صاحبو! بعض گھرانے ایسے ہوتے ہیں کہ اُن کے آنگن میں محض بچّے نہیں پلتے، زمانے پر اثرانداز ہونے والی روایتیں پروان چڑھتی ہیں۔ وہاں لوری، لوری نہیں، شُستگی و شائستگی کی ڈوری ہوتی ہے۔ گفتگو ہاؤ ہُو نہیں، آبجُو کی طرح بہتی ہے اور خاموشی میں بھی تہذیب کی سرگوشی سُنائی دیتی ہے۔
منیزہ ہاشمی کا شمار بھی اُن خوش نصیب ہستیوں میں کیا جا سکتا ہے، جن کی پرورش ایسے ہی ایک گھرانے میں ہوئی، جہاں جمال کا رنگ، خیال کا ڈھنگ اور غزل و غزال کی ترنگ محض کتابوں میں پڑھنے کی چیزیں نہ تھیں بلکہ زندگی کرنے کے روزمرّہ آداب میں شامل تھیں۔
ان کے والد فیض احمد فیض تھے، وہی فیض جن کے ہاں محبّت کے ذکر میں انسانیت کی خوشبو اور انقلاب کے تذکرے میں دل کی آرزو سُنائی دینے لگتی ہے۔ اور والدہ ایلس فیض، جن کی اپنی شخصیت میں مشرق و مغرب کے تہذیبی رشتوں کی ایک الگ داستان پوشیدہ تھی۔
اُن سے نیازمندی کے تانے بانے کچھ پرانے، کچھ حالیہ زمانے، کچھ شعر و سخن کے فسانے اور کچھ انقلاب کے ترانے ہیں۔ وہ میرے رُوحانی مُرشد فیض کی پیاری بِٹیا رانی، میری کتاب پر فلیپ لکھنے والی بہترین مصورہ سلیمہ ہاشمی کی بہنا، میرے عزیز ترین مزاح نگار و مزاج شناس بھائی عدیل ہاشمی کی امّاں جانی اور ہاشمیوں کی اس لڑی کی ایک اور کڑی یعنی ہمارے اپنے شمعون ہاشمی کی فنِ تقریر وتحریر میں محترم ترین اُستانی ہیں۔
اُن سے پہلی ملاقات بہت برس قبل ’’فیض امن میلہ‘‘ میں ہوئی۔ بھیڑ بھاڑ کا عالم تھا۔ کتابیں اور کتب خوان لاتعداد۔ دو بہنیں نمودار ہوئیں، گویا نجوم کے ہجوم سے اچانک مہر و ماہ چمک دمک اُٹھیں۔ رمق ایسی کہ کسی چراغ کی کمک کی ضرورت نہیں۔ مہک ایسی کہ فلک پر افق سے شفق پھوٹ بہے۔ سلیمہ آپا سے تعارف تھا۔ مُنیزہ آپا سے وہیں ہوا۔
وہی فیض کی سی بڑی بڑی، ذہانت میں ڈبڈبائی غزل نُما آنکھیں کہ غزال بھی جنہیں دیکھ کر چوکڑی بھول جاویں۔ وہی ایلس جیسی کشادہ جبیں کہ ویسی حسیں جبیں کہیں نہیں۔ ترشے ترشائے بال، سمٹے سمٹائے خدوخال، گفتگو میں نپی تُلی، اُردو لکھنوی آہنگ میں دُھلی۔ ابّا، اماں کا حسین و بہترین امتزاج۔ ہم نے سلام کیا، ہاتھ باندھے کھڑے رہے اور دُعائیں لیں۔
ویسے صاحبو! منیزہ ہاشمی کی کہانی بہت الگ ہے۔ 1946 ء میں تقسیمِ ہند سے پہلے کے ہندوستان کے شہر شملہ میں پیدا ہوئیں۔ اس وقت ہندوستان کا نقشہ ابھی وہ نہ تھا، جو چند ہی برس بعد ہونے والا تھا۔ سرحدیں کھنچنے کو تھیں، ہجرتوں کے قافلے تقدیر کے فیصلوں کے منتظر تھے، اور تاریخ اپنے دامن میں ایسے واقعات سمیٹ رہی تھی، جن کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے جانے تھے۔
منیزہ کے والدین، فیض احمد فیض اور ایلس فیض نے اُنہیں اُسی زمانے میں دنیا میں خوش آمدید کہا۔ مگر ابھی ان کی عُمر کا پہلا برس بھی پورا نہ ہوا تھا کہ برِعظیم کی تقسیم نے لاکھوں انسانوں کی طرح اُن کے خاندان کو بھی نقل مکانی پر مجبور کر دیا۔ یوں شملہ کی فضاؤں سے چلنے والا یہ خاندان لاہور آن پہنچا، اور منیزہ کی پرورش اسی شہر میں ہوئی، جس کی گلیوں میں تہذیب بھی چلتی ہے اور ادب تو گویا ہر دوسرے موڑ پر کسی نہ کسی بہانے آن بیٹھتا ہے۔
