زندگی کا سفر دل چسپ ہونے کے ساتھ کچھ عجیب بھی ہے۔ انسان اپنی جوانی میں مستقبل کی طرف دیکھتے ہوئے آگے بڑھتا ہے، اپنے بچّوں کے ہاتھ تھام کر انہیں چلنا سکھاتا ہے، ان کی تعلیم وتربیت، صحت اور کام یابیوں کے لیے اپنی خواہشات قربان کرتا ہے، مگر وقت کی گردش ایک دن اسے اُس مقام پر لا کھڑا کرتی ہے ،جہاں قدموں کی رفتار دھیمی، آنکھوں کی روشنی کم اور دوسروں کے سہارے کی ضرورت بڑھنے لگتی ہے۔
جس ہاتھ نے کبھی بچّوں کو گرنے سے بچایا تھا، ایک وقت آتا ہے کہ وہی ہاتھ کسی نوجوان کے سہارے کا محتاج ہوجاتا ہے۔ اہم سوال یہ ہے کہ اُس وقت ہمارا رویہ کیا ہوگا؟ کیا ہم اس عمر کو بوجھ سمجھیں گے یا اسے زندگی بھر کے تجربات، قربانیوں، محبتوں اور خدمات کا وہ مقام سمجھیں گے کہ جس کے احترام کی ذمّے داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔
پاکستان میں بزرگوں کی شماریات
پاکستان میں عُمر رسیدہ افراد کی تعداد معمولی نہیں۔ 2023 ءکی مردم شماری کے مطابق مُلک میں 60 سے 64 سال کی عمر کے تقریباً 49 لاکھ 85 ہزار افراد، 65 سے 69 سال کے تقریباً 35 لاکھ 72 ہزار، 70 سے 74 سال کے تقریباً 24 لاکھ 62 ہزار اور 75 سال یا اس سے زائد عمر کے تقریباً 24 لاکھ 96 ہزار افراد موجود ہیں۔ ان عمر کے گروہوں کو جمع کیا جائے تو 60 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد تقریباً ایک کروڑ 35 لاکھ بنتی ہے، جو کل آبادی کا تقریباً 5.6 فی صد ہے۔
یہ تعداد محض ایک شماریاتی حقیقت نہیں بلکہ ایک کروڑ 35 لاکھ زندگیوں، تجربات، یادوں، قربانیوں اور انسانی کہانیوں کا مجموعہ ہے۔ ان میں وہ لوگ شامل ہیں، جنہوں نے خاندانوں کو سنبھالا، بچّوں کو تعلیم دلوائی، روزگار کے لیے محنت کی، معاشی مشکلات کا مقابلہ کیا، ادارے چلائے، کھیتوں میں کام کیا، اسکولز میں پڑھایا، اسپتالوں میں مریضوں کی خدمت کی اور اپنی زندگی کے کئی قیمتی سال دوسروں کے بہتر مستقبل کے لیے صرف کردیے۔ اس لیے بزرگ افراد کو صرف عمر کے ایک عدد سے دیکھنا، ان کی پوری زندگی کو ایک عدد میں محدود کردینا ہے۔
جدید معاشرت اور خاندانی نظام کی ٹوٹ پھوٹ
بڑھاپا بیماری کا نام نہیں، اگرچہ عمر کے ساتھ صحت کے مسائل کا امکان بڑھتا ہے۔ یہ بے مصرف ہونے کا نام بھی نہیں بلکہ زندگی کا وہ مرحلہ ہے، جہاں جسمانی رفتار کم ہوسکتی ہے، لیکن تجربات، مشاہدات، بصیرت اور زندگی کو سمجھنے کی صلاحیت ایک قیمتی سرمایہ ہے۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ جدید زندگی کی تیز رفتاری نے نسلوں کے درمیان وہ فاصلہ پیدا کردیا ہے، جو کبھی ہمارے خاندانی نظام میں موجود نہیں تھا۔
ایک ہی گھر میں رہنے والے افراد ایک دوسرے کے قریب ہوتے ہوئے بھی ایک دوسرے سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ نوجوانوں کے پاس موبائل فون اور سوشل میڈیا استعمال کرنے کے لیے اور دوستوں کے ساتھ سیر وتفریح کرنے کے لیے وقت ہے، مگر گھر میں موجود بزرگ افراد کے لیے چند لمحے بھی نہیں۔
