قرائن و شواہد بتاتے ہیں کہ گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان نہایت دل جمعی کےساتھ ایران، امریکا جنگ پھیلنےسےروکنے اور مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے کوشاں ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ دنوں آرمی چیف اور سی ڈی ایف، فیلڈ مارشل سیّد عاصم مُنیر کی تجویز پر مکّہ دفاعی معاہدے کے ارکان نے تہران میں ایرانی حُکّام سے ملاقات کی۔
مذکورہ نشست جہاں پاکستان کی اسلامی ممالک کے درمیان مفاہمت پیدا کرنے کی کوششوں کے ضمن میں ایک اور اہم سفارتی کام یابی ہے، وہیں یہ اس اعتبار سے بھی غیرمعمولی تھی کہ سعودی عرب کے وزیرِ دفاع، شہزادہ خالد بن سلمان نے بھی اس میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ حالیہ ایران، امریکا جنگ کے دوران ایران اور سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک کے تعلقات انتہائی نچلی سطح پر چلے گئے ہیں، کیوں کہ ایران کےعرب ممالک پرحملوں نے اُن کے تعلقات میں خاصی تلخی پیدا کردی ہے۔ مذکورہ بالا ملاقات کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ اس وقت بھی حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مختلف شہروں اور تیل تنصیبات پر حملے اور جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔ یاد رہے، حوثیوں کو ’’ایرانی پراکسی‘‘ کہا جاتا ہے۔
مشترکہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی آرمی چیف، فیلڈ مارشل سیّد عاصم مُنیر اور وفاقی وزیرِ داخلہ، محسن نقوی نے کی۔ تُرکیہ کی طرف سے اس کے انٹیلی جینس چیف، جب کہ ایران کی جانب سے ایرانی صدر، مسعود پزشکیان، ایرانی سُپریم نیشنل سیکیوریٹی کاؤنسل کے سربراہ، محسن رضائی اورایرانی وزیرِ خارجہ، عباس عراقچی نے شرکت کی۔
مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ انتہائی کشیدہ صُورتِ حال میں یہ اجلاس نہ صرف خطّے بلکہ پوری اسلامی دُنیا کے لیے اہمیت کا حامل تھا۔ ایران کی سرکاری خبررساں ایجینسی کے مطابق، اجلاس کے بعد ایک مختصر مشترکہ اعلامیے میں شرکاء نے چاروں علاقائی ممالک کےدرمیان تعاون،قیامِ امن اور سیکیوریٹی کو مضبوط بنانے کے لیے بات چیت پر زور دیا۔
اس غیرمعمولی اجلاس کا پس منظرسعودی عرب پر جاری حوثی باغیوں کے حملے ہیں۔ چوں کہ مکّہ دفاعی معاہدے میں یہ اہم شِق بھی موجود ہے کہ کسی ایک رُکن مُلک پر حملہ تمام ارکان پر حملہ تصوّر کیا جائے گا، اس لیے معاہدے میں شامل ممالک مستقلاً حوثی حملوں کی شدید مذمّت کر رہے ہیں اور انہیں ناقابلِ قبول اور سعودی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔ اس موقعے پرماہرین کا کہنا ہے کہ مکّہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک، کشیدگی کم اورحملے رُکوانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب رُکن ممالک ایران کو تنہائی سے بچانے کے لیے بھی کوشاں ہیں، کیوں کہ امریکی اقتصادی پابندیوں نے ایران کی معاشی صُورتِ حال خاصی تکلیف دہ کردی ہے۔ اجلاس کے دوران سعودی شہزادے کی تہران میں موجودگی اسلامی ممالک کی اپنے مسائل خُود حل کرنے کی کوشش کی ایک اچّھی مثال ہے۔
حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں میں آنے والی شدّت پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کے لیے کسی آزمائش سے کم نہیں۔ ماہرین کے مطابق، ایرانی حُکّام کو فیلڈ مارشل سیّد عاصم مُنیر کی اس کوشش سے فائدہ اُٹھانا چاہیے اور کسی ایسے آپشن کا انتخاب کرنا چاہیے کہ جس سے اس کی مشکلات کم اور خطّے میں امن قائم ہو۔ آبنائے ہُرمز، باب المندب اورعرب ممالک پر حملے ایران کے دُشمنوں کو فائدہ پہنچاتے ہیں اور اسے اس جال سے نکلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس وقت ایران کی پہلی ترجیح مُلکی معیشت کی بہتری اورعوام کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہونی چاہیے۔
یاد رہے، ایران اور یوکرین کی جنگوں کے سبب ہی پاکستان سمیت دُنیابَھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور منہگائی میں ہوش رُبا اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں عوام شدید پریشان ہیں اوراس وقت شدید منہگائی کے خلاف یورپ تک میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ ایران کواس پہلو پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ جنگ اور کشیدگی کی بجائے امن کی راہ اپنائی جائے، کیوں کہ مزید تاخیر امن کا موقع کھو دینے کے مترادف ہوگی۔
تہران میں منعقدہ اجلاس کے ضمن میں فی الحال امریکا اور اسرائیل کا کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا اوراس کا سبب بظاہر ان ممالک میں ہونے والے انتخابات ہیں، لیکن یہ سمجھنا کہ مشرقِ وسطیٰ کے مستقبل سے متعلق کوئی فیصلہ امریکا، یورپ اور دوسری بڑی عالمی طاقتوں کی مرضی کے بغیر ہو سکتا ہے، محض خام خیالی ہے۔
اگر ایران چاہتا ہےکہ غیر مُلکی طاقتیں خطّے کے معاملات میں مداخلت نہ کریں، تو اُسے بھی اپنی جارحانہ خارجہ پالیسی اور ملیشیاز کو پڑوسی ممالک کے خلاف استعمال کرنےکی حکمتِ عملی کا ازسرِنوجائزہ لینا چاہیے۔ زمینی حقائق اب بھی تبدیل نہیں ہوئے۔ آبنائے ہُرمز اب بھی بند اور ایران پر امریکی پابندیاں بھی برقرارہیں۔
دوسری جانب اسلامی ممالک اب بھی ایک دوسرے کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔ ان تمام معاملات پر غوربے حد ضروری ہے۔ خوابوں کی دُنیا سے نکل کرمسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ بہرکیف، مشرقِ وسطیٰ کی صُورتِ حال میں امریکا اہم ترین فریق ہے، چاہے وہاں وسط مدّتی انتخابات کا کوئی بھی نتیجہ نکلے۔ امریکا میں صدارتی نظامِ حکومت ہے اور وہاں صدر ہی ہر معاملے میں ’’ویٹو پاور‘‘ رکھتا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صُورتِ حال کے سبب امریکا کے وسط مُدتی اور اسرائیل کے عام انتخابات بالخصوص پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔
یاد رہے، ایران پر حملے کے ضمن میں امریکی صدر، ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر ِاعظم، نیتن یاہو ایک پیج پر رہے اور اس اعتبار سے اکثر ماہرین کا کہنا ہے کہ ان انتخابات کا اثر مشرقِ وسطیٰ کی صُورتِ حال پر بھی پڑے گا۔ یہاں یہ اَمر بھی قابلِ ذکر ہے کہ اسرائیل کی کوئی بھی سیاسی جماعت قومی معاملات میں ایک دوسرے سے مختلف نقطۂ نظر نہیں رکھتی اور ایران دُشمنی اور مسئلہ فلسطین کے ضمن میں تمام جماعتیں ایک دوسرے کی ہم خیال ہیں۔
