اِن دِنوں فرانس ایک مرتبہ پھر شدید احتجاجی مظاہروں اور ہنگاموں کی لپیٹ میں ہے۔ یہ پُرتشدّد ہنگامے اسکولز کے طلبہ کے بہتر سہولتوں کے لیے کیے گئے احتجاج کے نتیجے میں شروع ہوئے۔ احتجاجی مظاہروں کا آغاز دارالحکومت، پیرس سے ہوا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ پورے مُلک میں پھیل گئے۔
اطلاعات کے مطابق مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو تقریباً ہر جگہ لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کرنا پڑا، لیکن اس کے باوجود ان کی شدّت بڑھتی گئی اور سرکاری دفاتر و نجی عمارتیں مظاہرین کے غم و غُصّے کا ہدف بنیں، جن میں نہ صرف لُوٹ مار کی گئی بلکہ انہیں نذرِ آتش بھی کیا گیا۔
فرانسیسی حکومت کے مطابق ان ہنگاموں کے دوران مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے نتیجے میں اب تک ایک ہزار سے زیادہ پولیس افسران زخمی ہوچُکے ہیں، جب کہ ہزاروں مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فرانسیسی صدر، ایمانوئیل میکروں نے ٹیلی ویژن پر قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’احتجاج کا حق اپنی جگہ لیکن ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ اور پُرتشدّد واقعات میں ملوث افراد کو سزا ضرور ملے گی۔
عام شہری کی پُرامن زندگی کو سب پر فوقیت حاصل ہے اور کسی کو اُسے تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘ اُدھر فرانسیسی وزیرِ اعظم، سیباستین لیکورنو کی حکومت شدید دباؤ میں ہے۔ یاد رہے، گزشتہ ساڑھے چارسال کےدوران فرانس میں پانچ وزرائے اعظم تبدیل ہوچُکے ہیں۔ یعنی وہاں سیاسی صُورتِ حال زیادہ مستحکم نہیں ہے۔ فرانس میں صدارتی طرزِحکومت ہونے کے سبب صدر کا حُکم سب پر فوقیت رکھتا ہے۔
عینی شاہدین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ اتوار کے روز ہونے والے ہنگامے فرانس کی حالیہ تاریخ کےسب سےوسیع اورشدید ہنگامے تھے اور ایسا لگتا تھا کہ مظاہرین کا غُصّہ کسی طور بھی ٹھنڈا نہیں ہوگا۔ گو کہ فرانس کا شمار یورپ کے بڑے اور مضبوط و مستحکم ممالک میں ہوتا ہے لیکن وہاں معاشرتی تقسیم غیر معمولی حدتک بڑھ چُکی ہے اور یہی تقسیم بار بار ہنگاموں اور احتجاج کی شکل میں سامنے آتی ہے اور اب یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ فرانس اس وقت دو راہے پر ہے۔
فرانس کو ’’یورپ کا دِل‘‘ کہا جاتا ہے اور اسے برِاعظم کی تہذیب، شناخت اورمعیارِزندگی کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔ فرانسیسی دارالحکومت، پیرس کا شمار دُنیا کے مثالی شہروں میں ہوتا ہے اور صدیوں سے’’پیرس یاترا‘‘ کو باعثِ فخر بھی گردانا جاتا ہے۔ فرانس کی آبادی تقریباً 6 کروڑ ہے اور یورپ کے اہم ممالک جرمنی، سوئٹزر لینڈ، اسپین اور اٹلی کی سرحدیں اس سے ملتی ہیں۔
فرانس کو ’’سیاسی تحاریک کی ماں‘‘ بھی قرار دیا جاتا ہے، کیوں کہ درحقیقت جدید دُنیا میں ’’انقلابِ فرانس‘‘ ہی نے انسانی آزادی کی رُوح پُھونکی اور اس انقلاب ہی کو آزادیٔ اظہارِ رائے سمیت دیگر بنیادی انسانی حقوق کا نکتۂ آغاز تصوّر کیا جاتا ہے، نیز، جب رواں صدی کے آغاز میں ’’عرب اسپرنگ‘‘ نے مشرقِ وسطیٰ اور افریقا میں زور پکڑا اور دہائیوں سے برسرِ اقتدار حُکم رانوں کا دَور حکومت ختم ہوا، تو ہر ایک نے اس لہر کو ’’انقلابِ فرانس‘‘ کی دوسری قسط قرار دیا۔