ہمارے روایتی خاندانی نظام کی بنیاد باہمی احترام، ہم دردی اور بزرگوں کے مرکزی کردار پر قائم تھی۔ ماضی میں گھر کا سب سے بوڑھا فرد فیصلوں کا محور ہوا کرتا، لیکن آج مادیت پرستی، چھوٹے گھروں کی ثقافت اور انفرادیت پسندی نے ہمارے اخلاقی توازن کو بری طرح متاثر کردیا ہے۔ آج کا نوجوان یہ بھول چکا ہے کہ جس سہولت، آزادی اور آسائش کا وہ لطف اٹھا رہا ہے، اُس کی بنیاد میں انہی بزرگوں کے خون پسینے کی محنت شامل ہے۔
اولڈ ایج ہومز اور شیلٹر ہاؤسز کا المیہ
ہمارے معاشرے کا سب سے دردناک اور بھیانک رُخ وہ ہے، جب یہی بزرگ اپنی عمر کی آخری دہلیز پر بیماری، لاچاری اور نقاہت کی حالت میں، اپنے ہی خون کے ہاتھوں بے دخل کر دیے جاتے ہیں۔ آج کی خود غرض دنیا میں کئی بچّے اپنی ذاتی مصروفیات، گھر کی تنگی، آرام طلبی یا میاں بیوی کے باہمی تنازعات کے سبب ان والدین کو اولڈ ایج ہومز، شیلٹر ہومز، عافیت خانوں یا مختلف فلاحی اداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ آتے ہیں۔
جن والدین نے اپنی جوانی، نیندیں، آرام اور اپنی تمام تر جمع پونجی بچّوں کی ایک مسکراہٹ پر نچھاور کر دی تھی، وہ اب زندگی کے آخری ایام میں این جی اوز کے ملازمین، نرسز اور اجنبیوں کی دیکھ بھال کے محتاج ہیں۔ یہ کیسی بے حسی اور اخلاقیات کا دیوالیہ پن ہے کہ سگے بیٹے اور بیٹیاں، جن کی کام یابی کے لیے ان بزرگوں نے اپنی تمام ترخواہشات قربان کیں، آج اُن کے پاس اپنے بیمار بوڑھے والدین کو دینے کے لیے چند لمحات بھی نہیں۔
اولڈ ہومز کے سرد کمروں میں بوڑھی آنکھوں کا دروازوںکی طرف تکنا، ہر آہٹ پر اپنے لختِ جگر کی راہ دیکھنا اور ’’شاید کوئی مجھے لینے آ جائے‘‘ کی آس رکھنا ہمارے اخلاقی زوال کی ایک ایسی بھیانک تصویر ہے، جو کسی بھی مہذّب معاشرے کی رُوح جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔
گاڑیوں، بنگلوں اور تمام تر وسائل کے باوجود اولاد کا،والدین کو یوں کسی فلاحی ادارے یا شیلٹر ہوم میں Disown کر کے جمع کروا دینا نہ صرف خاندانی، پورے معاشرتی نظام کی موت کے مترادف ہے۔ جب ہم اپنے بزرگوں کو بیماری اور معذوری کی حالت میں گھر سے بے گھردیتے ہیں، تو ہم دراصل اپنے گھروں سے برکت، رحمت اور انسانیت کا بھی خاتمہ کر دیتے ہیں۔
اپنوں کی بے حسی کا طبّی و نفسیاتی اثر
جب ہم اپنے بزرگوں کو جذباتی طور پر الگ تھلگ کر دیتے ہیں یا انہیں کسی اولڈ ایج ہوم کے سپرد کر دیتے ہیں، تو یہ عمل صرف ایک جذباتی صدمہ نہیں ہوتا بلکہ اس کے اُن کےاعصابی نظام اور صحت پر انتہائی ہول ناک طبّی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ طبّی اور نفسیاتی تحقیقات ثابت کرتی ہیں کہ شدید تنہائی (Chronic Loneliness) انسان کی مدافعتی قوت کو اسی طرح تباہ کرتی ہے، جیسے کوئی موذی بیماری۔
الزائمر اور ڈیمینشیا کے بڑھتے کیسز
جب کسی بزرگ کو اپنوں کا ساتھ، گفتگو اور روزمرّہ کا تعلق میسر نہیں آتا، تو ان کا دماغی عمل اور باہمی رابطہ سست پڑنے لگتا ہے۔ ذہنی طور پر غیر فعال اور جذباتی طور پر تنہا رہنے والے بزرگوں میں الزائمر (Alzheimer's) اور ڈیمینشیا (Dementia - نسیان یعنی یادداشت کا ختم ہونا) کے امراض میں مبتلا ہونے کا خدشہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔دراصل جب انسان کو یہ احساس پریشان کرنے لگے کہ کوئی اس کی بات سننے والا نہیں، تو اس کا دماغ نئی معلومات پروسیس کرنا بند کر دیتا ہے۔
