• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

السّلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

بڑی جاں فشانی سے

اگست کا پہلا شمارہ ہی بےپناہ خوبیوں سے مزیّن تھا۔ محمود میاں نجمی کی تحریر ’’گنبدِ خضرا‘‘ ، منیر احمد خلیلی کی کاوش ’’تُرکی: ماضی وحال‘‘ اور ڈاکٹر عامر طاسین کی رپورٹ ’’اگلی تاریخ پر حاضر ہوں‘‘ سمیت ’’ڈائجسٹ ‘‘ کی تمام تحریریں بھی لاجواب تھیں۔

ماشاءاللہ تمام ہی لکھاری بڑی جان فشانی سے نگارشات رقم کرتے ہیں۔ نیز، آپ کی سرپرستی مزید چار چاند لگا دیتی ہے۔ (بابر سلیم خان ، سلامت پورہ، لاہور)

ج: جی بے شک، آج کے دَور میں ایسی جان فشانی عمومی طور پر عنقاہی ہے۔

قیمت وصول ہوجاتی ہے

1961ء سے اخبارات کا قاری ہوں، بعد ازاں قلم کاری کی طرف مائل ہوکر رسائل و جرائد سے شوق کی تکمیل کررہاہوں۔ اخبار ’’جنگ‘‘ کا میں اُتنا ہی پُرانا قاری ہوں، جتنی اِس کی تاریخِ اشاعت ہے۔ آج بھی بروز اتوار چار اخبارات خرید کر اور مکمل پڑھ کر اَپنے شوق اورحصولِ علم کی تکمیل کرتا ہوں۔ کئی بار آپ کے میگزین پر چیدہ چیدہ تبصرے کی خواہش اُبھری، مگر مصروفیات اپنے جال میں پھنسائے رکھتیں۔ آج بھی محوِ مطالعہ ہی تھا کہ کاغذ قلم سنبھالا اور لکھنے بیٹھ گیا۔

چند الفاظ ہیں، اگرمعیار پر پُورے اُتریں تو کسی کونے میں جگہ دے کر شکریے کا موقع دیں۔ ؎ تُو آئے تو گُلشن کا حسیں چہرہ نِکھر جائے…یہ مصرعہ میگزین کے سرِورق پر پورا اُترتا ہے۔ محمود میاں نجمی بہترین لِکھاری ہیں، اسلامی و اخلاقی مضامین اُن کا خاصّہ ہیں اور بندہ ان کے مضامین سے بےحد استفادہ کرتا ہے۔ ربیع الاوّل کے بابرکت ماہ کی نسبت سے ’’وِما اَرسلنٰک اِلّا رَحْمَۃُ للعالمین‘‘ نئے سلسلے کی پہلی قِسط نہایت دل کش بیان اور منفرد اندازِ تحریر کامنہ بولتاثبوت معلوم ہوئی۔

منیر احمد خلیلی بھی مختلف موضوعات پر دسترس رکھتے ہوئے سیرحاصل جائزہ پیش کرتے ہیں۔ ابرار ندیم ریڈیو پاکستان، لاہور کے ایف ایم چینل کے پروڈیوسر شاعر، کالم نگاربھی ہیں۔ بلوچستان کا کئی بار دورہ کرچُکے ہیں، اسی تناظر میں بلوچستان کا ماضی اور حال سامنے رکھتے ہوئے مجموعی صورتِ حال پر جامع تحریر رقم کی۔ منوّر مرزا اپنے وسیع مطالعے اور تجربات کی روشنی میں متنوّع تحاریر کے ذریعے علمی بصیرت و قابلیت کا اظہار کرتے ہیں، اس شمارے میں پاکستانی معیشت کو موضوع بناتے ہوئے شان دار تجاویز پیش کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیا۔

رؤف ظفر کے مضامین بھی وقتاً فوقتاً پڑھنے کومل جاتے ہیں، اس بار سیاحت کے لیے شمالی علاقہ جات جانے والوں کی بہترین رہنمائی کی۔ رحمان فارس بیورو کریٹ اور منجھے ہوئے شاعر ہونے کے ساتھ فنونِ ادب کے ستاروں سے ملاقات میں بھی کمال دسترس رکھتے ہیں، اس مرتبہ ’’احمد مشتاق‘‘ موضوعِ سُخن تھے، لیکن ان کی شاعری کو نسبتاً کم جگہ دی گئی۔ ماڈلنگ کے صفحات کا جواب نہیں، شائستہ اظہر کا اندازِ نگارش جداگانہ ہے۔