تاہم، عرب اسپرنگ مختلف وجوہ کی بنا پر مکمل طور پرکام یاب نہ ہو سکی اور چند حُکم رانوں کےتختے اُلٹنے کے بعد دَم توڑ گئی، جب کہ اس کے برعکس انقلابِ فرانس نے نہ صرف فرانس بلکہ یورپ اور پِھر پوری دُنیا میں انسانی وقار اورعزّت کو نئی بلندیوں سے رُوشناس کروایا۔ اسی طرح اگر فرانس میں نپولین جیسا فاتح پیدا ہوا، تو اسی سرزمین پر سارتر، پکاسو اور ایریئل ڈوراں جیسے فلسفی، آرٹسٹ اور تاریخ داں بھی پیدا ہوئے، جنہوں نے اپنے فن اور خیالات سے وہ دُنیا تخلیق کی کہ جسے آج ہم ’’ماڈرن ورلڈ‘‘ کہتے ہیں۔
علاوہ ازیں، فرانس نے یورپ کی بڑی جنگوں میں بھی بھرپو حصّہ لیا اور جرمنی اور فرانس کی ایک سوسالہ جنگ ،تاریخ کا حصّہ ہے۔ گو کہ آج یہ دونوں ممالک یورپ کے اتحاد کی علامت بنے ہوئے ہیں۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران ہٹلر نے فرانس پر حملہ کر کے قبضہ کرلیا، تو اس نے اپنے فاتح جرنیل سے پوچھا کہ ’’کیا پیرس جل رہا ہے؟‘‘ جو بعد ازاں ایک یادگارجملہ بن گیا۔ یعنی ہٹلر پیرس کو ہمیشہ کے لیے صفحۂ ہستی سے مٹانا اور اس کا تہذیبی وَرثہ ختم کرنا چاہتا تھا۔
بہرکیف، پیرس بھی بچ گیا اور فرانس بھی آزاد ہوگیا۔ فرانس نے نوآبادیاتی نظام میں بھی بنیادی کردار ادا کیا۔ ماضی میں وہ ایک سُپرپاور رہا اورتب اس کے اور برطانیہ کے درمیان محاذ آرائی رہتی تھی اور ہندوستان میں بھی مختلف مواقع پر فرانس اور برطانیہ کی افواج ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئیں، لیکن بعد ازاں ان دونوں نے بھی آپس میں اتحاد کرلیا اور مغربی دُنیا کی بڑی طاقت بن گئے۔
سلطنتِ عثمانیہ کی شکست سے لے کر نئے مشرقِ وسطیٰ کی تشکیل تک میں فرانس کا برطانیہ کے ساتھ مرکزی کردار رہا۔ تاہم، دوسری جنگِ عظیم نے فرانس کو بدل ڈالا اور وہ یورپ اور مغرب کا ایک پُرامن مُلک اور پیرس عالمی فیشن کا مرکز بن گیا۔ یہاں تک کہ فرانس اور برطانیہ میں اتنی قُربت پیدا ہوئی کہ دونوں ممالک کے درمیان سے گزرنے والی 11 میل وسیع آبی گزرگاہ کے، جسے چینل کہا جاتا ہے، نیچے سے سُرنگ بنا کر ریلوے کی مدد سے دونوں ممالک کو ملا دیا گیا۔
فرانس کی ہر تحریک کا اثر نہ صرف یورپ اور مغرب بلکہ پوری دُنیا پر مرتّب ہوتا ہے اور یہاں احتجاج اور ہنگامے ایک روایت کا درجہ رکھتے ہیں۔ اس لیے مقامی افراد انہیں کوئی سازش یا غیرمعمولی سرگرمی سمجھنے کی بجائے معمول کا حصّہ مانتے ہیں۔ تقریباً ہر سال ہی معاشرے کا کوئی نہ کوئی طبقہ سڑکوں پر حکومت کے خلاف احتجاج کرتا نظر آتا ہے۔
اس مرتبہ یہ احتجاجی مظاہرے اسکولز کے طلبہ نے شروع کیے لیکن بعدازاں مختلف ٹریڈ یونینز، دیگر طبقات اور اپوزیشن جماعتوں نے بھی ان میں شمولیت اختیار کرلی۔ دِل چسپ بات یہ ہے کہ احتجاجی مظاہروں میں انتہائی بائیں اور دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی جماعتوں نے بھرپور شرکت کی اور نظریات کے فرق کے باوجود دونوں نے صدارتی انتخابات قریب ہونے کے سبب اس موقعے سے بھرپور فائدہ اُٹھایا۔ یاد رہے، فرانس میں چھے ماہ بعد صدارتی انتخابات ہوں گے۔
