سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ میر رضا قتل کیس میں جس کی کوتاہی ثابت ہوگی اسے سزا ملے گی، کسی ایک فرد کی غلطی کو پورے محکمے کی غلطی قرار دینا زیادتی ہوگی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ کے فیصلے کے تحت جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا تھا، جس کی رپورٹ گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی، وزیراعلیٰ سندھ نے رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے 3 سینئر وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں ضیاء الحسن لنجار، سعید غنی اور ناصر شاہ شامل ہیں، کمیٹی رپورٹ کا مطالعہ کر کے کابینہ کو آگاہ کرے گی اور جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ کسی ایک فرد کی غلطی کو پورے محکمے کی غلطی قرار دینا زیادتی ہوگی، سندھ پولیس نے بڑے بڑے مقدمات حل کیے ہیں، کراچی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، ایسے واقعات صرف کراچی نہیں بلکہ پاکستان اور دنیا بھر میں ہوتے ہیں۔
سینئر وزیر کا کہنا ہے کہ پولیس کا فرض ہے کہ شفاف تحقیقات کرے اور ذمے داران کو سزا دلوائے، یہ مقدمہ پولیس کے لیے بھی سبق ہے کہ آئندہ عجلت کے بجائے مکمل تحقیقات کی جائیں۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا ہے کہ کراچی میں اورنج لائن کا منصوبہ تیار ہے، جبکہ ریڈ لائن منصوبے میں یونیورسٹی روڈ پر کام بڑا چیلنج تھا، اب یونیورسٹی روڈ پر مشکلات کم ہوئی ہیں، تاہم تجاوزات کے مسائل موجود ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ریڈ لائن کا مشکل اور تکلیف دہ کام مکمل ہوچکا ہے، اب اسٹیشنز اور ڈپو تعمیر کیے جانے ہیں، یلو لائن پر کام شروع ہونا ہے جبکہ جام صادق پل کا دوسرا حصہ بھی جلد مکمل ہو جائے گا، یلو لائن پر کام کے دوران ٹریفک کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، شہریوں کو پیش آنے والی زحمت پر پیشگی معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ گرین لائن وفاقی حکومت کا منصوبہ تھا، جو سندھ حکومت کے حوالے کیا گیا، اس کے بعد اس پر سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، اورنج لائن، ریڈ لائن اور یلو لائن سندھ حکومت کے منصوبے ہیں۔
شرجیل میمن کے مطابق نومبر میں بڑی تعداد میں ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچ رہی ہیں، مسلسل محنت کے بعد شہر کا ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہو رہا ہے، خواتین کے لیے پنک بسیں چلائی جارہی ہیں اور مفت پنک اسکوٹیز فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ 50 ہزار خواتین موٹرسائیکل لائسنس کے لیے درخواست دے چکی ہیں، جبکہ اب تک 25 ہزار سے زائد خواتین کو لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں۔
سینئر وزیر نے کہا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ ناردرن بائی پاس کے قریب ٹرک اسٹینڈ تعمیر کر رہا ہے، جبکہ پانی کو صاف کر کے قابلِ استعمال بنانے کا منصوبہ بھی شروع ہوچکا ہے، کراچی میں صفائی کا مسئلہ تقریباً 95 فیصد حل ہوچکا ہے۔