ڈاکٹر سکندراقبال کا بچّے کے ابتدائی ایّام سے متعلق انتہائی معلوماتی مضمون اپنی مثال آپ تھا کہ معلومات کے ساتھ مفید مشورے بھی دئیے گئے۔ انزلہ صدیقی نے جدید دَورکی دل فریب ایجاد موبائل فون کی افادیت و نقصانات پر سیر حاصل گفتگو کی۔

ڈاکٹر عزیزہ انجم کی نگارش بھی بےحد پسند آئی۔ اور اب باری ہے،’’نئی کتابیں‘‘ کی، اختر سعیدی خُود بھی بہترین شاعر ہیں، توکُتب پر تبصرہ بھی شان دارفرماتے ہیں۔ آخر میں بات ’’آپ کا صفحہ‘‘ کی، قارئین کے خطوط اورآپ کےجوابات پڑھ کرجریدےکی قیمت موصول ہو جاتی ہے۔ (ناز اوکاڑوی، انجینئرٹاؤن، سیکٹر اے، ڈیفینس روڈ، لاہور)

ج: 1961ء سے مطالعے کا ذوق و شوق رکھتے ہیں، تو تحریر میں اتنی شُستگی وروانی توبنتی تھی۔ اب وقت نکال کے آتے جاتے رہیے گا، لیکن براہِ کرم مختصر نویسی مقدّم رہے۔

مزید تحاریر کے منتظر

’’سرچشمۂ ہدایت‘‘ کے نئے سلسلے میں نجمی صاحب نے حضور اکرم ﷺ کے بچپن کے واقعات سُنائے، واللہ، کیا تحریر ہے، پڑھ کر آنکھوں سے آنسو رواں ہوگئے۔ نبی کریمؐ کا ذکر جسم وجاں، رُوح کو ایسی طراوت بخشتا ہے کہ بیان سے باہر ہے۔’’اشاعتِ خصوصی‘‘ میں منیر احمد خلیلی بہت سے چُھپے حقائق سے آگاہ کررہے ہیں۔ اس تحریرسے آبنائے ہُرمز کی اہمیت کا اندازہ ہوا۔ ’’حالات و واقعات‘‘ میں منور مرزا نے سو فی صد درست تجزیہ کیا۔

ہمارے یہاں کام کی بجائے بےمقصد باتوں ہی پربحث مباحثے ہوتے رہتے ہیں۔ ’’احسنِ تقویم‘‘میں رحمان فارس اور احمد مشتاق دونوں کے اشعار پڑھے، دل خوش ہوگیا۔ ’’پیارا گھر‘‘ میں صبا احمد کا تخم بالنگا، ڈائجسٹ میں اسلام اورحقوقِ نسواں، اچھی باتیں اور اَن مول موتی اچھی تحریریں لگیں۔ اور’’آپ کا صفحہ‘‘ میں آپ نے چوہدری قمر اور صفدر خان کو جوجوابات دیئے، بہت ہی زبردست دیئے، پڑھ کردل خوش ہوگیا۔ اور ہاں، ہم اسد اشرف ملک کی مزید تحاریرکےبھی منتظر ہیں۔انہوں نےاپنی شان دار نگارش کے ذریعے محبت کے کیا خوب معنی سمجھائے۔ (سعید احمد خانزادہ، سکرنڈ)

ج: جی، آپ کی فرمائش سے قبل ہی اُن سے لکھتے رہنے کی گزارش کی تھی، اب تو آپ اُن کی دوسری تحریر بھی ملاحظہ کر چکے ہوں گے۔

دوبارہ جریدے کی زینت

؎ وفا کرتا ہے جو بھی مصطفیٰ ؐ سے … صلے میں اُس کو مل جاتا خُدا ہے۔ ربیع الاوّل کی مناسبت سے حالیہ شمارہ سرِورق کی نورانیت اوردرمیانے صفحات کے حُسنِ ترتیب کے ساتھ ملا۔ پھر ہر ہرصفحے پر مضامین نگاروں کی ہر ہر سطر اظہارِ عقیدت سے لب ریزتھی۔ سیرت محمدؐ اور مدحتِ رسولؐ کے مختلف پہلوؤں پر معلوماتی مضامین کے تخلیق کار محمود میاں نجمی، حافظ بلال، مہوش عروج، ڈاکٹر حافظ محمّد ثانی، ثانیہ انور، افشاں نوید سب لائقِ صد تحسین و افتخار ہیں۔ اس اشاعتِ خاص کی جتنی تعریف کی جائے، کم ہے۔

