سرد موسم میں زیادہ بھوک لگنا اور بار بار کچھ کھانے کو دل چاہنا عام بات ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ صرف سردی نہیں بلکہ جسمانی تبدیلیاں، نیند کے معمولات اور روزمرہ سرگرمیوں میں کمی بھی ہے۔
ماہرین کے مطابق جسم کو گرم رکھنے کے لیے سرد موسم میں زیادہ توانائی درکار ہوتی ہے، اس دوران جسم کپکپی کے ذریعے اور بھورے چربی کے خلیات کی مدد سے حرارت پیدا کرتا ہے جس سے توانائی خرچ ہوتی ہے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سردی میں جسم کی توانائی خرچ کرنے کی شرح بڑھ سکتی ہے تاہم اس کا انحصار سردی کی شدت اور اس میں گزارے گئے وقت پر ہوتا ہے۔
ایک تحقیق میں ہلکی سردی کے دوران توانائی کے استعمال میں اضافہ تو دیکھا گیا لیکن شرکاء کی بھوک یا خوراک کی مقدار میں نمایاں فرق نہیں آیا۔
سردیوں میں گرم اور زیادہ کیلوریز والی غذائیں کھانے کا رجحان بڑھ جاتا ہے، گاجر کا حلوہ، خشک میوہ جات، سوپ، یخنی، پنجیری، پینیاں، پراٹھے، تلی ہوئی مچھلی، ابلے ہوئے انڈے وغیرہ اس موسم کی پسندیدہ غذاؤں میں شامل ہیں۔
گھی، مکھن، چینی اور تیل سے تیار ہونے والی غذائیں روزانہ زیادہ مقدار میں کھانے سے جسم میں اضافی کیلوریز جمع ہو جاتی ہیں، کبھی کبھار پسندیدہ غذاء کھانے سے عموماً وزن پر خاص فرق نہیں پڑتا تاہم کئی ہفتوں تک یہی معمول برقرار رہنے سے وزن بڑھ سکتا ہے۔
سردیوں میں دن چھوٹے ہونے سے نیند کے معمولات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق نیند پوری نہ ہونے سے بھوک کو کنٹرول کرنے والے ہارمونز، خصوصاً غریلن اور لیپٹن (ghrelin and leptin) میں تبدیلی آ سکتی ہے جس سے کھانے کی خواہش بڑھ جاتی ہے۔
رات دیر تک جاگنا، کھانے میں بے قاعدگی اور بار بار کچھ کھانے کی عادت بھی بھوک میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ سردیوں میں پسندیدہ غذائیں مکمل طور پر ترک کرنے کے بجائے متوازن خوراک اختیار کی جائے، دالیں، انڈے، پنیر، سبزیاں، ثابت اناج اور پھلیاں پروٹین اور فائبر فراہم کرتی ہیں جس سے دیر تک پیٹ بھرا رہتا ہے۔
اس کے علاوہ روزانہ چہل قدمی، گھر میں ورزش، کھنچاؤ کی مشقیں (Stretching) اور وقفے وقفے سے جسمانی حرکت کو معمول بنانا چاہیے، مناسب نیند بھی وزن اور بھوک کو قابو میں رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق سردیوں میں بھوک بڑھنا لازمی طور پر کسی مسئلے کی علامت نہیں تاہم خوراک، نیند اور جسمانی سرگرمیوں میں توازن برقرار رکھ کر غیر ضروری وزن بڑھنے سے بچا جا سکتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