بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی حالیہ منظرِ عام پر آنے والی ویڈیو نے مداحوں کو ان کی صحت کے حوالے سے تشویش میں مبتلا کر دیا۔
60 سالہ سلمان خان حال ہی میں سیاہ شرٹ، گہرے سرمئی پینٹ اور گہرے سبز چشمے میں نظر آئے، اس موقع پر وہ فوٹوگرافروں کے سامنے پوز دیتے ہوئے تر و تازہ دکھائی دیے، تاہم ان کے دائیں ہاتھ پر موجود نیل اور نشانات نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
اداکار کے ہاتھ پر موجود نشانات بظاہر ڈرپ لگنے کے بعد پڑنے والے نشانات سے مشابہ تھے، جس کے بعد ان کی صحت سے متعلق نئی قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
سلمان خان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے ان کی خیریت کے حوالے سے سوالات اٹھائے ہیں اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ سلمان خان کی صحت موضوعِ بحث بنی ہو، گزشتہ چند ماہ کے دوران بھی ان کی صحت سے متعلق مختلف خبریں اور قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔
رواں سال جولائی میں سلمان خان نے سوشل میڈیا پر اپنی متعدد تصاویر شیئر کی تھیں، جن کے ساتھ مبہم پیغامات بھی درج تھے، بعد ازاں صحت سے متعلق افواہوں کے دوران انہوں نے ریئلٹی شو ’بگ باس 20‘ میں بغیر شرٹ کے سامنے آ کر اپنی جسمانی فٹنس کا مظاہرہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ ستمبر 2025ء میں سلمان خان نے انکشاف کیا تھا کہ وہ صحت کے کچھ سنگین مسائل سے دو چار ہیں۔
اپنی بیماریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے بتایا تھا کہ مجھے ٹرائی جیمینل نیورالجیا نامی مرض لاحق تھا، جس کا اس وقت علاج کر لیا گیا تھا، تاہم اب وہ دماغی شریان کے ابھار (برین اینیورزم) اور شریانوں کی غیر معمولی ساخت (اے وی ایم) کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔
سلمان خان کے مطابق مجھے ان طبی مسائل کے ساتھ زندگی گزارنی ہو گی، اداکار نے علاج کے لیے امریکا میں گاما نائف سرجری بھی کروائی تھی۔