باوجود اس کے، ہم محمدؐ سے وفا کا حق ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ وہ کیا ہے کہ ؎ حق تو یہ ہے کہ حق ادا نہ ہوا۔ منورمرزا’’معاہدۂ مکّہ‘‘پر اظہارِخیال فرمارہے تھے۔ منیراحمد خلیلی کا مضمون کویت کے تاریخی اُتار چڑھاؤ کی کہانی بیان کررہا تھا۔ نیز، ڈاکٹر عزیزہ انجم کی نعت، نجم السحر کی تحریر ’’تسبیحِ فاطمہؓ‘‘ اور نائلہ روبی کی نگارش ’’بکھرے موتی‘‘ سب دل میں اُتر گئیں۔

’’آپ کا صفحہ‘‘ کے تمام نامہ نگاروں کے تبصرے حسبِ سابق قابلِ تعریف رہے۔’’گوشۂ برقی خطوط‘‘میں پرنس علی کے ’’ناقابلِ فراموش‘‘ کی عدم اشاعت سے متعلق استفسار پرجواباً آپ نے جو جواز پیش کیا، یقیناً حقیقت پرمبنی ہے۔ بلاشبہ معیار پر سمجھوتا نہ کرنا آپ کا خاصّہ ہے، جو قابلِ ستائش بھی ہے۔ بہرحال، مَیں 8؍فروری 1998ء کے ’’تین مرد، تین کہانیاں‘‘ سلسلے میں شایع شدہ اپنی ایک تحریر ارسال کررہا ہوں۔ آپ چاہیں تو اِسے دوبارہ بھی جریدے کی زینت بناسکتی ہیں۔ (امین شیدائی ، اورنگی ٹاؤن ،کراچی)

ج: کسی بھی تحریر کی دوبارہ اشاعت (خواہ وہ ہمارے اپنے ہی جریدے میں شایع ہوئی ہو) ہماری پالیسی کے سراسرخلاف ہے۔

ہفتہ بھر اُڈیک

؎ سراپا رنگ و بُو ہے، پیکرِ حُسن و لطافت ہے…عبارت کے ساتھ مہتاب صُورت، معصوم سی ماڈل وادیٔ کشمیر کا حُسن و خُوب صورتی سمیٹے، صبیح چہرے، نیلی آنکھوں کےساتھ سرِ ورق سے وسطی صفحات تک جلوہ افروز تھی۔ اندرونی صفحات کی تصویر نمبر7 بہترین تھی کہ زیب ِ تن لباس میں ماڈل ازحد سادہ مگر باوقار لگی۔ تحریر شائستہ اظہر صدیقی نے لکھی اور لاجواب لکھی۔افتخاربخاری کےکلام سے انتخاب نےتحریرمیں اور نکھار پیدا کیا۔ ’’آپ کا صفحہ‘‘، پیارا صفحہ بھی خوب جگمگا رہا تھا،بمع ناچیز کے خط کے۔

دیگر نامہ نگاروں کے خط پتروں نے بھی خُوب رنگ جمائے ہوئے تھے۔ ہمارے لیےیہ رنگین و خوش گوار ماحول، شاداں و فرحان چہرے، یہ خوشیاں یہ رونقیں، یہ محفلیں، یہ چند لمحے بہت ہی قیمتی ہوتے ہیں،اِسی واسطے ہفتہ بھر اُڈیک (انتظار) رہتی ہے۔ اللہ ان محفلوں کویُوں ہی آباد رکھے۔ قرأت نقوی کی کوئی ای میل شاملِ اشاعت نہ تھی۔

دیگر مندرجات میں رابعہ فاطمہ کی تحریر ’’پاکستان میں گریجویٹس، بے روزگار کیوں…؟‘‘ ہرخاص وعام کے لیے لمحۂ فکریہ تھی۔ ثانیہ انور نے بھی بڑے پیارے انداز سے آن لائن دوستوں اور سچے دوستوں کا فرق سمجھایا۔ افشاں نوید کی تحریر ’’ٹاکسک‘‘ شمارے کی نمبرون تحریر ٹھہری۔

