بعض اوقات یُوں بھی ہوتا ہے کہ کوئی ایک شخص شہر بھر کی شناخت بن جاتا ہے۔ اپنی شخصیت کے چراغ سے وہ شہر بھر میں یُوں چمکیلا چراغاں کرتا ہے کہ کوچہ کوچہ اُس روشنی میں نہا جاتا ہے۔ شہرِ لاہور، چاہے وہ اندرون شہر پرانا لاہور ہو یا نیا لاہور، اپنے اندر ایک خاص الخاص پُراسرار طلسماتی جہانِ رنگ و بُو سموئے ہوئے ہے۔ اس طلسمِ ہوش رُبا کی لُغت جب بھی لکھی گئی تو لاہور کا لفظ بھلے نُور اللغات میں ہو یا فرہنگِ آصفیہ میں، اُس کے معنی میں ایک ہم معنی نام آئے گا اور وہ ہے کامران لاشاری۔
بلوچ یعنی لاشار قبیلے کا یہ سپُوت خطۂ لاہور کا بھی چشم و چراغ ہے، لہٰذا اس کی چمک دمک میں شہرِ لاہور کی آب و ہوا و آتش و خاک کے عناصرِ اربعہ بخوبی شاملِ کار ہیں۔ پہلے مجھے گمان گزرتا تھا کہ شاید کامران لاشاری صاحب کی شخصیت کے تمام پرتَو ذاتی ہیں، شاید اُن کی ذاتی اپُچ نے اُن کی صُورت، اندرون شہر لاہور کو گل و گل زار یا اسلام آباد کو یادگار بنا ڈالنے کا اہتمام کیا۔ لیکن ایسا نہیں ہے، یہ تمام تر گھرانہ ہی عاشقینِ گل و لالہ اور محبّانِ چمنِ وطن سے بھرا پڑا ہے۔
سُہیل لاشاری ہوں یا ضوریز لاشاری بھائی، سب کے اپنے اپنے مقاماتِ کمال ہیں۔ شفق لاشاری صاحبہ کی ’’چِٹھیاں‘‘ کی پڑھنت لاہور کے ادبی حلقوں سے نکل کر اب دنیا بھر میں گونج رہی ہے۔ بلال لاشاری جو کہ کامران صاحب کے لختِ جگر ہیں ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ جیسی بلاک بسٹر فلم بنا کر خواص و عوام سے ڈھیروں داد سمیٹ چُکے ہیں۔ اور ہماری بھابھی لُبنٰی لاشاری کی میزبانی، اُن کے دسترخوان کی کشادگی اور گھر گرہستی میں اُن کا ذوقِ آرائش مثالی ہے۔
لیکن قصّہ یہاں ختم نہیں ہوتا بلکہ یہاں سے تو شروع ہوتا ہے۔ کامران صاحب سے ہماری پہلی ملاقات کے بارے میں ٹھیک ٹھیک یاد تو نہیں کہ کہاں ہوئی۔ غالباً موصوف، جِم خانہ کلب کے چئیرمین تھے۔ یہ ضرور یاد پڑتا ہے کہ ایک بارش بَھری شام میں کہ جب ہم شاعری سُنانے کے لیے مدعو تھے۔
ہم نے جِم خانہ کی تقریب میں احباب کی فرمائش پر شعر سُنانے سے پہلے عرض کیا کہ کیا ستم ظریفی ہے صاحبو! جِم خانہ کی تمام آرائشِ نَو کےبعد زمانۂ قدیم کا مےخانہ تو زمانے کی دست بُرد کا شکار ہوگیا، لیکن حافظ شیرازی کا ایک شعر خدا جانے کیسے بچ نکلا ؎
از صد سخنِ پیرم یک نُکتہ مرا یاد است
عالم نہ شود ویراں تا مے کدہ آباد است
(مجھے اپنے استاد یا بزرگ کی سو باتوں میں سے ایک نکتہ خصوصی طور پر یاد ہے کہ تب تک دنیا ویران نہیں ہوسکتی، جب تک مے کدہ آباد ہے)۔ کامران لاشاری عہدے کے لحاظ سے تو جس جس مسند، مرتبے یا مقام پر فائز رہے، وہ ایک طرف، لیکن ان کی شخصیت میں قدیمی سول سروس کے بلند و بالا اشخاص کی کافی جھلکیاں موجود ہیں۔ اونچا لانبا قد، ماتھے سے کھینچ کر پیچھے کی جانب بنے سنورے بال، چہرے پر مسلسل مستقل مسکراہٹ، آنکھوں میں چمک اور ہونٹوں پر وہ شریر مسکراہٹ، جو خواتین کو دیکھ کر شریر تر ہوجاتی ہے۔