فرانسیسی وزیرِ اعظم نے مظاہروں میں شدّت پیدا کرنے کا الزام انتہائی بائیں بازو کی جماعت پر لگایا ہے۔ دوسری جانب طلبہ کی شکایات کا تعلق اسکولز کی زبوں حالی، پڑھائی کے ناقص معیار، عمارتوں کی خستہ حالی اور فیس سمیت دیگر تعلیمی اخراجات سے ہے، جو اُن کے لیے برداشت کرنا ممکن نہیں رہا۔ طلبہ کا مطالبہ ہے کہ حکومت ان مسائل کے حل پر فوری توجّہ دے، جنہیں طویل عرصے سے نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
طلبہ اور اساتذہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک طویل عرصے سے اسکولز کی تعمیرو مرمّت اور دیگر بنیادی ضروریات پر توجّہ نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے اب وہ تعلیم و تعلّم کے قابل ہی نہیں رہے۔ اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس وقت اسکولز میں جدید تو کُجا، بنیادی سہولتیں تک دست یاب نہیں، جو فرانس جیسے ترقی یافتہ مُلک کے اعتبار سے ایک حیرت انگیز اَمر ہے۔ دوسری پیچیدگی آئے روز بڑھتی منہگائی نے پیدا کی اور اس میں یوکرین جنگ کا بڑا کردار ہے، کیوں کہ فرانس یوکرین کی بھرپور مالی مدد کر رہا ہے اور اِسی سبب اس پر اقتصادی دباؤ بڑھ رہا ہے۔
چوں کہ فرانس کا شمار ترقّی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے، لہٰذا اس کے شہریوں کا معیارِ زندگی خاصا بلند ہے اور منہگائی کی وجہ سے ان کے لیے اپنا معیارِ زندگی برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ اسکولز کے طلبہ کے احتجاج کی پُرتشدد مظاہروں میں تبدیلی نے فرانسیسی حکومت کو بھی حیران کردیا لیکن شاید سیاست اِسی کا نام ہے اور خاص طور پر ایک ایسے وقت میں کہ جب اقتدار ختم ہونے کا وقت قریب ہو۔
پُرتشدّد مظاہروں کے بعد پیرس کے اُن مرکزی حصّوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا، جہاں مظاہرین جمع ہو کر مارچ کیا کرتے تھے جب کہ شہر کے باقی حصّوں میں بغیر اجازت اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ یہ اُس پیرس کے لیے ایک غیر معمولی بات ہے کہ جو آزادیٔ اظہارِ رائے کے لیے مشہور ہے۔ فرانس نے ہمیشہ دُنیا بَھر میں احتجاج روکنے والوں پر تنقید اور پابندیاں عائد کی ہیں۔ اسی لیےناقدین کا کہنا ہے کہ آزادیٔ اظہارِ رائے اور احتجاج کا حق اپنی جگہ لیکن اس کی بھی ایک حد ہونی چاہیے اور پھر ہر مُلک کے حالات بھی دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔
اگر مظاہرین احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ ہی کو اپنا وتیرہ بنا کر حکومتوں کو مفلوج کردیں اور دارالحکومت، جو کسی بھی مُلک کی وحدت وعظمت کی علامت ہوتا ہے، پُرتشدّد حملوں کی زد میں آجائے، تو آخرکار ریاست کو عام شہری کی پُرامن زندگی کی خاطر سخت اقدامات کرنے ہی پڑتے ہیں۔ یاد رہے، مادر پِدر آزادی سے متعلق ٹاک شوز اور اخباری کالمز میں تبصرے تو بہت اچّھے لگتے ہیں لیکن حقیقی زندگی میں اس کا مطلب جانی و مالی نقصان ہے۔
