• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارو گنگولی نے فلم دوسرا کی ریلیز رکوانے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی۔فوٹو: فائل
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی۔فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے 23 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی نئی فلم ’’دوسرا‘‘ کی نمائش رکوانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ انہوں نے یہ مقدمہ اپنے شخصی حقوق کی خلاف ورزی کے الزام میں دائر کیا۔ تاہم دہلی ہائی کورٹ نے فلم کی ریلیز روکنے سے انکار کر دیا۔

فلم میں پلابتھا بورٹھاکر تارا کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم کرکٹ کے ایک تاریخی لمحے کو بنیاد بنا کر آزادی کے لیے ایک ذاتی جدوجہد کی کہانی بیان کرتی ہے۔

جسٹس دنیش بھٹ نے واضح کیا کہ انہوں نے سنیما گھروں میں فلم کی ریلیز پر پابندی نہیں لگائی۔ مقدمے کی اگلی سماعت کل کو ہوگی۔

سارو گنگولی اور فلم پروڈکشن ہاؤس لوو فلمز نے دہلی ہائی کورٹ سے درخواست کی تھی کہ فلم کی ریلیز روکی جائے۔ ان کا مؤقف تھا کہ فلم میں گنگولی کی زندگی کے حقیقی واقعات بالخصوص نیٹ ویسٹ کرکٹ سیریز کے فائنل میں ان کی کپتانی اور لارڈز کے میدان میں شرٹ اتار کر جشن منانے کے واقعے کو استعمال کیا گیا ہے۔

ان کا الزام ہے کہ گنگولی کی شخصیت اور شہرت سے متعلق حقوق کو بغیر اجازت تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ پروڈکشن ہاؤس کے مطابق گنگولی کی مجوزہ سوانح عمری پر مبنی فلم کے خصوصی معاہداتی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ لوو فلمز نے مجاز سوانحی فلم ’’دادا: دی سارو گنگولی اسٹوری‘‘ پر بھاری سرمایہ کاری کی ہے، جس کی ریلیز 14 مئی 2027 کو طے ہے۔

دوسری جانب فلم سازوں کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ’دوسرا‘ سارو گنگولی کی سوانح عمری پر مبنی فلم نہیں ہے۔ فلم کی کہانی راجستھان سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو گنگولی سے متاثر ہوتی ہے۔

فلم کی مرکزی کردار تارا ایک نوجوان لڑکی ہے، جسے اپنے قدامت پسند گھرانے میں خود کو منوانے میں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ اپنے اوپر عائد پابندیوں پر سوال اٹھانا شروع کر دیتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم دوسرا کی ریلیز 23 اکتوبر کو شیڈول ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید