کراچی کی سیشن کورٹ نے ایس ایچ او ریلوے احسن رشید کی عبوری ضمانت کی توثیق کردی، عدالت نے احسن رشید کو 30 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کی۔
عدالت نے کہا کہ دونوں سرکاری اداروں کا آپس کا تنازع ہے، مقدمے کے مطابق ریلوے اہلکاروں نے مدعی مقدمہ کو اغواء کیا، کسی عینی شاہد کو پیش نہیں کیا، ملزم شامل تفتیش ہوچکا ہے، جیل بھیجنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ کے ایم سی نے تحریری یقین دہانی کے باوجود ریلوے ٹریک پر روڈ بنانے کی کوشش کی، ریلوے ٹریک پر روڈ بنانے سے روکنے پر جھوٹا مقدمہ بنا دیا گیا، کے ایم سی نے ریلوے پولیس پر حملہ کیا۔
خیال رہے کہ احسن رشید و دیگر کے خلاف صائم عمران کی مدعیت میں شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج ہے۔