کچھ برس قبل کامران لاشاری اور امجد اسلام امجد مرحوم و مغفور کی تحریک پر کامران صاحب کے گھر انہی کی اہلیہ یعنی ہماری بھابھی لُبنٰی لاشاری کے زیرِ اہتمام و نگرانی کامران لاشاری کے والدِ گرامی مجید لاشاری صاحب کی یاد میں ایک سالانہ مشاعرے کی داغ بیل ڈالی گئی۔ دو برس قبل ناچیز نے اس مشاعرے کا نام ’’صحنِ لاشاری مشاعرہ‘‘ تجویز کیا، جو متفقہ محبت سے منظور کیا گیا اور ناچیز ہی کو Master of Ceremonies کے طور پر اس مشاعرے کی نظامت سونپی جاتی ہے کہ ان مشاہیر کے درمیان ایک طالبِ علم کی حیثیت سے بیٹھ رہوں۔
یہ مشاعرہ اب لاہور کے ثقافتی وَرثے کا ایسا میٹھا محبّتی مدُھر اظہاریہ بن چُکا ہے کہ جس کا انتظار سال بھر کیا جاتا ہے۔ رنگ و بُو میں ڈوبی اس شام میں کتنی نادرِ روزگار شخصیات لعل و جواہر کی طرح جڑی ہوتی ہیں، یہ آپ اس تحریرسے بھی محسوس کرسکتے ہیں۔ گزشتہ برس بھی اس سلسلے کا ایک شان دار مشاعرہ برپا کیا گیا تھا۔
مشاعرے سے قبل صاحبِ خانہ یعنی کامران لاشاری نے اپنی براڈ کاسٹر دبنگ آواز اور بلند آہنگ لہجے میں اپنے والدِ گرامی مجید لاشاری صاحب کی ایک غزل پیش کی، جسے سامعین نے بہت سراہا۔ مشاعرے کی صدارت بھرپور لہجے کے شاعر خالد شریف صاحب کی تھی کہ جن کا یہ شعر اب ضرب المثل بن چُکا۔ ؎
بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رُت ہی بدل گئی
اِک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا
شعرائے کرام میں امریکا سے تشریف لائے ہرفن مولا ،باکمال شاعرسرمد صہبائی، صاحبِ دانش وعلم اور بزرگ سیاست دان چوہدری اعتزاز احسن، بے پناہ تیکھے تیور اور مشاق لہجے کے دو شعراء، جو دونوں ہی سول سروس سے منسلک ہیں یعنی محترم فواد حسن فواد اور محترم ڈاکٹر حامد عتیق سرور، اپنی کلیات کی اشاعت کر چُکنے والی شان دار شاعرہ رخشندہ نوید، ملتان سے تشریف لائی ہوئی نوجوان نسل میں بے حد مقبول شاعرہ کومل جوئیہ اور ناچیز رحمان فارس بطور ناظمِ مشاعرہ شامل تھے۔
آپ خود اندازہ لگائیے کہ سامعین کی صفِ اولیں میں جہاں ایک طرف زیرک و معاملہ فہم، شُستہ و شائستہ سخن کے حامل محترم نجم سیٹھی نشستِ اعزاز سنبھالے تھے، تو وہیں پاکستان سول سروس میں نوجوان لیڈر شپ کی نمائندگی کرنے والی مریم صاحبہ (کمشنر لاہور) تشریف فرما تھیں۔ لاہور کا ایک نہایت Cultured Couple نوید بھائی اور صباحت رفیق صاحبہ کی صُورت میں موجود تھا۔ نوید بھائی اپنی ذات میں ایک مکمل ادارہ ہیں، جن سے ناچیز کو وقتاً فوقتاً زندگی کرنے کا ہنر سیکھنے کا موقع ملتا رہتا ہے۔
وطنِ پاکستان کے لیے ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف کے طور پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔ اُن کی رفیقِ حیات یعنی صباحت رفیق تو خیر اپنی مثال آپ ہیں۔ شخصیت میں دمک، سنگیت میں چمک، تحریر میں آفاقی چمک اور تقریر میں مدھر لہک۔ حُبِ شعر و سخن اور عشقِ موسیقی سے لب ریز ایک اور شان دار جوڑا، معین اسد بھائی اور غزالہ معین کی صُورت بھی موجود تھا۔ مشاعرہ بےانتہا کام یاب رہا۔
جس قدر محبّت، لگن اور توجّہ سے تمام شعرائے کرام و شاعرات کا کلام سُن کر داد و تحسین سے نوازا گیا، وہ دیدنی بھی تھا اور قابلِ سماعت بھی۔ بعدازاں، ہماری ہونہار وحسین اداکارہ و صدا کارہ نادیہ جمیل نے اپنی مدھر آواز میں صوفیانہ کلام سُنا کر خُوب داد سمیٹی۔ اس کے بعد ملتان سے تشریف لائی، اُردو غزل کے سنگیت میں پاکستان کی پہچان ثریا ملتانیکر اوراُن کی نہایت ہونہار دُختر (جو علمِ موسیقی کی جزئیات پر پی ایچ ڈی کرچُکی ہیں) راحت ملتانیکر نے اپنے میٹھے سُر بکھیرے۔
پاکستان میوزک اور فلم کا ایک روشن درخشندہ ستارہ علی ظفر، جو کہ ہمارے’’ سُسرال پاک‘‘ سے بھی ہیں اور ہمیں بھائیوں جیسے عزیز بھی، کشور کمار کا ایک گیت سُنا کر ڈھیروں داد سمیٹ گئے۔ خانوادۂ فیض کے چشم و چراغ، اردو انگریزی پڑھنے میں ضیاء محی الدین کے سلسلے کی اگلی شگفتہ کڑی یعنی عدیل ہاشمی بھائی ہمارے Show-stopper تھے۔ اُن کی شان دار پرفارمینس یعنی فیض صاحب کے ایک غیر مطبوعہ اور ایک مطبوعہ قطعے ہی پر تقریب کا اختتام ہوا اور ’’صحنِ لاشاری‘‘ بےاختیار تالیوں سے گونج اٹھا۔
خاتونِ خانہ یعنی لُبنیٰ لاشاری کا سلیقہ، قرینہ اور حُسنِ انتظام صحنِ لاشاری سے بھی جھلکتا ہے، خانۂ لاشاری سے چمکتا اور ڈنر کی ترتیب سے دمکتا ہے۔ اُن کے بغیر اس محفل کا تصور بھی ناممکن ہے۔ مسز و مسٹر کامران لاشاری اُردو زبان و ادب کی اس مسلسل خدمت، کلچر کی ترویج اور مشاعرے کے انعقاد پر بھرپور مبارک کے مستحق ہیں۔ اور صاحبو! ایک مزید ناممکن چیز ہے کہ ناچیز اپنی بیگم پاک یعنی زوجہ ماجدہ کا ذکر کیے بغیر یہ کالم مکمل کردے۔ آپ سب جانتے ہیں کہ واپس گھر بھی جانا پڑتا ہے۔
سو، محترمہ شہر بانو اپنے تمام تر حُسن و جمال کے ساتھ ہمارے حواس پر ڈاکہ ڈالنے کے لیے اور ہم پر کڑی نگرانی بَھری نگاہ رکھنے کے لیے مشاعرے میں موجود تھیں۔ اُن کا تیار کردہ Milk Cake سب کی توجّہ کا بھی مرکز رہا اور تحسین کا بھی۔ اُن کا ذکر نہ ہوتا تو ہمارے ایک شعر کے تحت کہانی کچھ یوں ختم ہوتی۔ ؎
کہانی ختم ہوئی اور ایسے ختم ہوئی
کہ لوگ رونے لگے تالیاں بجاتے ہوئے!