گھر میں فیض ہوں تو یہ توقع عبث نہیں کہ بچّوں کے حصّے میں عام گھریلو گفتگو سے کچھ زیادہ آئے گا۔ لیکن یہ بھی یاد رکھنے کی بات ہے کہ بڑے آدمی کے گھر پیدا ہونا ایک اعزاز ضرور ہے، خودبخود کوئی کارنامہ نہیں۔ نام کی چھاؤں میں بیٹھنا سہل ہے، اپنی دھوپ خود کمانا کٹھن۔
منیزہ ہاشمی کی زندگی کا دل چسپ پہلو یہی ہے کہ اُنہوں نے اپنے والد کی شہرت کو اپنی پہچان کا واحد حوالہ نہیں بننے دیا، بلکہ اپنی عملی زندگی میں ایک الگ راستہ اختیار کیا۔ ایسا راستہ جس پر قدم جمانے کے لیے محض خاندانی نسبت نہیں، محنت، قابلیت، تجربہ اور اپنے شعبے کی باریکیوں سے واقفیت درکار ہوتی ہے۔ ان کی بڑی بہن سلیمہ ہاشمی ہیں، جو مصوری، اداکاری، تعلیم اور سماجی سرگرمیوں کے میدانوں میں اپنی شناخت رکھتی ہیں۔
یوں اس گھرانے کی دونوں بیٹیوں نے اپنے اپنے انداز میں فن اور فکر سے رشتہ قائم رکھا۔ والدہ ایلس فیض کی بہن کرسٹوبل تاثیر، سلمان تاثیر کی والدہ تھیں اور سلمان تاثیر پنجاب کے گورنر رہے۔ اس نسبت سےمنیزہ کا خاندانی حلقہ بھی علم، فن، سماجی زندگی اور عوامی معاملات سے جُڑا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ البتہ خاندان کی نسبت اپنی جگہ، آدمی کی اصل پہچان اُس کے اپنے کام سے ہوتی ہے، جو مُنیزہ کے ہاں بہترین ہے۔
اُنہوں نے ابتدائی تعلیم کنیئرڈ کالج برائے خواتین سے حاصل کی۔ اس کے بعد جامعۂ پنجاب سے ماسٹرز کی سند حاصل کی اور تعلیم ہی کے میدان میں اپنی علمی استعداد کو مزید وسعت دینے کے لیے امریکا کی جامعہ ہوائی سے تعلیم کے مضمون میں دوسری ماسٹرز ڈگری حاصل کی۔ اس تعلیمی سفر میں ایک بات خاص طور پر قابلِ توجہ ہے۔
انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ مستقبل کی بنیاد صرف ذوق و شوق پر نہیں رکھی، بلکہ تعلیم اور تربیت کو بھی اس کا لازمی جزو بنایا۔1967 ء میں منیزہ ہاشمی نے پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن میں بطورمعاون پروڈیوسر ملازمت شروع کی۔ یہ وہ زمانہ تھا، جب پاکستان میں ٹیلی وژن ابھی اپنی شناخت بنا رہا تھا اور نشریاتی دنیا میں کام کرنے والوں کے لیے بہت کچھ سیکھنے، آزمانے اور نئے طور طریقے وضع کرنے کی گنجائش موجود تھی۔
آج کی نسل کو شاید اندازہ نہ ہو کہ ٹیلی وژن کے ابتدائی زمانے میں پروگرام بنانا محض چند بٹن دبانے یا تیار شدہ مواد کو پردۂ نمائش پر لے آنے کا نام نہ تھا۔ تب یہ سلیقہ درکار تھا کہ ناظر کے وقت کو بےقدری کی نذر نہ کیا جائے۔ منیزہ نے اسی میدان میں چار دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزارا۔ معاون پروڈیوسر سے سفر شروع ہوا اور رفتہ رفتہ وہ لاہور مرکز کی جنرل منیجر بنیں۔
