• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجمُ السَّحر

مجھے شاذ و نادر ہی کوئی ایسا خواب دکھائی دیتا ہے، جو اتنا واضح اور جان دار ہو کہ دیر تک یاد رہے، لیکن ستمبر 2023ء میں مسلسل دو راتوں میں مجھے دو عجیب و غریب خواب آئے۔ پہلے خواب میں میرے شوہر گاڑی چلا رہے تھے اور مَیں اُن کے ساتھ اگلی نشست پر بیٹھی تھی۔

رات کا گہرا اندھیرا تھا اور ہم ایک طویل شاہ راہ پر سفر کر رہے تھے۔ سڑک کے دونوں جانب مجھے ٹوٹی پھوٹی، ویران عمارتیں دکھائی دے رہی تھیں۔ اور اس تاریکی میں واحد روشنی ہماری گاڑی کی ہیڈلائٹس سے پُھوٹ رہی تھی۔ اچانک انہی عمارتوں میں سے ایک کے اندر سے ایک عورت نمودار ہوئی۔

اُس کی شکل اس قدر خوف ناک اور دل دہلا دینے والی تھی کہ بیان کرنا مشکل ہے۔ اُس کے سر کا آدھا حصّہ جیسے چکناچور ہو چُکا تھا اور کھوپڑی ایک خالی خول کی طرح نمایاں تھی۔ مَیں چیخ اُٹھی اور سخت خوف زدہ ہوکر اپنے شوہر سے کہا کہ گاڑی کا راستہ بدل لیں۔ اس پورے خواب کی فضا ہی ایسی تھی کہ دل پر ایک عجیب سی دہشت طاری ہو گئی۔

چند روز بعد مجھے ایک اور خواب آیا۔ اس مرتبہ مَیں خُود ایک شاہ راہ پر گاڑی چلا رہی تھی۔ دن کا وقت تھا، مگر ہر طرف دھند چھائی ہوئی تھی اور ہلکی ہلکی بوندا باندی ہو رہی تھی۔ ایک بار پھر سڑک کے کنارے ٹوٹی پھوٹی، ویران عمارات تھیں۔ پورا ماحول انتہائی پُراسرار، سنسان اور خوف ناک۔ یوں لگ رہا تھا، جیسے مَیں فلم "Silent Hill" کے کسی منظر میں داخل ہو گئی ہوں۔

دُور دُور تک زندگی کے کوئی آثار نہیں تھے۔ گاڑی میں بیٹھے ہوئے مجھے یوں محسوس ہو رہا تھا، جیسے مَیں کسی کو تلاش کر رہی ہوں۔ پھر مَیں ایک اسپتال کے قریب جا کر رُکی۔ اچانک بارش موسلا دھار ہونے لگی۔ اسپتال کا احاطہ لوگوں سے بھرا ہوا تھا اور ہر طرف پانی ہی پانی تھا۔

لوگ بدحواسی کے عالم میں کہیں بیٹھے، کہیں کھڑے تھے اور ہر طرف ایک عجیب سی افراتفری تھی۔ تب میری نظر اپنے بازوؤں میں موجود ایک نومولود بچّے پر پڑی۔ مجھے معلوم تھا کہ وہ بچّہ میرا نہیں ہے، لیکن مَیں بہت بے قراری سے اُس کے لیے کسی ڈاکٹر کو تلاش کر رہی تھی۔

یہ دونوں خواب میرے لیے بالکل بے معنی اور ناقابلِ فہم تھے۔ مجھے اِن کا کوئی مطلب سمجھ نہیں آتا تھا۔ یہاں تک کہ اکتوبر 2023ء میں فلسطین پر ہونے والے حملوں اور وہاں کے حالات نے مجھے ان خوابوں کے بارے میں ایک نئے انداز سے سوچنے پر مجبور کر دیا۔ ہم سب ان حملوں اور فلسطینیوں کی حالت پر غم زدہ تھے۔ ایک دن مَیں انسٹاگرام پر فلسطینی صحافی معتز عزایزہ کی ویڈیوز دیکھتے ہوئے یونہی اسکرول کر رہی تھی کہ ایک ویڈیو پر میری نظر ٹھہر گئی۔

اُس ویڈیو میں معتز رات کے وقت غزہ کے ایک ایسے علاقے میں موجود تھے، جو کسی بھوتوں کے شہر (Ghost Town) کا منظر پیش کر رہا تھا۔ پورا شہر تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا۔ صرف ان کی گاڑی کی ہیڈلائٹس سڑک کو روشن کر رہی تھیں۔ سڑک کے دونوں جانب وہ عمارتیں موجود تھیں، جو فضائی حملوں کے نتیجے میں تباہ ہو کر ملبے کا ڈھیر بن چُکی تھیں۔

مَیں یہ منظر دیکھ کر جیسے ساکت رہ گئی۔ یہ بالکل وہی منظر تھا، جو مَیں نے اپنے خواب میں دیکھا تھا۔ ایسا محسوس ہوا، جیسے مَیں خود معتز کی گاڑی میں بیٹھی ہوں اور اسی تباہ حال، تاریک شہر سے گزر رہی ہوں۔ پھر ایک اور ویڈیو میں، فلسطینی صحافی وائل کے ذریعے، مَیں نے اسپتالوں کے احاطے بارش کے پانی سے بَھرے ہوئے دیکھے۔ وہاں زخمی اور مریض بڑی تعداد میں موجود تھے۔ لوگ فرش پر پڑے تھے، ہرطرف پانی ہی پانی اور اسپتال میں ایک افراتفری کا عالم تھا۔ یہ بھی تقریباً وہی منظر تھا، جو مَیں نے اپنے خواب میں ایک ماہ پہلے دیکھا تھا۔

آج بھی ان خوابوں کو یاد کرتی ہوں، تو میرے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ یہ خواب آج تک میرے دل پر ایک بوجھ کی طرح ہیں۔ سو، مَیں نے فیصلہ کیا کہ انہیں لکھوں، اپنے دل کی کیفیت بیان کروں اور جو کچھ میرے اندر جمع ہے، اُسے لفظوں میں بہا دوں۔ مجھے دل کی گہرائیوں سے شرمندگی محسوس ہوتی ہے کہ مَیں اپنے فلسطینی بھائیوں، بہنوں کے لیے کوئی ایسی عملی مدد نہیں کر پا رہی، جو ان کے دُکھ کو کم کر سکے۔

مَیں خُود کو بہت بے بس، کم زور محسوس کرتی ہوں۔ لیکن مَیں اپنی استطاعت کے مطابق جو کچھ کرسکتی ہوں، کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔ یہی میری طرف سے اُن کے لیے ایک چھوٹی سی کوشش، ایک نذرانہ ہے اور ممکن ہو، تو آپ سب بھی اپنی اپنی ہمت و توفیق کے مطابق جو کرسکتے ہوں، ضرور کریں۔

وہ اقبال نے کہا تھا ناں کہ؎ دنیا کو ہے پھر معرکۂ رُوح و بدن پیش…تہذیب نے پھر اپنے درندوں کو ابھارا…اللہ کو پامردئ مومن پہ بھروسا…ابلیس کو یورپ کی مشینوں کا سہارا…تقدیرِ امم کیا ہے، کوئی کہہ نہیں سکتا…مومن کی فراست ہو تو کافی ہے اشارا…افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر…ہر فرد ہے ملّت کے مقدر کا ستارا۔

سنڈے میگزین سے مزید