خیر، یہ تو قصّہ ایک مشاعرے کا تھا کہ جو ’’صحنِ لاشاری‘‘ میں برپا ہوا۔ ایک بار جِم خانہ ہی میں ایک تقریب ہوئی، جس کا عنوان تھا۔ ’’کامران لاشاری کی شخصیت کا دوسرا پہلو‘‘ اُس شام ہم نے محترم کی نپی تلی، جانی پہچانی شخصیت کا وہ پہلو بھی دیکھا کہ جو عوامی بھی ہے، حسِ مزاح سے پُر بھی، جس میں ہنسنے کے سُر بھی ہیں، ہنسانے کے گُر بھی۔ لاشاری صاحب نے مختلف مشہور شخصیات کی نقل اُتاری اور خُوب اُتاری۔ حاضرینِ محفل ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے۔
یہی صاحب کہ جو مختلف لہجوں، آوازوں اور نئی اُمنگ، ترنگ، آہنگ اور رنگ سے نقلیں اتار رہے تھے، اپنے کیرئیر کے آغاز ہی میں اسسٹنٹ کمشنر عُمر کوٹ، ڈپٹی کمشنر کراچی اور سکھر اور پھر پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنری کا تجربہ رکھتے ہیں۔ پھر ان تمام کرسیوں کا ذائقہ چکھ چُکنے کے بعد انہوں نے اپنے اندر کا یہ خاص الخاص اور انوکھا نرالا جوہر پہچانا کہ انہیں فنِ تعمیرات سے دل چسپی ہے اور شہروں کو خُوب صُورت بنانے میں خدائے تخلیق نے اُنہیں ایک بے مثل، لازوال اور باکمال خصوصی ذوق عطا کررکھا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ڈی ایم جی جو کہ اب پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس ہے، اس میں بہت سے افسران آئے اور گئے، مگر موصوف کا نام مختار مسعود، مُصطفٰے زیدی اور قدرت اللہ شہاب کی طرح زبانِ زدِ عام ہونے والے چار چُنیدہ افسران میں سے ہے۔ انہوں نے نظم و نثر کے گُل کِھلائے تو لاشاری صاحب نے روش روش monuments اور باغ باغ حُسنِ فطرت کے رنگ مہکائے۔ ان کے ساتھی افسران کا اس بارے میں خیال تھا کہ کامران نے ضلعوں کی ڈپٹی کمشنری پر اس لائن کو ترجیح دے کر کوئی مستحسن فیصلہ نہیں کیا، مگر بعد میں وقت نے ان کے احباب کو غلط ثابت کردیا۔
کامران لاشاری کی زندگی کہانیوں سے بھری پُری ہے۔ فوڈ اسٹریٹ، لاہور کی کہانی، مقتدرہ اندرون شہر لاہور یعنی Walled City of Lahore Authority کی کہانی کہ جو اندرون شہر لاہور کی تمام یادگارعمارات، وَرثے، یادوں، ثقافت اور ماضی کی پہرے دار ہے۔ پرانے لاہور کے بارہ دروازوں کی دل آویز دربان ہے۔ مونال ریسٹورنٹ کی کہانی کہ جس سے پاکستان کے لاکھوں لوگوں کی یادیں وابستہ تھیں۔
دامنِ کوہ کی داستان، ساتویں اور نویں ایونیو کا قصّہ کہ جن پر کوئی ٹریفک سگنل نہیں، اسلام ایکسپریس وے کا فسانہ کہ جس نے فیض آباد کی گردن سے ٹریفک کا پھندا نکال دیا، لوک وَرثہ اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس یعنی پی این سی اے کی کہانی۔ ان کہانیوں سے الگ ایک قصّہ یہ ہے کہ موصوف کی قیادت میں مذہبی تفرقوں کو بالائے طاق رکھ کےپرانے لاہور میں واقع گردواروں، مندروں، کلیساؤں اور مسجدوں کی ایک ساتھ حفاظت کی گئی، انہیں نئی زندگی دی گئی، ان کے مٹتے ہوئے بُھولے بسرے خدوخال کو دوبارہ منقّش کر کے اجاگر کیا گیا۔