اپنی ملازمت کے آخری دَور میں وہ پاکستان ٹیلی وژن میں ڈائریکٹر پروگرامز کے منصب پر فائز تھیں۔ اس طویل پیشہ ورانہ سفر کو محض عہدوں کی فہرست سمجھنا ایسی ہی غلطی ہوگی، جیسے کسی عمارت کو دیکھ کر صرف اس کی منزلیں گن لی جائیں اور یہ نہ دیکھا جائے کہ بنیاد کتنی گہری ہے۔
منیزہ کی شخصیت کا ایک دوسرا رُخ اداکاری سے متعلق ہے۔ 1970ءکی دہائی میں انہوں نے اشفاق احمد اور بانو قدسیہ کے تحریر کردہ ٹیلی وژن ڈراموں میں بھی کام کیا۔ یہ وہ دَور تھا، جب ڈرامے کی دنیا میں لفظ میں رچاؤ، مکالمے میں ٹھہراؤ تھا اور کردار کی جان محض بلند آواز یا بناوٹی تاثرات میں نہیں، اس کے باطن کی سچائی میں تلاش کی جاتی تھی۔1973 ء میں منیزہ ہاشمی ٹیلی وژن ڈرامے ’’ٹال مٹول‘‘ میں مختلف کرداروں کے ساتھ نظر آئیں۔
اگلے برس، یعنی 1974 ء میں انہوں نے ایک یادگار ڈرامے میں اینجی کا کردار ادا کیا۔ پھر 1976 ء میں وہ پاکستان کی پہلی انگریزی فیچر فلم Beyond the Last Mountain میں نظر آئیں۔ فلم کے مصنف اور ہدایت کار جاوید جبار تھے اور بعد میں یہ فلم دہلی میں منعقد ہونے والے چھٹے بین الاقوامی فلمی میلے میں بھی دکھائی گئی۔ یوں منیزہ کا فنی تجربہ ٹیلی وژن کے پردے سے نکل کر سنیما تک جا پہنچا۔
یہ بھی ان کے کام کے تنوّع کا ایک پہلو ہے کہ انہوں نے مختلف اصناف اور ذرائعِ ابلاغ میں اپنی صلاحیتیں آزمائیں۔1993 ء میں وہ حسینہ معین کے تحریر کردہ ڈرامے ’’پانی پر لکھا تھا‘‘ میں عالیہ کے کردار میں سامنے آئیں۔ عالیہ انسانی حقوق کی ایک سرگرم کارکن تھی۔ یہاں ایک دل چسپ بات یہ ہے کہ منیزہ کی پیشہ ورانہ زندگی میں ذرائعِ ابلاغ محض تفریح کا ذریعہ نہیں رہے۔ ان کا تعلق ایسے موضوعات اور اداروں سے بھی رہا، جن میں تعلیم، سماجی شعور اور انسانی حقوق کی آگاہی کو اہمیت حاصل تھی۔
پھر ان کے عملی سفر کا دائرہ پاکستان کی سرحدوں سے باہر بھی پھیلا۔ منیزہ ہاشمی تین مرتبہ دولتِ مشترکہ کی نشریاتی انجمن، یعنی کامن ویلتھ براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن کے بورڈ کی صدر منتخب ہوئیں۔ بعد ازاں جب اس انجمن نے اپنا نام بدل کر پبلک میڈیا الائنس رکھا تو وہ دوبارہ بورڈ کی صدر کی حیثیت سے اس ادارے سے وابستہ ہوئیں۔ 1998 ء میں وہ پاکستان ٹیلی وژن کے لاہور مرکز کی جنرل منیجر بنیں۔
اس عہدے تک پہنچنا ان کی طویل وابستگی اور ادارہ جاتی تجربے کا ایک نمایاں مرحلہ تھا۔ برسوں پہلے جس ادارے میں انہوں نے معاون پروڈیوسر کی حیثیت سے قدم رکھا تھا، اُسی ادارے کے ایک بڑے مرکز کی انتظامی سربراہی تک پہنچنا ان کے سفر کی ایک قابلِ ذکر منزل تھی۔
2013 ء میں منیزہ ہاشمی کولاہور کالج برائےخواتین یونی ورسٹی میں امن، مفاہمت اور ترقی کے لیے قائم ہونے والی پہلی بے نظیر بھٹو چیئر کی ذمّے داری سونپی گئی۔ اس تقرری میں تعلیم، سماجی ہم آہنگی اور ترقی کے تصورات ایک جگہ جمع دکھائی دیتے ہیں۔ اگست 2019 ء میں منیزہ ہاشمی لاہور آرٹس کونسل، یعنی الحمرا آرٹس کونسل کے بورڈ آف گورنرز کی چیئرپرسن مقرر ہوئیں۔ اس منصب پر فائز ہونے والی وہ پہلی خاتون تھیں۔