قلبی امراض اور بلڈ پریشر
ایک تحقیق کے مطابق تنہائی انسان کے جسم میں تناؤ پیدا کرنے والے ہارمونز کی مقدار مستقل طور پر بڑھا دیتی ہے، جس کے نتیجے میں بلڈ پریشر میں مسلسل اضافہ ہوتا رہتا ہے، جس سے دل کے دورے اور فالج کے امکانات میں خاطر خواہ اضافہ ہو جاتا ہے۔
خود اعتمادی کا خاتمہ اور ڈیپریشن
جو والدین پوری زندگی ایک خاندان کی سربراہی کرتے رہے ہوں، جب انہیں یہ احساس دلایا جائے کہ وہ اب کسی کام کے نہیں رہے یا اُن سے کسی بھی بات پر مشورہ نہ کیا جائے، تو ان کاخود شناسی اورخود اعتمادی کا احساس مکمل طور پر ختم ہو جاتا ہے۔
یہ صورت ِحال انہیں شدید مایوسی (Clinical Depression) کی طرف دھکیل دیتی ہے، جہاں انسان جینے کی خواہش ہی کھو بیٹھتا ہے۔ طبّی اصطلاح میں اسے ’’Failure to Thrive‘‘ کہا جاتا ہے، جہاں تمام ادویہ اور غذا کے باوجود مریض محض اپنوں کی محبت اور توجّہ نہ ملنے کی وجہ سے گھل گھل کر ختم ہو جاتا ہے۔
ثقافتی المیہ ، مغربی تقلید
آج کے جدید پاکستانی معاشرے میں ایک انتہائی خطرناک سوچ پروان چڑھ رہی ہےجہاں مغربی نرسنگ ہوم کلچر کو ایک ’’ترقی یافتہ اور جدید حل‘‘ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ ہمیں یہ سمجھنے کی اشد ضرورت ہے کہ مغرب کا خاندانی نظام اور ان کی معاشرتی ساخت مشرق اور خاص طور پر اسلامی تہذیب سے بنیادی طور پر مختلف ہے۔
مغرب میں فرد واحد کی آزادی (Individualism) کو بنیاد بنایا گیا ہے ،جہاں 18 سال کی عمر کے بعد بچّے اپنی راہ لیتے ہیں اور والدین اپنی۔ وہاں ریاست نے ایک مالیاتی و سماجی تحفّظ کا نظام قائم کر رکھا ہے، جہاں نرسنگ ہومز پیشہ ورانہ اداروں کے طور پر قائم ہیں اور ان کا اپنا ایک عمرانی معاہدہ (Social Contract) ہے۔ اس کے برعکس، مشرقی اور اسلامی معاشرے کا بنیادی ڈھانچا باہمی وابستگی اور صلہ رحمی پر قائم ہے۔
مشرق میں والدین اپنے بچّوں کی پرورش محض 18 سال کی عمرتک نہیں کرتے بلکہ اپنی پوری زندگی، جائیداد اور خوشیاں اُن کے مستقبل پر واردیتے ہیں۔توجب ایسی معاشرتی ساخت میں ہم مغرب کا نرسنگ ہوم کلچر اپنانے کی کوشش کرتے ہیں، تو یہ نظام ایک المیہ بن جاتا ہے۔
ہم نے مغرب سے ان کی ٹیکنالوجی اور مادّی سہولتیں تو لے لیں، لیکن ان کا وہ ریاستی تحفّظ اور فلاحی نظام نہ لا سکے اور دوسری طرف ہم نے اپنے خاندانی نظام کی وہ روح، ایثار اور محبت بھی کھو دی، جو ہماری سب سے بڑی طاقت تھی۔
اس کے نتیجے میں ہمارے بزرگ نہ تو مغرب کی طرح کسی ریاستی سہولت سے فائدہ اُٹھا پا رہے ہیں اور نہ ہی مشرق کے روایتی گھرانوں جیسا احترام اور تحفّظ حاصل کر رہے ہیں۔ یہ نہ صرف ایک ثقافتی زوال بلکہ ایک اخلاقی مسخ شدہ صورت ِحال ہے، جہاں ہم نہ اِدھر کے رہے نہ اُدھر کے۔
قانونی تحفّظ اور والدین کے حقوق