گزشتہ دِنوں جنوبی امریکا کے ایک اہم مُلک، برازیل کے الیکشن نے دُنیا بَھر کے ذرائع ابلاغ کی توجّہ حاصل کی، جس میں چوتھی مرتبہ ڈی سلوا صدر منتخب ہوئے، جب کہ ان کے مدِمقابل فلیویا بولسانارو تھے۔ اس صدارتی الیکشن کی سب سے دِل چسپ بات یہ تھی کہ پہلے مرحلے میں شکست خوردہ صدارتی امیدوار، بولسانارو نے سبقت حاصل کی، لیکن دوسرے اور آخری مرحلے میں اُن کے80 سالہ حریف، ڈی سلوا 53 فی صد ووٹ لے کر چوتھی مرتبہ صدر منتخب ہوگئے۔
بولسا نارو کا جُھکاؤ دائیں بازو کی جانب ہے، جب کہ ڈی سلوا بائیں بازو کے حامی مانے جاتے ہیں۔ اس اعتبار سے دیکھا جائے، تو یہ ٹرمپ کے لیے ایک بُری خبر تھی، کیوں کہ وہ اپنے بیانات میں بولسانارو کی حمایت کرتے رہے ہیں، جب کہ ڈی سلوا کو انہوں نے کئی بار تنقید کا نشانہ بنایا۔
تاہم، ڈی سلوا نے انتخابات کے دوران کُھلے عام یہ کہا کہ وہ صدر بننے کے بعد امریکی پالیسی کی تقلید نہیں کریں گے۔انہوں نےماضی کی طرح اس مرتبہ بھی شکست تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ بہر حال، ڈی سلوا کے لیے سب سے بڑا چیلنج تقسیم شُدہ برازیلین معاشرے کو یک جا کرنا ہوگا۔ واضح رہے، برازیل، جنوبی امریکا کا سب سے بڑا مُلک ہے، جس کی آبادی اکیس کروڑ سے زائد اور رقبے کے لحاظ سے یہ جنوبی امریکا کا نصف ہے۔ اس کے دارالحکومت، ریو ڈی جنیرو کا شمار دُنیا کے ترقّی یافتہ شہروں میں شمار ہوتا ہے۔
یہاں ایک دل چسپ اَمر یہ بھی ہے کہ برازیل کی سرکاری زبان پُرتگالی ہے اور یہ پُرتگال کے علاوہ دُنیا کا واحد مُلک ہے، جس کی سرکاری زبان پُرتگالی ہے، کیوں کہ ماضی میں یہ پُرتگال کی کالونی تھا، نیز چلی اور ایکواڈور کے علاوہ جنوبی امریکا کے ہر مُلک سے اس کی سرحدیں ملتی ہیں۔ معیشت کے لحاظ سے برازیل ایک متوسّط درجے کا مُلک ہے اور اس کی صنعتی بنیاد خاصی مضبوط ہے۔ یہ مُلک ’’دریاؤں کی سرزمین‘‘ بھی کہلاتا ہے اور اس کا دریائی نظام دُنیا کا سب سے وسیع دریائی نظام ہے۔
اطلاعات کے مطابق انتخابات میں شکست کے بعد بولسا نارو امریکا فرار ہو گئے ہیں۔ واضح رہے، درمیانے درجے کی معیشت کا حامل مُلک ہونے کے باوجود برازیل طویل عرصے سے سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے اور اسی سبب معاشی چیلنجز کا سامنا کررہا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈی سلوا کی فتح انہیں اپنی پُرانی پالیسیز جاری رکھنے کا موقع فراہم کرے گی، لیکن ان کے سامنے مسائل بھی بہت ہیں۔
ٹرمپ سے سیاسی اختلاف کے باوجود ڈی سلوا کو امریکا کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، کیوں کہ ستمبر میں ان سے ملاقات کے دوران ٹرمپ انہیں ’’بہترین صدر‘‘ قرار دے چُکے ہیں۔ ٹرمپ برِاعظم جنوبی امریکا میں برازیل کی اہمیت سے واقف ہیں اور وہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ خطّے کے ایک اہم مُلک سے ان کے اختلافات اس حد تک بڑھ جائیں کہ اس سے رُوس اور چین فائدہ اٹھائیں۔ برازیل، ’’بِرکس‘‘ کا بھی رُکن ہے اور اس پلیٹ فارم میں چین بھی شامل ہے اوردونوں کے ایک دوسرے سے بہت اچّھے تعلقات ہیں۔