ایسے ادارے کی سربراہی میں ایک خاتون کا پہلی مرتبہ اس مقام تک پہنچنا اس پیشہ ورانہ سفر کا قابلِ ذکر باب ہے۔ لیکن منیزہ ہاشمی کی شخصیت کا مطالعہ صرف عہدوں، اداروں اور اعزازات کے شمار سے مکمل نہیں ہوتا۔ ان کے کام کا ایک اہم حصّہ انٹرویو نگاری اور یادداشت سے بھی تعلق رکھتا ہے۔ 2014 ء میں سنگِ میل پبلی کیشنز نے ان کی کتاب ’’کون ہوں مَیں‘‘ شائع کی، جس میں ممتاز پاکستانی خواتین کے انٹرویوز شامل ہیں۔
عنوان ہی میں ایک سوال پوشیدہ ہے۔ ایسا سوال جو بظاہر فرد کی شناخت سے متعلق ہے، لیکن اس کے دامن میں عورت کے سماجی مقام، اس کی جدوجہد، اس کی ترجیحات اور اس کے اپنے تعارف کا مسئلہ بھی سمٹ آتا ہے۔ مئی 2022 ء میں ان کی ایک اور کتاب (Conversations with My Father Forty Years on, a Daughter Responds) شائع ہوئی۔ اس کتاب میں ان خطوط کا مجموعہ شامل ہے، جو اُن کے والد نے انہیں تقریباً چار دہائیاں پہلے لکھے تھے۔ اس کتاب کا تصور ہی دل کو ٹھہرا کر سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔
باپ کے لکھے ہوئے خطوط اور بیٹی کے برسوں بعد دیے گئے جوابات۔ ناچیز خُود بھی بیٹیوں کا باپ ہے اور باپ، بیٹی کے جذباتی رشتے کے بارے میں سوچ ہی کر آنکھیں بھر آتی ہیں۔ فیض احمد فیض جیسے شاعر کے خطوط پڑھنا یقیناً ایک خاص تجربہ ہو سکتا ہے، لیکن اس کتاب کی اہمیت کو صرف اس نسبت تک محدود کرنا اس کے بنیادی تصور کو چھوٹا کردینا ہوگا۔ یہاں ایک بیٹی اپنے باپ سے گفتگو کرتی ہے۔ اُس باپ سے، جو اس کی ذاتی زندگی کا حصّہ بھی ہے اور اپنے عہد کی ادبی تاریخ کی ایک اہم شخصیت بھی۔
آگے بڑھیں، تو ہم دیکھتے ہیں کہ منیزہ ہاشمی کی خدمات کا اعتراف قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی کیا جاچُکا ہے۔ یہ امر پاکستانی عورتوں کے لیے ایک رہنما ستارے کا سا ہے۔ 2003 ء میں صدرِ پاکستان نے انہیں فنون میں نمایاں کارکردگی کےاعتراف میں صدارتی تمغۂ حُسنِ کارکردگی سے نوازا۔ جاپانی نشریاتی ادارے ’’این ایچ کے‘‘ نے بھی اُنہیں تعلیمی ذرائعِ ابلاغ میں غیرمعمولی خدمات کے صلے میں اپنے صدر کا اعزاز عطا کیا۔
ہرچند کہ یہ اعزازات گراں قدر ہیں مگر مُنیزہ کی صلاحیت، لیاقت اور قابلیت ان اعزازات سے زیادہ قیمتی ہے۔ زندگی کی کتاب میں بعض ابواب ایسےبھی ہوتے ہیں، جو ابھی لکھے جانے باقی ہوتے ہیں۔ منیزہ ہاشمی کے فنی سفر میں 2025 ء ایک نیا اضافہ لے کر آیا، جب وہ ویب سیریز ’’فروٹ چاٹ‘‘ میں شامل ہوئیں۔ یہ سیریز ’’زی فائیو‘‘ پر نشر ہوئی۔ اس میں انہوں نے ایک ایسی لڑکی کے لیے ماں جیسی شخصیت کا کردار ادا کیا، جسے معذوری کا مسئلہ درپیش تھا اور جو بعد میں اپنا کاروبار شروع کرتی ہے۔