پاکستان میں بزرگ شہریوں اور والدین کے حقوق کے تحفّظ کے لیے اگرچہ وقت کے ساتھ کچھ قانونی پیش رفت ہوئی ہے، لیکن قانون اور اس کے عملی نفاذ کے درمیان ایک بہت بڑا خلا موجود ہے۔ 2021ء میں پیرنٹس پروٹیکشن آرڈیننس کا نفاذ عمل میں لایا گیا تھا، جس کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ والدین کو ان کے اپنے ہی گھروں سے زبردستی نکالنے یا انہیں بے دخل کرنے پر اولاد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔
اس قانون کے تحت اگر کوئی بچّہ اپنے والدین کو اس گھر سے نکالتا ہے، جس کا مالک والدین میں سےکوئی بھی ہے یا اگر گھر بچّے کی ملکیت بھی ہو، تب بھی والدین کو وہاں رہنے کا قانونی حق حاصل ہے۔ والدین کو یہ اختیار دیا گیا تھا کہ وہ کسی بھی وقت پولیس کی مدد سے اپنی اولاد کو گھر سے بےدخل کر سکتے ہیں، اگر وہ ان کے ساتھ بدسلوکی یا تشّدد کی مرتکب ہو۔
والدین کو بے یارو مددگار چھوڑنے یا اُنہیں نان نفقہ (کفالت) نہ دینے پر سزا اور جرمانے کی دفعات بھی رکھی گئی تھیں،لیکن یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا صرف ایک آرڈیننس یا قانون نافذ کر دینے سے بزرگوں کو ان کا حق مل گیا؟ افسوس کہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔
نگہہ داشت کا درست مفہوم، وقت اور احترام کی اہمیت
ہمیں سمجھنا ہوگا کہ بزرگوں کو صرف کھانا، کپڑا اور دوا فراہم کردینا مکمل نگہہ داشت نہیں۔ انہیں وقت، گفتگو، توجّہ، عزت اور سب سے بڑھ کر یہ احساس چاہیے کہ وہ اب بھی اپنے خاندان کے لیے اہم ہیں۔ کسی بزرگ کے پاس بیٹھ کر اس کی بات پوری توجّہ سے سن لینا بھی خدمت ہے۔ بوڑھے والد سے اُن کی جوانی کے قصّے بوڑھی ماں سے خاندان کی تاریخ سننا، دادا، دادی کے تجربات معلوم کرنا اور ان کی یادوں کو محفوظ کرنا دراصل اپنی خاندانی تاریخ محفوظ کرنا ہے۔
اگر ہم بزرگوں کو صرف ایک ذمّے داری یا خرچ سمجھ کر ان کی ضروریات پوری کریں گے، تو اس میں رُوح شامل نہیں ہوگی۔ بزرگوں کو مالی امداد سے زیادہ جذباتی وابستگی کی ضرورت ہوتی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ گھر میں ہونے والے فیصلوں میں ان کی رائے لی جائے، خاندانی تقاریب میں اُنہیں اگلی صفوں میں بٹھایا جائے اور ان کے سامنے ان کی ماضی کی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔
بزرگوں کا تجربہ، ایک اَن مول ذخیرہ
نوجوان نسل کو بزرگوں سے صرف نصیحت نہیں، اچھی زندگی گزارنے کے اُصول بھی سیکھنے چاہئیں۔ بزرگوں نے ایسا وقت دیکھا، جب وسائل محدود تھے اور سہولتیں کم۔ انہوں نے مشکلات میں فیصلے کیے، رشتے نبھائے، ناکامیوں کا سامنا کیا اور کئی مرتبہ صفر سے زندگی دوبارہ شروع کی۔ آج کا نوجوان جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور معلومات میں شاید آگے ہو، لیکن زندگی کے تجربے میں بزرگ نسل کے پاس وہ سرمایہ ہے، جو کسی کتاب، انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی سے کسی صُورت بھی حاصل نہیں کیا جاسکتا۔