اِسی طرح بات چیت سے مسائل کا حل تلاش کرنے کا درس اور حقیقت میں اس قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنا دو الگ چیزیں ہیں۔ اگر کوئی فریق مَرنے مارنے کے علاوہ کسی بات پر آمادہ ہی نہ ہو، تو اُسے مذاکرات کی میز تک کیسے لایا جا سکتا ہے۔ یہ کام تو بڑے بڑے سیاست دان بھی نہیں کر پائے۔ پیرس اور فرانس کے دیگر شہروں میں بھی ایسا ہی ہوا۔ ہنگاموں کی شدّت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بہت عرصے بعد فرانس کے کئی شہروں میں رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا، جب ک مارسلیز اور بورڈیکس جیسے بڑے شہروں میں اجتماعات اور چار سے زیادہ افراد ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی۔
فرانسیسی وزیرِ داخلہ نے ہنگاموں پر قابو نہ پا سکنے کی ذمّے داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ پیش کیا لیکن وزیرِ اعظم نے اُسے مسترد کردیا۔ دوسری جانب پولیس کی ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کی حکمتِ عملی پر بھی سوالات اُٹھائے گئے۔ فرانس میں احتجاج اور ہنگاموں کی حالیہ لہر سے متعلق دو سوالات خاصے اہم ہیں۔ پہلا یہ کہ احتجاجی مظاہرے اتنی جلدی پُرتشدّد کیسے ہو گئے اور دوسرا یہ کہ یہ اتنے وسیع پیمانے پر شہر شہر اور گاؤں گاؤں کیسے پھیل گئے، جب کہ مسئلہ صرف اسکولز میں بنیادی تعلیمی سہولتوں کا فقدان تھا اور اسے انتظامی طور پر بہ حُسن و خوبی نمٹایا جا سکتا تھا۔
ابتدا میں احتجاجی مظاہروں کے دوران 2500 افراد گرفتار ہوئے لیکن بعد میں ان کی تعداد بڑھ گئی۔ اسی طرح مظاہرین کے پتھراؤ سے ایک ہزار سے زائد پولیس اہل کار زخمی ہوئے، جب کہ ہنگاموں کی وجہ سے فرانس میں کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئیں اور حکومت کو اس مقصد کے لیے خصوصی فنڈز جاری کرنا پڑے۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ فرانس کو معاشی طور پر مفلوج کرنے کی کوشش ہے اور معاشی بحالی کے لیے فرانس کو ایک طویل عرصہ درکار ہوگا۔
فرانس کی معیشت ایک طویل عرصے سے دباؤ کا شکار ہے۔ اس کے قرضے جی ڈی کے برابر پہنچ چُکے ہیں۔ صدر میکروں جب پہلی مرتبہ منتخب ہو کر آئے تھے، تو اُس سے پہلے تک فرانس میں روایتی سیاسی جماعتیں دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے حکومت کرتی چلی آرہی تھیں۔ میکروں نےمعیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور لوگوں کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے اپنے منشور کے ذریعے روایتی جماعتوں کو شکست دے کر اقتدار سنبھالا تھا اور اب یہ اُن کا تیسرا دَورِ صدارت ہے۔
میکروں جب صدارت کے عُہدے پر فائز ہوئے تھے، تو بالخصوص نوجوان خاصے پُرجوش تھے کہ وہ فرانس میں معاشی تبدیلی لانے میں کام یاب ہو جائیں گے اور پھر نوجوان ہونے کے باعث عوام نے اُن سے بڑی بڑی توقّعات وابستہ کر لیں لیکن مسلسل تین مرتبہ صدر منتخب ہونے کے باوجود بھی میکروں اپنے معاشی اقدامات سے لوگوں کومطمئن نہ کرپائے اور ہر سال معاشرے کے مختلف طبقات اپنے اپنے مطالبات لیے اسی طرح حکومت کے خلاف مظاہرے کرتے رہے۔ مثال کے طور پر کچھ عرصہ قبل کسانوں نے شدید احتجاج کیا اور حکومت انہیں بمشکل ہی مطمئن کر پائی۔
