امّی اور بہنیں کتنی الٹی سیدھی باتیں کرکے گئی تھیں۔“ آپی کو کچھ بھی نہیں بُھولا تھا۔ ”ہاں، پہلے تو امّی سے یہی کہہ دیا کہ آپ کی بیٹی اور ہمارا بیٹا ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں، حالاں کہ مَیں تو اُسے ٹھیک سے جانتی بھی نہ تھی۔“

انیلا نے غصّے سے کہا۔ ”اور پھر اُن کی الٹی سیدھی باتوں اور الزامات ہی کی وجہ سے ابّو مجھ سے کتنا خفا رہنے لگے تھے۔“ انیلا کی آواز بھرّا گئی۔ ”نہ بات کرتے تھے اور نہ ہی کسی بات کا جواب دیتے تھے۔“ ”ارے… تم پُرانی باتیں یاد کرکے رونے کیوں لگیں؟“ آپی نے اُسے گلے لگا لیا۔ ”آپی! کیسی بڑی مصیبت تھی، جو میرے اوپر آئی تھی۔ ایک طرف ابّو ناراض، دوسری طرف وہ پاگل لڑکا ہر جگہ میرا پیچھا کرتا۔ ایک روز تو ابّو کو خود فون کرکے کہہ دیا کہ انیلا مجھے پسند کرتی ہے، لیکن آپ سے ڈرتی ہے، اس لیے اقرار نہیں کر رہی۔“ ”ہاں۔“ آپی نے گہری سانس لی۔ ”ہاں، واقعی وہ بہت بڑی مصیبت تھی۔

میری شادی لاہور میں ہوئی ہوئی تھی، اور میرا سارا سسرال بھی یہیں تھا۔ ابو، امّی تم کو لے کر رات کے اندھیرے میں گھر سے نکلے اور پھر یہاں لاہور شفٹ ہوگئے۔ اللہ کا کرم دیکھو کہ فوراً ہی تمھارے بہنوئی کے دوست کا رشتہ آگیا، اور بس، چٹ منگنی، پٹ بیاہ ہوگیا۔ اور پھر… تمھاری شادی کے چھے ماہ بعد امّی دنیا سے چلی گئیں اور کچھ ہی عرصے بعد ابّو بھی۔“ آپی کا بھی دل بھر آیا تھا۔ ”ہاں، لیکن آپی! مَیں اپنی زندگی کا وہ کڑا وقت کبھی نہیں بھول پائی۔

ابّو کو تو اُن لوگوں کی باتوں کا یقین ہی آگیا تھا، یہاں تک کہ صاف کہہ دیا تھا کہ ٹھیک ہے، مَیں سمیر سے تمھاری شادی کر دیتا ہوں، لیکن اس کے بعد زندگی بھر تمھاری شکل نہیں دیکھوں گا۔ اور تب… مَیں نے کتنی مشکل سے ابّو کو اپنی بے گناہی، پارسائی کا یقین دلایا تھا، کتنے ہاتھ پاؤں جوڑے تھے۔

وہ تو شُکر ہے کہ امّی کو میرا یقین تھا، اور اُنھوں نے ہی میرا ساتھ دیا۔“ ”بھول جاؤ، وہ سب باتیں… اور اب اُنھیں دہرانے کا فائدہ بھی کیا، دفع کرو۔“ آپی نے اُسے محبّت سے ساتھ لپٹایا۔ ”آپی! مَیں کبھی کچھ دہرانا بھی نہیں چاہتی تھی، مگر اب ہوا یہ ہے کہ وہ جو زاہد کا ایکسیڈنٹ ہوا تھا ناں، تو اُن کو ہاسپٹل لے کر آنے والا شخص سمیر ہی تھا۔“ انیلا رو ہی پڑی۔ ”کیا…؟“ آپی کے آواز بلند ہوگئی۔ ”یہ تم کیا کہہ رہی ہو؟“ ”جی… آپی!“ انیلا نے سخت پریشان لہجے میں کہا۔ ”اور اب وہ آہستہ آہستہ زاہد سے تعلقات بڑھا رہا ہے۔ اکثر دونوں کا ملنا جلنا ہورہا ہے۔“ ”یہ تو بہت گڑبڑ والی بات ہے!“ آپی بھی سراسیمہ ہوگئیں۔ ”اور تو اور، اب جناب زاہد صاحب نے اُس بدتمیز شخص کی گھر پر دعوت رکھ دی ہے“ انیلا نے تڑپ کر کہا۔ ”اوہ! اب کیا ہوگا؟“ ”مَیں نے اِسی لیے آپ کو بلایا ہے۔ آپ بتائیں، مَیں کیا کروں؟“ ”مَیں کیا بتاؤں؟“ آپی نے بوکھلائے لہجے میں کہا۔ ”میری تو خودکچھ سمجھ نہیں آرہا۔ آخر وہ چاہتا کیا ہے؟“ ”وہ میرا گھر برباد کرنا چاہتا ہے آپی۔