کتاب معلومات دے سکتی ہے، مگر زندگی کا تجربہ راستہ دکھاتا ہے۔ انٹرنیٹ انسان کو ڈیٹا فراہم کر سکتا ہے، لیکن فیصلے کرنے کی بصیرت صرف زندگی کے گرم و سرد چشیدہ انسان ہی فراہم کر سکتے ہیں۔ لہٰذا نوجوانوں کو بزرگوں کی بات سننے، اُن کی رائے لینے اور ان کے تجربات سے سیکھنے کی روایت دوبارہ زندہ کرنا ہوگی۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر پرانی بات لازماً درست ہے بلکہ یہ ہے کہ تجربے کو احترام سے سنا جائے اور نئی نسل اپنی عقل، تعلیم اور حالات کے مطابق اس سے فائدہ اُٹھائے۔
ٹیکنالوجیکل گیپ اور نسلوں کے درمیان روابط
بزرگوں کو اس جدید دُور سے کاٹ دینا بھی درست نہیں۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے سبب بزرگ اپنے ہی گھر میں بےگانگی محسوس کرنے لگتے ہیں، کیوںکہ وہ اسمارٹ فونز، آن لائن بینکنگ اور جدید مواصلاتی ذرائع سے ناواقف ہوتے ہیں۔ نوجوان اپنے بزرگوں کو آسان الفاظ میں موبائل فون کا استعمال، آن لائن خدمات کا حصول اور بینکنگ سکھا سکتے ہیں اوریوں نسلوں کے درمیان ٹیکنالوجی کی خلیج کم کرسکتے ہیں۔
تاہم، اس عمل کے دوران صبراور ہم دردی کی سخت ضرورت ہے۔ مدد کا مطلب بزرگوں کی خودمختاری چھیننا نہیں بلکہ اُنہیں بااختیار بنانا ہے، تاکہ وہ خود کو اس بدلتی دنیا میں الگ تھلگ محسوس نہ کریں۔
خاندانی ڈھانچا اور اجتماعی ذمّے داری
خاندان کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ بزرگ صرف گھر میں موجود نہ ہوں بلکہ اہل خانہ کی زندگی میں شامل ہوں، ان سے مشورہ کیا جائے، خاندانی تقریبات میں ان کی شرکت یقینی بنائی جائے اور بچّوں کو ان کے ساتھ وقت گزارنے دیں۔
یاد رہے، تمام بزرگ ایک جیسے حالات میں نہیں ہوتے، بعض معاشی طور پر محفوظ ہیں، کچھ پنشین یا اولاد کے سہارے پر ہیں، کچھ صحت مند اور فعال ہیں، جب کہ کچھ دائمی بیماریوں، معذوری، تنہائی یا مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ اس لیے معاشرے کی ذمّے داری صرف خوش حال بزرگوں تک محدود نہیں ہوسکتی۔
ہر خاندان میں ایسا میکانزم ہونا چاہیے کہ بچّوں کو بچپن ہی سے بزرگوں کی خدمت کرنے اور ان کے ساتھ کھیلنے اور باتیں کرنے کی ترغیب دی جائےکہ جو بچّہ اپنے والدین کو بزرگوں کے ساتھ احترام کا سلوک کرتے دیکھے گا، وہ بڑا ہو کر اپنے والدین کے ساتھ بھی ادب و احترام سے پیش آئے گا۔
گھروں میں احترام اور برداشت کا کلچر
ہمیں اپنے گھروں میں ایسی ثقافت قائم کرنے کی ضرورت ہے، جہاں بزرگ کی کم زور جسمانی حالت اس کی عزت کم نہ کرے۔جہاں آہستہ چلنے والا شخص دوسروں کے لیے جھنجھٹ نہ بنے، جہاں بار بار ایک ہی بات پوچھنے پر غصّہ نہ کیا جائے اور جہاں بیماری یا معذوری کو انسان کی قدر کا پیمانہ نہ بنایا جائے۔بڑھاپے میں انسان چڑچڑا ہو سکتا ہے، اس کی یادداشت کم زور ہو سکتی ہے، وہ ایک ہی بات بار بار دہرا سکتا ہے، یہ سب عُمر کے تقاضے ہیں۔
جس طرح ایک چھوٹے بچّے کی توتلی زبان اور ضد کو محبت سے برداشت کیا جاتا ہے، بالکل اسی طرح اپنے بوڑھے والدین کی معذوری اور طبعی تبدیلیوں کو مسکراہٹ اور حوصلے سے قبول کرنا ہی حقیقی انسانیت ہے۔