منیزہ ہاشمی کی نجی زندگی کا محور و مرکز شوہر ہمایوں ہاشمی اور دو بیٹےہیں۔ بڑے بیٹے ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی ماہرِ نفسیات اور ادیب ہیں۔ اُن سے ہماری ملاقات ہمیشہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے مشاعروں ہی میں ہوتی ہے، جہاں ہم ہمیشہ اُستادِ گرامی ڈاکٹر حامد عتیق سرور کی سرکردگی میں حاضر ہوتے ہیں۔ مُنیزہ کے دوسرے بیٹے یعنی ہمارے اور سب کے بھیا عدیل ہاشمی اداکار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر ہیں۔
اپنے رنگ ڈھنگ کی واحد شخصیت، باغ و بہار۔ اس سے زیادہ ہم کہنا نہیں چاہتے کہ بقیہ گفتگو عدیل کے اپنے خاکے میں کریں گے۔ ثابت یہ ہوا کہ منیزہ کے گھر کے ایک گوشے میں طب و نفسیات اور تحریر کا چرچا ہے، تو دوسرے میں اداکاری اور فلم سازی کا۔ ان کے والد کا تعلق شاعری سے تھا، والدہ کی اپنی تہذیبی و سماجی شناخت تھی، بہن فنون اور تعلیم کے میدان سے وابستہ ہیں، اور بیٹوں نے بھی اپنے اپنے شعبوں میں راستے بنائے ہیں۔
ان کی شخصیت میں سب سے زیادہ نمایاں بات شاید یہی ہے کہ اُنہوں نے ایک ہی شناخت کی چار دیواری میں خُود کو محصور نہیں کیا۔ وہ براڈ کاسٹر بھی رہیں، ٹیلی وژن پروڈیوسر بھی، اداکارہ بھی، انتظامی سربراہ بھی، خواتین کے تجربات کی مرتب بھی اور اپنے والد کی تحریروں سے ایک ذاتی مکالمہ قائم کرنے والی بیٹی بھی۔
ان کے پیشہ ورانہ سفر میں تعلیم، فن، نشریات، سماجی شعور اور خاندانی یادداشت کے دھاگے ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ باپ کا نام بڑا ہو تو بچّوں کے لیے دہری آزمائش ہوتی ہے۔ ایک طرف نسبت کا افتخار، دوسری طرف اپنی انفرادی شناخت کا تقاضا۔ منیزہ ہاشمی کی زندگی کے مختلف گوشے اس کشمکش کو کسی دعوے یا نعرے کے بغیر سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ فیض کی بیٹی ہونا اُن کی زندگی کا ایک ناقابلِ انکار حوالہ ہے، لیکن ان کی اپنی شناخت بھی ایک طویل عملی زندگی، پیشہ ورانہ ذمّےداریوں، فنی تجربات، کتابوں اوراعزازات سے عبارت ہے۔
منیزہ ہاشمی کو صرف فیض کی بیٹی کہنا ایسے ہی ہے، جیسے کسی وسیع باغ کو ایک درخت کے نام سے پکارا جائے۔ ان کی زندگی میں فیض کے گھر کی تربیت ضرور ہے، مگر اس کے ساتھ اپنی محنت کا حاصل بھی ہے۔ شہرت وَرثے میں مل سکتی ہے، مگر تجربہ نہیں۔ نام کے ساتھ نسبت لگ سکتی ہے، مگر کام کی گواہی اپنے ہاتھ سے لکھنی پڑتی ہے۔ منیزہ ہاشمی کی شخصیت اسی گواہی کی ایک جھلک ہے۔
ایک ایسی خاتون کی داستان، جس کے حصّے میں شاعر کا گھر بھی آیا، ٹیلی وژن کی دنیا بھی، انتظامی ذمّے داریاں بھی، فن کی رنگارنگی بھی اور یادداشت کے وہ اوراق بھی، جن پر وقت گزرنے کے باوجود رشتوں کی روشنائی خشک نہیں ہوتی۔
ہمیں یقین ہے کہ فیض باغِ عدن میں، جامِ مئے طہورہ کی لگن میں مگن بیٹھے جب اپنی بیٹیوں سلیمہ و مُنیزہ کی کام یابیوں کی داستانیں سُنتے ہوں گے، تو ہونٹوں پر اپنی مخصوص زیرِ لب مسکراہٹ سجا کر پہلو میں بیٹھے میر و غالب سے کہتے ہوں گے کہ ’’بھئی، دوستو! یُوں ہے کہ ہمیں لگتا ہے، ہم ان بچیوں کی بہت ٹھیک ہی تربیت کر آئے ہیں۔‘‘
(خاکہ نگار اسلام آباد میں تعینات سینئر بیوروکریٹ، نہایت مقبول شاعر اور بہترین کالم نگار ہیں)