عشاء خاں کی ’’قیدِ قفس‘‘ بھی بہترین تھی۔ ’’اِک رِشتہ، اِک کہانی‘‘ کے تحت افشاں نوید اور عالیہ شمیم نے ’’اُمت الرقیب‘‘ مرحومہ پر شان دار مضامین لکھے اور منور مرزا بہت دانش مندانہ طریقے سے مشرقِ وسطیٰ میں ’’جنگ اور مُذاکرات کا کھیل‘‘ کے عنوان سے مجموعی حالات کا تجزیہ پیش کررہے تھے۔ (محمد صفدر خان ساغر، نزد مکی مسجد، محلہ شریف فارم، راہوالی، گوجرانوالہ)

اعلیٰ معیار نظر آتا ہے

بلاشبہ ’’سنڈے میگزین‘‘ سرِورق سے لے کر آخری صفحے تک لائقِ مطالعہ تحریروں سے مزیّن ہوتا ہے۔ اگرچہ ہمارے بیش تر مضامین ردّی کی ٹوکری ہی کی نذر ہوتے ہیں، لیکن افسوس اس لیے نہیں کرتے کہ شائع شدہ مضامین کا معیار بہت اعلیٰ نظر آتا ہے، یہ بھی بہت ہے کہ آپ ہمارے خطوط کو کسی طور لائقِ اشاعت بنا کر جریدے کا حصّہ بنا لیتی ہیں۔ (شری مُرلی چند جی گوپی چند گھوگھلیہ، شکارپور)

ج: ویسے خُود شناسی، خُود آگہی اور پھر عجز و انکساری بھی بڑی اعلیٰ صفات ہیں۔

شوق کو تقویت نہ دے سکی

اُمید ہے، بفضلِ تعالیٰ بخیریت ہوں گی، بہت خواہش تھی کہ اپنی کچھ شاعری آپ کی نذر کروں۔ سو، آج دوغزلیں پیشِ خدمت ہیں، امیدِ واثق ہے آپ کے اعلیٰ معیار پر پوری اُتریں تو مجھ جیسی عاجز کو ضرورجگہ ملے گی۔

مَیں مختلف اوقات میں خانیوال میں ہونے والے مشاعروں میں شریک رہی ہوں اور ڈسٹرکٹ میں غزل کی بہترین شاعرہ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا، مگر 2010ء کے بعد کچھ نامساعد حالات کے سبب دیرینہ شوق کو زیادہ تقویت نہ دے سکی۔ (شہناز اصغر شان، بختیاری گارڈن، نزد پولیس لائن، خانیوال)

ج: وہ کیا ہے کہ شعر و شاعری ہَما شُما کا کام نہیں، ہم خُود اس فن سےنابلد ہیں۔ یوں کہیے، صرف اچھا کلام پڑھنے اورداد دینے ہی کی حد تک واقف کار ہیں۔ سو، ڈاک سے موصول ہونے والی تمام تر شعر وشاعری باقاعدہ ایک مستند شاعر سے چیک کروائی جاتی ہے۔ اور ہمیں افسوس ہے کہ مذکورہ شاعرنے آپ کی تمام غزلیات ’’بے وزن‘‘ کہہ کے ری جیکٹ کردی ہیں۔

                      فی امان اللہ

اس ہفتے کی چٹھی

’’آزادی ایڈیشن‘‘ موصول ہوا، سرِورق پر ایک حضرت اور دو خواتین پاکستانی پرچم کے رنگوں کے ملبوسات زیبِ تن کیے موجود تھے۔ منور مرزا حالیہ جنگوں کے کم نقصانات پر کچھ مطمئن نظر آئے اور آئندہ برس معیشت کی رفتار بڑھنے کی پیش گوئی کی۔ اللہ کرے، ایسا ہی ہو، مگر ہمیں ثالثی کی شہرت کے ساتھ عزت کی روٹی بھی درکار ہے۔ شہباز شریف چاہتے تو قرضوں کی معافی اورآئی ایم ایف سےجان چھڑوانےکے مطالبے آسانی سے منوا سکتے تھے، مگر پتا نہیں کون سی مصلحت آڑے آگئی۔ رابعہ فاطمہ ’’تقسیمِ ہند کے آخری تیس دن‘‘ کی برطانوی حکّام، مسلم لیگ اورکانگریس کے انتظامی معاملات کی تفصیلات بتا رہی تھیں۔