سوچنے کی بات ہے کہ کیا یہی ایک سچی مسلمان ریاست کی نشانی نہیں ہے؟ اس سلسلے میں USAid, UNDP, Unicef اور ورلڈ بینک جیسے بین الاقوامی اداروں کا کردار بھی کافی مُمد و معاون رہا۔ ہمارے اپنے آغا خان فاؤنڈیشن نے بھی کافی مدد کی۔ موصوف چوں کہ ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں، لہذا ریٹائرمنٹ کے بعد عام سول سروس افسران کی طرح گوشۂ گم نامی اور کُنجِ تنہائی کا شکار ہونے کی بجائے عُمر کو محض ایک عدد جانا اور پہلے سے بھی زیادہ سرگرم ہوگئے۔
شاید آبِ حیات پی رکھا ہے۔ ’’وار‘‘ نامی فلم میں پاکستان کی Internal Security کے ڈائریکٹر جنرل کا کردار نبھایا، جو کہ ان کی ہمہ جہت شخصیت کا ایک پہلو ہے۔ اداکاری اور سول سروسز دو متضاد چیزیں ہیں (سوائے اس کہ دفتر میں بیٹھ کر عوام کے ساتھ اداکاری کی جائے)۔ ڈی جی کا کردار شاید اس لیے چُنا کہ موصوف مختلف محکموں کے ڈی جی رہ چُکے ہیں۔ سو، کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے ان کے پاس چہرے کے تاثرات، بدن بولی اور آواز کے اتار چڑھاؤ کی تمام معلومات موجود تھیں۔
چئیرمین جِم خانہ کے طور پر بھی موصوف نے ایک بہت لمبا عرصہ گزارا۔ اس عرصے میں جِم خانہ میں جو چہل پہل، رونق اور ہلّا گُلّا دیکھنے میں آیا، وہ خال خال ہی دِکھتا ہے۔ جس جگہ بھی جائیں، وہاں رونق لگا رکھنے کا راز اُن کے پاس موجود ہے۔ حکومتِ پاکستان نے ان کو تمغۂ امتیاز سے بھی نواز رکھا ہے۔ ان کےگھر جائیے تو نہ جانے کتنی ہی چِقیں، چِملنیں، جھروکے، روزن اور بالکونیاں گھر میں سجا رکھی ہیں، جو شاید نوجوانی کی یادگار ہیں کہ جب چوری چُھپے چلمنوں کی اوٹ سے خط تھمائے جاتے تھے۔ ؎
کیا قیامت ہے کہ چلمن سے لگے بیٹھے ہیں
صاف چُھپتے بھی نہیں، سامنے آتے بھی نہیں
شاعری کی پڑھنت کا بھی ذوق و شوق رکھتے ہیں۔ انگریزی نظموں، خصوصاً رومیو جیولیٹ میں رومیو کے کچھ ڈائیلاگ یوں بے تکان بولتے ہیں کہ جیولیٹ ہوتی تو دل تھام کر رہ جاتی۔ فیض کو پڑھیں تو انقلابی کھرج، ہیر وارث شاہ پڑھیں تو رومانی لہجہ۔ خطّاطی کا بھی شوق ہے۔ ان کے کتب خانے میں جہاں ایک طرف ان کا شجرۂ نسب لٹکا ہے، وہیں بلوچ قبیلے کی خاص بندوقیں، تلواریں بھی ہیں اور فنِ خطاطی کا جملہ ساز و سامان بھی۔
جگت باز بھی ہیں، جملے باز بھی ایسے کہ جملے سے باز نہیں آتے۔ ان کے بعض جُملے، جُملے کم، حملے زیادہ ہوتے ہیں۔ ہم تو اتنا جانتے ہیں کہ سول سروس اور شہرِ لاہور کی تاریخ میں کامران لاشاری جیسے کردار خال خال ہیں۔ تاریخ انہیں اپنی طرز کی اکلوتی شخصیت کے طور پر یاد رکھے گی۔ آخر میں، ان کی تحریک پر ،شہرِ لاہور کی محبّت میں لکھی گئی ایک غزل ملاحظہ فرمائیں۔ ؎
ڈھونڈتا پھرتا ہُوں لوگوں سے بَھرے لاہور میں
کچھ پُرانے یار مِل جائیں نئے لاہور میں
مَیں نے مَنَّت مان لی ہے آج داتا کے حضور
دیکھنا تُم جلد واپس آؤ گے لاہور میں
دانہ پانی ڈھونڈنے سب جا بسے ہیں دُور دیس
کیا زمانہ تھا کہ سارے دوست تھے لاہور میں
فیض، مَنٹو اور مُنیر، اقبال، ناصر اور ندیم
ہائے کیا کیا ولولے آباد تھے لاہور میں
دو ہی شہروں میں ہیں اچھی آنکھیں، ہندوستانیو!
یا تمہارے لکھنؤ میں یا مِرے لاہور میں
آپ شاید بھول بیٹھے ہیں، مُجھے تو یاد ہے
ایک بار آنکھیں مِلی تھیں آپ سے لاہور میں
جانے کس آسیب کا سایہ ہے میرے شہر پر
آج کل لگتے نہیں ہیں قہقہے لاہور میں
(خاکہ نگار اسلام آباد میں تعینات سینئر بیوروکریٹ، نہایت مقبول شاعر اور بہترین کالم نگار ہیں)