یاد رہے، ویسے تو پورے مغرب ہی میں ٹریڈ یونینز کو نظام کا اہم حصّہ سمجھا جاتا ہے، لیکن فرانس میں مزدور اور دیگر یونینز نہ صرف بہت مضبوط ہیں بلکہ فعال کردار بھی ادا کرتی ہیں اور حکومت ان کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرتی ہے، کیوں کہ وہ انہیں سیاسی جماعتوں کی نرسری قرار دیتی ہے اور دوسری جانب اس عمل سے چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو بھی تقویّت ملتی ہے، نیز نچلے اور مزدور طبقے کے حقوق کی پاس داری بھی ہوتی ہے۔ اس عمل کی بنیاد انقلابِ فرانس ہے، جو کہ معاشرے کےپِسے ہوئے طبقات ہی کی وجہ سے کام یاب ہو سکا۔
گوکہ حالیہ احتجاجی مظاہرے اسکولز کے طلبہ کی یونین کی طرف سے شروع کیے گئے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اس میں دیگر یونینز بھی شامل ہوتی گئیں۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ مظاہرے پُرامن تھے اور عام طریقوں سے اُن پر قابو پایا گیا تھا لیکن گزشتہ اتوار کومظاہرین میں سیاہ نقاب پوش افراد بڑی تعداد میں شامل ہوگئے اور پھر احتجاج پُرتشدد ہوگیا اور اسی کے ساتھ ہی جلاؤ گھیراؤ، لُوٹ مار اور توڑ پھوڑ بھی شروع ہوگئی۔
مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ نے، جو محض مزاحمت کے لیے تھا، اتنی شدّت اختیار کی کہ اس کی وجہ سے ایک ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہل کار زخمی ہوگئے۔ فرانسیسی وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج قبول ہے اور اس کی اجازت بھی دی گئی ہے لیکن جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، عام آدمی کے نقصانات اور سرکاری املاک کی تباہی کی سزا بہرحال ضرور ملے گی، چاہے اس میں کوئی بھی ملوّث ہو۔
فرانس میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں اپوزیشن جماعتوں نے بھی شرکت کی۔ بالخصوص قوم پرست جماعت، نیشنل ریلی نے بھرپور حصّہ لیا۔ واضح رہے، نیشنل ریلی نہ صرف قومی سطح پر کام یابیاں حاصل کر رہی ہے بلکہ یورپی یونین میں بھی فرانس کی نمائندگی کے لیے اس کےرُکن منتخب ہوئے ہیں۔ مذکورہ قوم پرست جماعت کی، جس کی پہچان تارکینِ وطن کی مخالفت ہے، رہنما لی پین اہم صدارتی امیدوار کے طور پر سامنے آرہی ہیں۔
دوسری جانب فرانسیسی معاشرے میں بائیں اور دائیں بازو کی تقسیم اب خاصی گہری ہوچُکی ہے اور تارکینِ وطن مخالف جماعت اب فرانس کی مقبول ترین سیاسی جماعتوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس کا دباؤ اتنا بڑھ چُکا ہے کہ میکروں کی حُکم راں پارٹی کو کئی ایسے اقدامات کرنے پڑے کہ جن کا 20 برس قبل تک اس لبرل معاشرے میں تصوّر بھی ممکن نہ تھا۔ فرانس کی سرحدوں پر واقع اہم یورپی ممالک، جرمنی اور اٹلی میں بھی قوم پرست تارکینِ وطن مخالف جماعتیں زور پکڑ رہی ہیں، جب کہ اٹلی میں تو حکومت بھی ایک ایسی ہی پارٹی کے پاس ہے۔
یاد رہے، اٹلی ہی میں وہ روم واقع ہے کہ جو مغربی تہذیب و عیسائیت کا گہوارہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قوم پرست جماعتوں کی احتجاجی مظاہروں میں فعال شرکت کو نقّاد سیاسی نقطۂ نظر سے خاصی اہمیت دے رہے ہیں۔ فرانس کے صدارتی انتخابات میں چھے ماہ باقی ہیں۔ بہت سے تجزیہ کاروں اور ناقدین کا خیال ہے کہ یہ احتجاجی مظاہرے اوران میں قوم پرستوں اور دوسری سیاسی جماعتوں کی فعال شرکت حکومت کو آزمانے کی ریہرسل ہے۔