• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان نسل اپنی زندگیوںمیں سیرت نبویﷺ کو نافذ کرے، پیر نیاز الحسن قادری

برمنگھم (ابرارمغل)نبی کریمؐ کی سیرت اور تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر نہ صرف عصرحاضر میں درپیش مختلف سماجی مسائل سے نمٹا جاسکتا ہے بلکہ اس سے انتہاپسندی اور دہشت گردی پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے نوجوان نسل نبی پاکـؐ کو اپنا رول ماڈل بناکر مغربی معاشرے میں اپنے کردار اور طرز عمل سے ثابت کریں اسلام امن اور محبت کا علمبردار ہے۔ میلاد مصطفیٰ کا حقیقی مقصد اسی صورت پورا ہوسکتا ہے جب عاشقان رسول اپنی عملی زندگیوں میں سیرت نبوی کو نافذ کریں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جامع مسجد حضرت سخی سلطان باہو میں سجادہ نشین دربار عالیہ سلطان باہو صاحبزادہ پیر نیازالحسن قادری کی صدارت میں منعقدہ سالانہ میلادمصطفیٰ ﷺسے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نبی کریم ؐکی ولادت سعادت کا جشن منانے کیلئے ہرسال جامع اسلامیہ حضرت سلطان باہو ٹرسٹ کے زیراہتمام 11اور13ربیع الاول کی درمیانی شب طویل ترین روحانی محفل منعقد ہوتی ہے۔ علامہ سید ظفراللہ شاہ کی نظامت میں ہونے والی اس تقریب سے نامور ثنا خوان مصطفیٰ الحاج قاری فصیح الدین سہروردی ، علامہ پیرزادہ مفتی منور عتیق، قاری امام صداقت حسین، علامہ میر عاصم، علامہ عبدالغفور چشتی، امام عاصم حسین، علامہ محمد ساجد یونس، حافظ محمد شوکت فاصل، شیخ علامہ تنویر حسین، علامہ محمد عامر، امام ہارون، شفیق اشرفی سمیت مختلف جید علماء ومشائخ نے بھی خطاب کیا۔ حضرت سلطان باہو ٹرسٹ کے ذیلی ادارے قرآن اکیڈمی کے طلباء نے قرآت اور نعت سے محفل کو رونق بخشی۔ صدر محفل صاحبزادہ پیر سلطان نیاز الحسن قادری نے والدین پر زور دیا کہ میلادمصطفیؐ کی تقاریب میں نوجوان نسل کی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ ان کے دلوں میں حقیقی معنوں میں عشق رسولؐ پیدا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد مصطفیٰؐ کا جشن منانا ہر مومن مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے ہمیں سیرت نبوی پر عمل کرنے کیلئے اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا۔ پیر فصیح الدین سہروردی نے کہا کہ نبی کریمؐ کی ولادت پر ایسی روحانی محافل کے انعقاد سے نوجوان نسل میں مذہبی ذوق پیدا ہورہا ہے نوجوان نسل کو نعت گوئی کے فن سے متعارف کرانے کیلئے والدین اور علماء کردار ادا کریں۔ علامہ سیدظفراللہ شاہ نے کہا کہ آج برطانیہ سمیت پوری دنیا میں عاشقان رسول آمد مصطفیٰ کا جشن منا کر ثابت کررہے ہیں کہ نبی کریم پوری انسانیت کیلئے رحمت اللعالمین بن کر آئے تھے آج ضرورت اس امر کی ہے کہ یورپ کے مسلمان نبی کریم کے اسوۂ حسنہ کو اپنا کر اس معاشرے کو پاک نبی کا ایک عکس دکھائے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ برطانیہ میں محفوظ مستقبل کیلئے نوجوان نسل کی تربیت اور اصلاح پر خصوصی توجہ دی جائے۔ نماز عشاء سے لیکر نماز فجر تک جاری رہنے والی اس پروقار روحانی محفل میں مختلف ثناہ خوانان مصطفی صاحبزادہ تنویر اقبال قادری، محمد قاسم صدیق چشتی گولڑوی، صوفی محمد نذیر نقشبندی، محمد ریحان قریشی، صاحبزادہ بلال نقشبندی اور دیگر نے نذرانہ عقیدت بحضور سرور کونین پیش کیا۔ خواتین کی بڑی تعداد باپردہ شریک تھی۔ اس روحانی محفل کی خاص بات یہ تھی کہ صبح صادق 4بجے موئے مبارک کی زیارت کرائی گئی۔ جبکہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اس محفل میں شریک رہی۔ اردو کیساتھ نوجوان نسل کیلئے انگلش میں بھی خطابات کئے گئے۔ نماز فجر کیساتھ یہ روحانی محفل اختتام پذیر ہوگئی۔
تازہ ترین