حکومت کا کردار
حکومت کو بزرگ شہریوں کے لیے صحت کی سہولتیں، دائمی بیماریوں کے علاج، ضروری ادویہ تک رسائی، سماجی تحفّظ، پنشین، مالی معاونت، قابلِ رسائی سرکاری خدمات اور محفوظ عوامی مقامات پر توجہّ دینی چاہیے۔ پاکستان جیسے ملک میں جہاں سرکاری اسپتالوں میں بزرگوں کے لیے الگ کاؤنٹر یا سہولتیں موجود نہیں ہیں، وہاں ایک بیمار بزرگ کے لیے قطار میں کھڑا ہونا عذاب بن جاتا ہے۔
اسپتالوں اور بنیادی مراکزِصحت میں بزرگوں کی مخصوص ضروریات (Geriatric Care) کو مدنظر رکھنا، سرکاری دفاتر، بس اسٹاپس اور عوامی مقامات پر بآسانی رسائی (Ramps، لفٹس) مہیا کرنا اور تنہا یا بے سہارا بزرگوں کے لیے باوقار نگہہ داشت کے انتظامات کرنا ریاستی ذمّے داری کا حصّہ ہونا چاہیے۔ ریاست کو چاہیے کہ وہ ایسے قوانین بھی وضع کرے ،جن کے تحت اولاد کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے والدین کی معاشی اور طبّی ضروریات پوری کرے اور والدین کو بے دخل کرنے پر قانونی سزا کا نظام قائم کیا جائے۔
آج کا نوجوان، کل کا بزرگ
نوجوانوں کو اپنے آپ سے پوچھنا چاہیے کہ کیا وہ اپنے بزرگوں کے لیے روزانہ چند منٹس نکالتے ہیں، کیا اُن کی بات سنتے ہیں، کیا ان کی صحت اور ادویہ کا خیال رکھتے ہیں، کیا اپنے بچّوں کو بزرگوں کے ساتھ وقت گزارنے کی تربیت دیتے ہیں اور کیا ان کے تجربات کو قابلِ قدر سمجھتے ہیں؟ کیوں کہ حقیقت یہ ہے کہ آج کا نوجوان ، کل کا بزرگ ہے۔
زندگی کا قانون مکافاتِ عمل پر مبنی ہے۔ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ آج ہم اپنے والدین کو جو درد، تنہائی اور بے حسی دے رہے ہیں، کل ہماری اپنی اولاد ہمارے ساتھ وہی سلوک کرے گی۔ اولڈ ایج ہومز کی بنیاد رکھنے والے کئی افراد آج خود اُنہی اداروں کے تاریک کمروں میں اپنی اولاد کا رستہ تک رہے ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا بڑھاپا باوقار ہو، تو ہمیں آج اپنے بزرگوں کو باوقار زندگی دینی ہوگی۔
بڑھاپا کسی دوسرے انسان کی کہانی نہیں، یہ ہم سب کے مستقبل کا ایک حتمی باب ہے۔ جو خاندان اپنے بزرگوں کو عزت دیتا ہے، وہ نسلوں کے درمیان مضبوط پُل تعمیر کرتا ہے اور جو معاشرہ اپنی عُمر رسیدہ نسل کے تجربات محفوظ رکھتا ہے، وہ اپنی اجتماعی یادداشت محفوظ کرتا ہے۔
آخر کار بزرگ ہمارے ماضی کی محض یادگار نہیں، ہمارے حال کا انسانی سرمایہ اور ہمارے مستقبل کا آئینہ ہیں، ان کے چہرے کی جھریوں میں گزرے زمانے کی داستانیں، تجربات میں آنے والے کل کے لیے سبق اور دُعاؤں میں پوری تہذیبی میراث چُھپی ہوتی ہے۔
اس لیے بڑھاپے کو بوجھ سمجھنے یا بزرگوں کو بے سہارا چھوڑ دینے کے بجائے، انہیں عزت، محبّت، شراکت اور احترام کا حق دینا ہوگا کہ بزرگوں کی خدمت صرف اُن پر احسان نہیں بلکہ اُس انسانی، خاندانی اور معاشرتی ذمّےداری کی ادائی گی ہے، جس سے کسی بھی مہذّب معاشرے کو فرار اختیار نہیں کرنی چاہیے۔
(مضمون نگار، پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ اور چیف میڈیکل آفیسر، محکمۂ صحت سندھ ہیں)