• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزلیات: ہم بھی غم آشنا، تُم بھی غم آشنا ...

خیام الپاک ظفر محمّد خان ظفر

ہم بھی غم آشنا، تُم بھی غم آشنا

اس حوالے سے ”ہم تُم“ بہم آشنا

آج پھر سامنے تیری تصویر ہے

آج پھر ابرِ غم ہے کرم آشنا

اب بھی پاؤں میں زنجیر ہے پیار کی

اب بھی چاہت ہے دل پر رقم، آشنا

اب بھی آنکھوں میں پِھرتی ہے صُورت تری

اب بھی آنکھیں بہارِ ارم آشنا

اے ستارو! سلگتے ہو کیوں رات بھر؟

تم بھی کیا ہوگئے، میرے غم آشنا

ہم سے پوچھو محبت کی دھڑکن ہے کیا؟

ہے زمانہ محبّت سے کم آشنا

سوزِ دل، شامِ غم، چشمِ نم، یادِ یار

سب کے سب ہیں مِرے محترم آشنا

کون دستک درِ دل پہ دے گا ظفرؔ

ہم سے غم آشنا، غم سے ہم آشنا

٭ ٭ ٭

جبیں نازاں، لکشمی نگر، نئی دہلی، بھارت

اتنا بکھری ہوں کہ یک جا نہیں ہونے والی

خاک میں مل کے ستارا نہیں ہونے والی

سب لیے پِھرتے ہیں جب اپنے خدا، اپنے صنم

اِک جگہ قوم اکٹھا نہیں ہونے والی

گرچہ قطرہ ہوں، مگر رکھتی ہوں پہچان الگ

اُس سے مل کر کبھی دریا نہیں ہونے والی

بزم یادوں کی سجا لیتے ہیں آزردہ لوگ

میری حسرت کبھی تنہا نہیں ہونے والی

خوب معلوم ہے اوقات بھنور کی نازاںؔ

میری کشتی بھی کنارا نہیں ہونے والی

٭ ٭ ٭

نور امروہوی

عداوتوں کا مزہ، تِیر سے نہیں آیا

تمہارے ہاتھ کی شمشیر سے نہیں آیا

میں اُس کو لفظ کی سوغات سونپ آیا تھا

کوئی جواب بھی تصویر سے نہیں آیا

یہ حوصلہ مرے اندر کا پتھروں والا

کسی مزار کی تعمیر سے نہیں آیا

ترے لبوں سے ملا ہے سلیقۂ اظہار

یہ لہجہ ’’میر تقی میر‘‘ سے نہیں آیا

مَیں شہر چھوڑنے والا تھا، اُس کی یادوں کا

پر اب کی بار، وہ تاخیر سے نہیں آیا

مَیں کب سے عدل کی زنجیر تھامے بیٹھا ہوں

جواب، تختِ جہانگیر سے نہیں آیا

یہ روشنی کا اثاثہ، جو میرے اندر ہے

کسی مرید، کسی پِیر سے نہیں آیا

جو اپنے ہاتھ کی محنت میں ہے مزہ، اے نورؔ

وہ لُطف، باپ کی جاگیر سے نہیں آیا

سنڈے میگزین سے مزید