دوسری طرف برازیل کی کم زور معیشت ڈی سلوا کو بھی ایک حد سے آگے بڑھنے سے روکے گی۔ وہ ایک انتہائی تجربہ کار سیاست دان ہیں اورمعاشی دباؤ سے پیدا ہونے والےمسائل اچھی طرح سمجھتے ہیں، بالخصوص جب مُلک کی آبادی بھی زیادہ ہو۔ ڈی سلوا کی معاشی پالیسی کی بنیاد عوام کی حالتِ زار اور معیارِ زندگی کی بہتری پر ہے اور اپنے پہلے دَورِ صدارت میں وہ اس میں کافی حد تک کام یاب بھی رہے اور انہوں نے برازیل کو نہ صرف سیاسی بلکہ معاشی طور پر بھی دُنیا میں ایک اہم مقام پر لا کھڑا کیا، لیکن اس کے بعد اُنہیں کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے نتیجے میں وہ جیل بھی گئے، لیکن اس کے باوجود اُن کی پارٹی ہی صدارتی الیکشن میں کام یاب ہوتی رہی لیکن وہ مُلک کومعاشی طور پر مستحکم نہ کرسکی۔
جیسا کہ ذکر کیا گیا، برازیل کے چین کے ساتھ نہایت خوش گوار تعلقات ہیں اور وہ اس کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر بھی ہے، جب کہ دوسرا نمبر امریکا کا ہے، تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ ڈی سلوا کے لیے یہ اہم ہوگا کہ وہ امریکا اور چین کے ساتھ بیک وقت تعلقات قائم رکھتے ہوئے توازن برقرار رکھیں، جب کہ ٹرمپ کے ٹیرفس کا معاملہ بھی اُن کے سَر پر تلوارکی مانند لٹکتا رہے گا۔
دوسری جانب داخلی طور پراُنہیں ایک ایسی پارلیمنٹ کا سامنا ہوگا، جس کی اکثریت اُن کے خلاف ہے، اس لیے گزشتہ دَورِ صدارت کی طرح اس مرتبہ بھی قانون سازی ان کے لیےدردِ سَر بنی رہے گی۔ یوں تولاطینی امریکا میں لیفٹ سینٹر کی سیاست کو اہمیت حاصل رہی ہے، لیکن گزشتہ کئی برسوں سےدائیں بازو سےوابستہ جماعتوں نے بھی خطّے کے مختلف ممالک میں اہم کام یابیاں حاصل کی ہیں۔
اپنے رقبے، آبادی اور معیشت کے اعتبار سے برازیل کو لیفٹ سینٹر کے نظریات کے حامل ممالک کا لیڈر کہا جا سکتا ہے، لیکن امریکا میں ٹرمپ کے آنے کے بعد سے اُس کی مشکلات خاصی بڑھ گئی ہیں۔ اس وقت کوئی بھی مُلک امریکا سے تعلقات بگاڑنا برداشت نہیں کرسکتا، کیوں کہ اس سے مُلکی معیشت پر براہِ راست اثرات مرتّب ہوتے ہیں۔ یوں بھی ٹرمپ، دباؤ ڈالنے کے لیے اپنی ٹیرف پالیسی بڑی مہارت سےاستعمال کرتے ہیں۔ ڈی سلوا کو اس معاملے سے نمٹنے کے لیے پُھونک پُھونک کر قدم رکھنا پڑے گا کہ اس ضمن میں اُن کے سامنے وینزویلا کی مثال موجود ہے۔
برازیل کوعالمی ماحولیات میں بھی مرکزی اہمیت حاصل ہے۔ مشہورِ زمانہ ایمیزون جنگلات پورے جنوبی امریکا میں پھیلے ہوئے ہیں اور ان کی سب سے زیادہ تعداد برازیل میں میں ہے۔ ان جنگلات کا محفوظ رہنا عالمی ماحولیات پر مثبت اثرات مرتّب کرتا ہے۔ ابھی تک ڈی سلوا کی پالیسی یہ رہی ہے کہ وہ ایمیزون جنگلات کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہیں، جس سے عالمی ماحول کا توازن بگڑنے کے خطرات کم ہوئے ہیں اور مذکورہ پالیسی کا برقرار رہنا پوری دُنیا کے لیے ضروری ہے۔
