پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختون خوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف دائر درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختون خوا اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو 14 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
درخواست گزاروں کے مطابق صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بغیر ایمرجنسی نافذ کی گئی، جبکہ صدر کے پاس ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے ٹھوس شواہد موجود نہیں تھے۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ صوبے میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج طلب کی گئی، حالانکہ فوج کو سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے بلایا جاتا ہے۔
سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔
عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی۔