ثانیہ انور انسانی اعضاء کے عطیے اور پیوندکاری کے موضوع پرعُمدہ نگارش کے ساتھ آئیں۔ رحمان فارس نے اعلیٰ بیورو کریٹ، شاعر محمّد اظہار الحق سے متعارف کروایا، دیانت دار محنتی، اصول پرست، اعلیٰ افسران کی کمی نہیں، مگر پھر بھی انتظامی معاملات کی چُولیں صحیح نہیں بیٹھتیں، افسوس ناک امر ہے۔ یہ جو ہر طرف بدنظمی کا دَور دورہ ہے، آخر اس کا ذمّےدار کون ہے، حُکم ران یا بیورو کریسی؟

’’سینٹر اسپریڈ‘‘ میں افشاں نوید نے جذبۂ حب الوطنی سے سرشار’’رائٹ اَپ‘‘ لکھا۔ ڈاکٹر سکندر اقبال کھانے کے اوقات منظّم کرنے کا طریقہ بتا رہے تھے، جو دینِ اسلام نے 1500سال پہلے ہی بتا دیا تھا، مگر ہم تو کھانے، پینے کے ایسے شوقین ہیں کہ جیسے پیدا ہی اس کام کے لیے ہوئے ہیں۔ سحر ملتانی قائدِاعظم کی بلوچستان سے محبت کا تذکرہ لائے، اسد اشرف ملک نے محبّت کی معراج کے سفر سے متعلق، جو چھے منازل سے ہوکر گزرتا ہے، اچھوتی نگارش قلم بند کی۔ بلاشبہ، کائنات کا پورا نظام ہی محبّت سے مربوط ہے۔ بلقیس متین بھی حب الوطنی کےتقاضے بتا رہی تھیں تو رانا محمد شاہد نے سبز ہلالی پرچم کے احترام اور حفاظت کی تلقین کی۔

وطن سےمحبت کاتقاضا یہی کہ ہرشخص اپنی ذمّے داریاں، فرائض سمجھ کر نبھائے، بددیانتی اور کام چوری سے گریزکرے۔ حافظ بلال بشیر نےنوجوانوں کو اسلاف کے کارناموں کی تقلید کا درس دیا کہ کہیں علامہ اقبالؒ کے شعر کی مثل نہ ہو جائیں۔ ؎ ’’تھے تو آباء وہ تمہارے ہی، مگر تم کیا ہو… ہاتھ پر ہاتھ دھرے منتظرِ فردا ہو۔‘‘ ضیاء الحسن اور عشاء خان نے ہجرت کے تناظر میں اعلیٰ نگارشات تحریر کیں، پڑھ کر آنکھیں بھر آئیں، ہمارے بزرگوں کا نئی نسل سے بس یہی تقاضا ہے ؎ ہم لائے ہیں طوفان سے کشتی نکال کے…اِس مُلک کو رکھنا میرے بچّو سنبھال کے…دیکھو کہیں اجڑے نہ ہمارا یہ باغیچہ…اس کو لہو سے اپنے شہیدوں نے ہے سینچا…اس کو بچانا جان مصیبت میں ڈال کے۔‘‘ مگر ہم نے تو نااہلی سےآدھا مُلک ہی گنوا دیا ہے۔ ڈاکٹر عزیزہ انجم اور نظیر فاطمہ نے بھی آزادی کا مفہوم اچھی طرح سمجھایا، ہمارےصفحے میں شائستہ اظہر صدیقی کی چٹھی مسند پر جگمگا رہی تھی۔ شائستہ! ہم نے آپ کی معذرت اور میپل کا پتّا دل سے قبول کیا۔ آپ کی ایسی شائستہ معذرت سے والدین کی اعلیٰ تربیت اجاگر ہو رہی ہے اور ہاں، یاد رہے، سیال کوٹ کو 65ء کی جنگ میں بھارت کے 600 ٹینکس کا قبرستان بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ (شہزادہ بشیر محمّد نقش بندی، میرپورخاص)

ج: بےشک، شائستہ انتہائی مہذّب وشائستہ، اعلیٰ اخلاق و اطوار کی مالک ہیں، یہ گواہی تو آپ ہم سے بھی لے لیں۔