اس کے علاوہ برازیل کی زرعی برآمدات بھی خطّے اور دُنیا کے لیے اہمیت رکھتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق برازیل میں نایاب معدنیات کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے اور اس کے بھی عالمی سیاست میں خاصے اثرات ہیں اور ہر بڑی یا چھوٹی طاقت کی خواہش ہے کہ اسے ان تک رسائی حاصل ہو، جب کہ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ نایاب معدنیات کے اعتبار سے بھی امریکا دُنیا کی قیادت کرے اور اس ضمن میں بھی ڈی سلوا کو ٹرمپ کی طرف سے دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب یورپ میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ، جو موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ ہی شروع ہوا تھا، اب پھیلتا جارہا ہے۔ اسپین، اٹلی، پُرتگال، بلجیئم اور البانیا جیسے اہم ممالک میں شہری مظاہرے کررہے ہیں۔ ان میں سےکئی مظاہرے پُر تشدّد رنگ اختیار کرگئے، تو بعض ممالک میں یہ پُرامن رہے۔ ان مظاہروں کا پس منظر بڑھتی ہوئی منہگائی ہے۔
اب یورپی شہریوں کے لیے بھی اپنی زندگی کی بنیادی ضرویات پوری کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ویاں اشیائے خورونوش روز بہ روز منہگی ہوتی جا رہی ہیں اور تن خواہ یا آمدنی کا بڑا حصّہ اسی مَد میں خرچ ہو جاتا ہے۔ بجلی کے بڑھتے بِلز اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں نے لوگوں کی قوّتِ خرید بُری طرح متاثر کی ہے۔
کینیڈا، اسپین اور پُرتگال جیسے ممالک میں مکانات کےکرائے ناقابلِ برداشت حد تک بڑھ گئے ہیں۔ نوجوان اور کم آمدنی والے افراد حکومت سے ریلیف کا مطالبہ کررہے ہیں، جب کہ تعلیم اور یوٹیلیٹی سروسز منہگی سے منہگی تر ہوتی جارہی ہیں۔ یورپی عوام کے بعض طبقات کا کہنا ہے کہ ان کی موجودہ تن خواہیں اور پینشن بڑھتی منہگائی کا مقابلہ کرنےمیں ناکام ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہےکہ حکومت ان معاملات پر جلد اور بھرپور توجّہ دے۔ اس کے علاوہ کرپشن کے سبب بھی لوگ ناخوش ہیں۔
ان مظاہروں کے اثرات نہ صرف اُن ممالک پر پڑرہے ہیں بلکہ پورے یورپ اورعالمی طور پر بھی محسوس کیے جارہے ہیں۔ ہڑتالوں، تالا بندیوں، جلاؤ گھیراؤ اور آئے روز مظاہروں سے نہ صرف عام زندگی پر اثرات مرتّب ہو رہے ہیں بلکہ اس عمل نے نظامِ حکومت کے لیے بھی غیرمعمولی مشکلات پیدا کردی ہیں۔ دوسری جانب اس سے علاقائی مارکیٹس اور قیمتوں کے ساتھ عالمی معاشی نظام پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ یہاں تک کہ ان بڑھتے مظاہروں سے یورپی یونین کو ایک سیاسی اکائی کےطور پرخطرہ لاحق ہوگیا ہے۔
وقت گزرنے کے ساتھ نہ صرف ان احتجاجی مظاہروں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ یہ پُرتشدّد بھی ہوتےجا رہے ہیں اور یہ یورپی حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ اس موقعے پر ایک اہم ترین سوال یہ بھی ہے کہ کیا دوسری عالمی جنگ کے بعد کا معاشی نظام، آج کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتا ہے یا پھر اس میں تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