وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے آبادگار ڈی اے پی سبسڈی حاصل کرسکیں گے۔
کراچی میں ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہاریوں کو کاشت کے وقت مالی مدد اور فصل فروخت کرنے پر اضافی معاوضہ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہاری کی وجہ سے ہماری صنعتیں چلتی ہیں۔ کاشتکاروں کے لیے ہاری کارڈ متعارف کروایا ہے۔ سندھ حکومت نے ہمیشہ ہاریوں کو سپورٹ کیا۔ کسانوں کو سپورٹ کرنے سے خوراک کی کمی پوری ہوگی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے زراعت تباہ ہوئی۔ کپاس پیدا کرنے سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ انتظامی تاخیر سے کسی بھی اہل ہاری کو امداد سے محروم نہیں رہنے دیا جائے۔ ہاریوں کو حکومتی مدد اسی وقت ملنی چاہیے جب انہیں زیادہ ضرورت ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ زمین کی تیاری اور فصل کی کاشت کے مرحلے پر ہاریوں کی مالی معاونت ضروری ہے۔ سندھ حکومت نے زرعی مداخل کی بڑھتی قیمتوں میں کمی کےلیےسپورٹ پروگرام مزید مؤثر بنایا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈی اے پی سبسڈی سے چھوٹے ہاریوں پر کھاد اور کاشت کے اخراجات کا بوجھ کم ہوگا۔ اہل ہاریوں کو تصدیق شدہ گندم کے زیرِ کاشت رقبے کے مطابق فی ایکڑ 4 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ محکمہ خوراک کو گندم دینے والے آبادگاروں کو فی من 2 ہزار روپے اضافی معاوضہ ملے گا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کاشت کے وقت ہاریوں کی مدد اور پیداوار کی فراہمی پر اضافی معاوضہ دیتی ہے۔ پروگرام کا مقصد گندم کی پیداوار میں اضافہ اور غذائی تحفظ کو مضبوط بناناہے۔ چھوٹے آبادگاروں کو براہِ راست اور شفاف مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت اور ضلعی انتظامیہ امدادی پروگرام پر بروقت عمل درآمد یقینی بنائیں۔ زرعی شعبے سے وابستہ محنت کشوں کےلیے مزید مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بےنظیر ہاری کارڈ کے ذریعے آباد گاروں کو 41 ارب 84 کروڑ روپے منتقل کیے گئے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ سال گندم کی کاشت اور پیداوار میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سندھ میں گندم کی کاشت کے رقبے میں 25.7 فیصد اضافہ ہوا۔ صوبے نے گزشتہ 5 سال کے دوران گندم کی بہترین فصل حاصل کی۔