فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب نوجوانوں کو مختلف پیشہ وارانہ فنون میں ہنر مند بنانے کے لئے وسیع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔اس سلسلے میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے نجی شعبے کی بھی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔یہ بات چیئرپرسن پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن صائمہ جاوید نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن مسٹر سٹیفن کے ہمراہ نجی ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کےدورہ کے دوران زیر تربیت طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ نجی ادارے کا فلاحی پروگرام بیروزگاری کے مسئلے پر قابو پانے اور قومی ترقی کے عمل میں حکومت کا بوجھ بانٹ رہا ہے۔ وسائل یافتہ افراد کو معاشرتی خدمت کے ایسے منصوبوں کی بھرپور تقلید کرنی چاہئے ۔اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن مسٹر سٹیفن نے کہا کہ علم وہنر ترقی کازینہ ہے جس کے فروغ سے خوشحالی لائی جاسکتی ہے جس کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ رضاکار اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