خوامخواہ میرا دشمن بن گیا ہے۔ مجھے نہیں پتا، مَیں نے اس کا کیا بگاڑا ہے؟“ انیلا بہت روہانسی ہورہی تھی۔ ”اچھا، تم پریشان مت ہو۔ مَیں سوچتی ہوں کچھ۔“ آپی نے تسلی دینےکی کوشش کی۔”میرے تو ہاتھ پاؤں جواب دے رہے ہیں، کچھ کرنے کی ہمت نہیں ہو رہی۔ رات بھرنیند بھی نہیں آئی مجھے۔“

انیلا نے اپنا دل کھول کر آپی کے سامنے رکھ دیا تھا۔ ”تم ایسا کرو، کسی طرح مجھے سمیر کا نمبر لے کردو۔ مَیں اُس سے فون پربات کرتی ہوں کہ وہ آخر کیا چاہتا ہے۔ اور تم اپنےآپ کو اکیلا بالکل مت سمجھو۔ مَیں ہر لمحہ تمھارے ساتھ کھڑی ہوں گی۔ اور نہ صرف مَیں، تمھارے بہنوئی آصف بھی۔ وہ تمھیں بالکل سگی بہنوں کی طرح سمجھتے ہیں۔ ویسے بھی انھیں پچھلے تمام معاملات کا بھی علم ہے۔“ آپی نے جذباتی انداز میں اُسے بہت تسلی دی۔ ”بہت بہت شکریہ، آپی۔“ انیلا نے اُن کا ہاتھ پکڑا۔ ”مَیں آج ہی زاہد کے موبائل سے کسی نہ کسی طرح سمیر کا نمبر لے کر آپ کو بھیج دوں گی۔“

آپی کے جانے کے بعد انیلا دروازہ بند کرکے اندر آئی تو حیران رہ گئی۔ بیڈروم کے برابر والے کمرے میں کوئی موجود تھا۔ اس نے کمرے میں جھانکا تو حیران رہ گئی۔ کمرے کی لائٹ بند تھی، مگر پنکھا چل رہا تھا اورآرام کرسی پر زاہد لیٹنے کے انداز میں بیٹھا کسی سوچ میں گم تھا، جب کہ تانیہ اس کی گود میں لیٹی سو رہی تھی۔ ”آپ کب آئے؟ اور یہ تانیہ کب سوئی؟“ انیلا سخت حیران و پریشان تھی۔ ”مجھے آئے ہوئے آدھا گھنٹہ ہوگیا ہے۔“ زاہد نے ٹھہرے ہوئے لہجے میں کہا۔ ”آپ تو اپنی آپی سے باتوں میں مگن تھیں۔ یہ روتے ہوئے آئی، تو مَیں نے گود میں لے لیا اور پھر یہ سوگئی۔“ زاہد کا لہجہ سپاٹ سا تھا۔ ”آپ نے ہماری باتیں سُن لیں؟“ انیلا شرم سار سی ہوگئی۔

وہ چُپ رہا تو انیلا مزید گھبرا گئی۔ ”مجھے بہت افسوس ہے انیلا کہ تم نے میرا بھروسا نہیں کیا اور اپنی آپی کو بلالیا۔ تمھاری اطلاع کے لیےعرض ہے کہ تم سے شادی سے پہلے تمھارے ساتھ جو بھی حالات پیش آئے، وہ سب مجھے آصف نے بتا دیے تھے۔ مجھے سب کچھ معلوم ہے، بس مجھے یہ پتا نہیں تھا کہ سمیر ہی وہ شخص ہے۔ تم اتنے دن پریشان رہیں، ایک بار مجھے بتاتی تو سہی، لیکن افسوس، تم نے مجھ پر بھروسا نہیں کیا۔“ ”مَیں بہت ڈرگئی تھی۔ مَیں نہیں چاہتی تھی کہ میرا اور آپ کا رشتہ کسی بھی شک و شبے کی زد میں آئے۔

مَیں آپ سے بہت پیار کرتی ہوں زاہد!“ انیلاپھوٹ پھوٹ کر رو دی۔ ”مجھے تم پر پورا بھروسا ہے انیلا، شاید خُود سے بھی زیادہ۔“ زاہد نے اُس کا ہاتھ پکڑ لیا۔ ”تم ایک وفاشعار بیوی ہو۔ مجھے پتا ہے کہ تمھاری ساری محبتیں، وفائیں میرے ساتھ ہیں اور میرے والد کہا کرتے تھے کہ وفا شعار بیوی اللہ کا انعام ہوتی ہے۔ اب تم بالکل بےفکر ہوجاؤ۔ مَیں اِس معاملے کو خُود دیکھ لوں گا۔“ زاہد نے بہت محبّت سے اُسے اپنے پاس بٹھاتے ہوئے کہا، تو انیلا نے سُکھ کی ایک گہری سانس لی اور بہت روز بعد کُھل کر مُسکرا دی۔

سنڈے میگزین سے مزید