گوشہ برقی خطوط

* مَیں گزشتہ کئی برسوں سے جنگ، سنڈے میگزین باقاعدگی سے پڑھ رہا ہوں۔ ہر ہفتے بےچینی سےنئے شمارے کا انتظار رہتا ہے کہ اس میں شامل معلوماتی مضامین، ادبی تحریریں، انٹرویوز، صحت، تعلیم، تاریخ، سیاحت اورسماجی موضوعات پرشائع ہونے والا مواد نہ صرف علم میں اضافہ کرتا ہے بلکہ قارئین کی ذہنی و فکری تربیت میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے، جوجریدہ ہرعُمرکے قارئین میں یک ساں مقبول ہے۔

ویسے اس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں تفریح کے ساتھ ساتھ معلومات اور آگاہی کا بھی بھرپورسامان موجود ہوتا ہے۔ آپ اور آپ کی پوری ٹیم یہ معیاری روایت برقرار رکھنے کے لیے جس محنت،لگن سے کام کررہی ہے،قابلِ تعریف ہے۔ تب ہی ہم جیسے ہزاروں قارئین ہر ہفتے میگزین کے مختلف صفحات دل چسپی سے پڑھتے اور بہت کچھ سیکھتے ہیں۔

میری ایک گزارش ہے کہ قارئین کی دل چسپی مزید بڑھانے کے لیے کوئز کے ایک مستقل سلسلے کا آغاز کیا جائے، جس میں ہرہفتے قارئین سے عمومی معلومات، تاریخ، پاکستان، ادب، سائنس اور کھیل سے متعلقہ سوالات پوچھے جائیں اور قارئین اپنے جوابات خط، ای میل یا دیگر دست یاب ذرائع سےارسال کریں اور پھرقرعہ اندازی کے ذریعےخوش نصیب قارئین کو یادگاری تحائف، کتابیں یا دیگر انعامات دیئے جائیں۔ اس طورنوجوان نسل میں مطالعے کا شوق بڑھے گا، تو جریدے سے وابستگی بھی مضبوط ہوگی۔ اُمید ہے، میری تجویز کو مثبت اندازسے دیکھا ہی نہیں جائے گا، اس پر عمل بھی ہوگا۔ (حاجی معصوم جاکھرانی، کندھ کوٹ، کشمور، سندھ)

ج: جی واقعتاً سُننے میں تو تجویز اچھی ہی ہے، لیکن 2026ء کے بجائے2006ء یا 2016ء میں بھی دےدیتے، توعمل کاسوچا جا سکتا تھا۔ اب تو بس پرنٹ کی صُورت جو،جتنا، جیسا مل رہا ہے، اُسے ہی غنیمت جانیے۔

* کیسی ہیں آپ؟ مَیں اپنی شعر و شاعری پبلش کروانا چاہتی ہوں، کیا آپ اس کا طریقۂ کار بتا سکتی ہیں؟ آپ کی رہنمائی درکارہے۔ (رخشندہ بشارت)

ج: طریقۂ کارکچھ خاص نہیں ہے، بس ’’شاعری‘‘ ہونی چاہیے۔ ویسے’’پبلش‘‘ پڑھ کے اندازہ ہو تو رہا ہے، لیکن، خیر…

قارئینِ کرام کے نام !

ہمارے ہر صفحے، ہر سلسلے پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیجیے۔ اس صفحے کو، جو آپ ہی کے خطوط سے مرصّع ہے، ’’ہائیڈ پارک‘‘ سمجھیے۔ جو دل میں آئے، جو کہنا چاہیں، جو سمجھ میں آئے۔ کسی جھجک، لاگ لپیٹ کے بغیر، ہمیں لکھ بھیجیے۔ ہم آپ کے تمام خیالات، تجاویز اور آراء کو بہت مقدّم ، بے حد اہم، جانتے ہوئے، ان کا بھرپور احترام کریں گے اور اُن ہی کی روشنی میں ’’سنڈے میگزین‘‘ کے بہتر سے بہتر معیار کے لیے مسلسل کوشاں رہیں گے۔ ہمارا پتا یہ ہے۔

نرجس ملک

ایڈیٹر ’’ سنڈے میگزین‘‘

روزنامہ جنگ ، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی

sundaymagazine@janggroup.com.pk

سنڈے میگزین سے مزید